سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں، جب نبی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم میت کو دفن کرنے سے فارغ ہوتے تو اس کے پاس کھڑے ہو کر فرماتے: ”اپنے بھائی کے لیے مغفرت طلب کرو، اس کے لیے (سوال و جواب کے موقع پر) ثابت قدمی کی درخواست کرو، کیونکہ اب اس سے سوال کیا جائے گا۔ “اس حدیث کو ابوداؤد نے روایت کیا ہے۔ [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ/حدیث: 133]
تخریج الحدیث: ´تحقيق و تخريج: محدث العصر حافظ زبير على زئي رحمه الله` «إسناده حسن، رواه أبو داود (3221) [و صححه الحاکم 1/ 37 ووافقه الذهبي .] »
حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 133
تحقیق الحدیث: اس حدیث کی سند حسن ہے۔ اسے حاکم اور ذہبی دونوں نے صحیح کہا ہے۔ [المستدرك وتلخيص المستدرك 1؍37] ◄ اس حدیث کی سند میں ابوسعید ہانیِ البربری (مولیٰ عثمان رضی اللہ عنہ) صدوق راوی ہیں۔ [تقریب التہذیب: 7266] ◄ دوسرے راوی عبداللہ بن بحیر بن ریسان ابووائل القاص الصنعانی جمہور محدثین کے نزیدیک موثق ہیں، لہٰذا حسن الحدیث ہیں۔ تفصیل کے لئے دیکھئے: [تهذيب الكمال 33/10] وغیرہ۔ فقہ الحدیث: ➊ میّت کے بعد قبر پر انفرادی اور اجتماعی دونوں طرح دعا کرنا صحیح ہے۔ ➋ قبر میں سوال جواب برحق ہے۔
علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 470
´میت سے قبر میں باز پرس ہوتی ہے` ”سیدنا عثمان رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کی تدفین سے فارغ ہو جاتے تو قبر پر کھڑے ہو جاتے اور فرماتے کہ ”اپنے بھائی کیلئے بخشش مانگو اور ثابت قدم رہنے کی دعا کرو کیونکہ اب اس سے بازپرس کی جائے گی۔“[بلوغ المرام /كتاب الجنائز/حدیث: 470]
فوائد و مسائل: ➊ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ میت سے قبر میں باز پرس ہوتی ہے۔ ➋ اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ مسنون یہ ہے کہ دفن کے بعد قبر پر میت کے لیے استغفار اور ثابت قدمی کی دعا کی جائے۔ ➌ قبر سے قبرستان سے چالیس قدم دُور آ کر دعا کرنے اور اس کے علاوہ دیگر رسمیں ادا کرنے والی بات بالکل غلط ہے۔ اس کا شریعت اسلامی میں قطعاً کوئی ثبوت نہیں ملتا۔
بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 470
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3221
´قبر سے واپسی کے وقت میت کے لیے استغفار کا بیان۔` عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کے دفن سے فارغ ہوتے تو وہاں کچھ دیر رکتے اور فرماتے: ”اپنے بھائی کی مغفرت کی دعا مانگو، اور اس کے لیے ثابت قدم رہنے کی دعا کرو، کیونکہ ابھی اس سے سوال کیا جائے گا۔“ ابوداؤد کہتے ہیں: بحیر سے بحیر بن ریسان مراد ہیں۔ [سنن ابي داود/كتاب الجنائز /حدیث: 3221]
فوائد ومسائل: 1۔ سنت ہے کہ دفن کے بعد واپس آتے ہوئے قبر پرمیت کےلئے استغفار اور ثابت قدمی کی دعا کی جائے۔ قبر سے یا قبرستان سے چالیس قدم دور آکر دعا کرنے والی اپج (اختراع) بالکل غلط ہے۔ 2۔ قبر میں میت کو زندہ کرکے بٹھا دیا جاتاہے۔ اور اس سے سوال وجواب ہوتاہے۔ تو یہ دعا اس میں ثابت قدمی کےلئے ہوتی ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3221
