ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ وہ قرض لیا کرتی تھیں تو ان کے گھر والوں میں سے کسی نے ان سے کہا: آپ ایسا نہ کریں، اور ان کے ایسا کرنے کو اس نے ناپسند کیا، تو وہ بولیں: کیوں ایسا نہ کریں، میں نے اپنے نبی اور خلیل صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے سنا ہے: ”کوئی بھی مسلمان ایسا نہیں جو قرض لیتا ہو اور اللہ جانتا ہو کہ وہ اس کو ادا کرنا چاہتا ہے مگر اللہ اس کو دنیا ہی میں اس سے ادا کرا دے گا“۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب الصدقات/حدیث: 2408]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «سنن النسائی/البیوع 97 (4690)، (تحفة الأشراف: 18077) (صحیح)» (حدیث میں «فِي الدُّنْيَا» کا لفظ ثابت نہیں ہے، ملاحظہ ہو: تراجع الألبانی: رقم: 496)۔
وضاحت: ۱؎: یعنی اس کی ادائیگی کا راستہ پیدا کرے گا۔
قال الشيخ الألباني: صحيح دون قوله في الدنيا
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف إسناده ضعيف نسائي (4690) انوار الصحيفه، صفحه نمبر 465
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2408
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) ضرورت کے وقت قرض لینا جائزہے، تاہم اجتناب بہتر ہے۔
(2) قرض لیتے وقت یہ نیت ہونی چاہیے کہ اسے جلد ازجلد ادا کیا جائے گا۔
(3) ایسی نیت رکھنے والوں کی اللہ تعالی مدد فرماتا ہےاور وہ آسانی کے ساتھ قرض ادا کر دیتے ہیں بشرطیکہ وہ ادائیگی کےلیے مخلصانہ کوشش کریں اور اس میں کوتاہی نہ کریں۔
(4) اللہ تعالی کے ہاں حسن نیت کی بہت اہمیت ہے۔
(5) اگر کوئی شخص قرض ادا کرنے سے پہلے فوت ہو گیا تو وارثوں کا فرض ہے کہ قرض ادا کریں، اگر ادائیگی نہ کی گئی تو قیامت کونیکیوں کی صورت میں ادائیگی کرنی پڑے گی۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2408
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث4690
´قرض کے سلسلے میں نرمی برتنے کا بیان۔` عمران بن حذیفہ کہتے ہیں کہ ام المؤمنین میمونہ رضی اللہ عنہا قرض لیا کرتی تھیں اور کثرت سے لیا کرتی تھیں، تو ان کے گھر والوں نے اس سلسلے میں ان سے گفتگو کی اور ان کو برا بھلا کہا اور ان پر غصہ ہوئے تو وہ بولیں: میں قرض لینا نہیں چھوڑوں گی، میں نے اپنے خلیل اور محبوب صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا ہے: ”جو بھی کوئی قرض لیتا ہے اور اللہ کو معلوم ہوتا ہے کہ وہ قرض ادا کرنے کی فکر میں ہے تو اللہ تعالیٰ اس کا قرض دنیا میں ادا کر دیتا ہے۔“[سنن نسائي/كتاب البيوع/حدیث: 4690]
اردو حاشہ: ”ادا کر دے گا“ یعنی اسے ادائیگی کی توفیق عطا فرمائے گا یا اپنے کسی نیک بندے کے دل میں القا فرما دے گا کہ اس کی طرف سے قرض ادا کر دے۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 4690