الشیخ مبشر احمد ربانی رحمہ الله، فوائد و مسائل، سنن ابوداود 3221
مرنے کے بعد میت کو کلمہ پڑھنے کی تلقین
سوال: کیا مرنے کے بعد میت کو کلمہ پڑھنے کی تلقین کرنا ثابت ہے؟ جواب: جب کوئی موحد مسلمان فوت ہو جائے تو اسے قبر میں دفن کرنے کے بعد اس کے حق میں حساب کی آسانی اور ثابت قدمی کے لیے دعا کرنا مسنون ہے۔ رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم اور آپ کے صحابہ کرام رضی اللہ عنہم کا یہی معمول تھا۔ جیسا کہ سیدنا عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ سے مروی روایت میں ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جب میت کی تدفین سے فارغ ہوتے تو کہتے: ”اپنے بھائی کے لیے بخشش کی دعا کرو اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرو کیونکہ اب اس سے سوال کیا جا رہا ہے۔“[أبوداؤد، كتاب الجنائز: باب الاستغفار عند القبر للميت فى وقت الانصراف 3221، مستدرك حاكم 370/1، بيهقي 56/4]
اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے مولانا شمس الحق عظیم آبادی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «في الحديث مشروعية الاستغفار للميت عند الفراغ من دفنه وسؤال التثبيت له لانه يسئل فى تلك الحال»[عون المعبود 209/3] ”اس حدیث سے میت کے لیے اس کے دفن سے فارغ ہوتے وقت بخشش کی دعا کرنے کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرنا بھی۔ اس لیے کہ اس سے اسی حالت میں سوال کیا جاتا ہے۔“
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ میت کو دفن کرنے کے بعد اس کے لیے اللہ تعالیٰ سے بخشش کی دعا کرنا مسنون ہے۔ اس کے علاوہ میت کو کلمہ شہادت اور سوال و جواب کی تلقین کرنا کسی صحیح حدیث سے ثابت نہیں۔
اسی حدیث کی شرح میں مولانا عبیداللہ رحمانی مبارکپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”اس حدیث میں میت کے دفن سے فارغ ہونے کے وقت دعا کی مشروعیت ثابت ہوتی ہے اور اس کے لیے ثابت قدمی کا سوال کرنا اور بلاشبہ زندوں کی دعا مردوں کو نفع دیتی ہے۔ اس حدیث میں دفن کے وقت تلقین کے بارے میں کوئی دلیل موجود نہیں جیسا کہ شافعیہ کے ہاں تلقین کی عادت ہے اور نہ کوئی مرفوع صحیح حدیث تلقین کے بارے میں موجود ہے اور ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے اس کے بارے میں جو روایت بیان کی گئی ہے وہ ضعیف اور ناقابلِ حجت ہے۔“[مرعاة المفاتيح 230/1]
امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”آپ صلی اللہ علیہ وسلم قبر کے پاس قرأت کے لیے نہیں بیٹھتے تھے اور نہ میت کو تلقین کرتے تھے جیسا کہ لوگ آج کرتے ہیں۔“[زاد المعاد 523/1]
اس ضمن میں ابوامامہ رضی اللہ عنہ سے جو مروی روایت پیش کی جاتی ہے وہ یہ ہے کہ
سعید بن عبداللہ الاودی نے کہا: ”میں ابوامامہ کے پاس حاضر ہوا، وہ حالتِ نزع میں تھے، انہوں نے فرمایا: ”جب میں مر جاؤں تو میرے ساتھ ایسا معاملہ کرنا جیسا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حکم دیا ہے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تمہارا کوئی بھائی مر جائے اور تم اس کی قبر پر مٹی برابر کر چکو تو تم میں سے کوئی ایک اس کی قبر کے سرہانے کھڑا ہو جائے، پھر کہے: ”اے فلاں ابن فلانی!“ وہ سن رہا ہوتا ہے لیکن جواب نہیں دیتا پھر کہے: ”اے فلاں ابن فلانی!“ تو وہ اٹھ کر برابر بیٹھ جاتا ہے، پھر کہے: ”اے فلاں ابن فلانی!“ تو وہ کہتا ہے: ”ہماری رہنمائی کرو، اللہ تیرے اوپر رحم کرے“ لیکن تم سمجھتے نہیں پھر کہے: ”وہ بات یاد کر جس پر تو دنیا سے گیا تھا یعنی ”لا الہ الا اللہ محمد رسول اللہ“ کی شہادت۔“ اور اسے کہا جائے: ”بے شک تو اللہ کے رب ہونے پر، اسلام کے دین ہونے پر، محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے نبی ہونے پر اور قرآن کے امام ہونے پر راضی تھا۔“ اس لیے کہ منکر و نکیر میں سے ہر ایک اس کا ہاتھ پکڑ کر کہتا ہے: ”آ میرے ساتھ چل، ہم اس کے پاس نہیں بیٹھیں گے۔ جسے اس کی دلیل وحجت و تلقین کی گئی تو پھر ان دونوں کے ماوراء اللہ تعالیٰ اس کا جج بن جاتا ہے۔“ ایک آدمی نے کہا: ”اے اللہ کے رسول! اگر اس کی ماں کو نہ جانتا ہو تو پھر؟“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اس کو حوا کی طرف منسوب کر کے کہے: ”اے فلاں ابن حوا۔“ اس روایت کو نقل کرنے کے بعد امام ہیثمی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”اسے طبرانی نے ”المعجم الکبیر“ میں روایت کیا ہے اور اس کی سند میں راویوں کی ایک جماعت ہے جنھیں میں نہیں پہچانتا۔“[مجمع الزوائد 48/3]
امام ابن قیم رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”یہ حدیث مرفوعاً ثابت نہیں۔“[زاد المعاد 523/10]
امام صنعانی رحمہ اللہ فرماتے ہیں: ”ائمہ محققین کے کلام سے یہ بات ثابت ہوتی ہے کہ یہ حدیث ضعیف ہے اور اس پر عمل بدعت ہے۔ آپ ان لوگوں کی کثرت سے دھوکا مت کھائیں جو یہ کرتے ہیں۔“[سبل السلام 773/2]
امام نووی رحمہ اللہ نے بھی اسے ضعیف کہا ہے۔ [المجموع 304/5]
حافظ عراقی رحمہ اللہ نے اسے ضعیف کہا ہے۔ [إحياء العلوم 420/4]
علامہ البانی رحمہ اللہ نے اسے منکر قرار دیا ہے۔ [سلسلة الأحاديث الضعيفة 64/2، 599]
اسی طرح قبر پر تلقین کے لیے مندرجہ ذیل روایت سے بھی استدلال کیا جاتا ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله»[مسلم، كتاب الجنائز: باب تلقين الموتٰي لا اله الا الله 916] ”اپنے مرنے والوں کو لا الہ الا اللہ کی تلقین کرو۔“
یہ روایت مفصل طور پر صحیح ابن حبان میں موجود ہے، جس سے یہ بات واضح ہوتی ہے کہ اس سے مراد قریب الموت شخص کو ”لا الٰہ الا اللہ“ کی تلقین کرنا ہے تاکہ اس کی موت کلمۂ توحید پر آئے۔
سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: «لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله من كان آخر كلامه لا الٰه الا الله عند الموت دخل الجنة يوما من الدهر وان اصابه قبل ذٰلك ما اصابه»[صحيح ابن حبان 719، الموارد] ”اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو، جس کا آخری کلام موت کے وقت لا الٰہ الا اللہ ہوا وہ کبھی نہ کبھی جنت میں داخل ہوگا اگرچہ اس کو اس سے قبل جو مصیبت پہنچی ہو گی پہنچے گی۔“
اس صحیح حدیث سے معلوم ہوا کہ «لقنوا موتاكم» والی حدیث کا یہ مطلب ہرگز نہیں کہ اس کے مرنے کے بعد اسے دفن کر کے لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کی جائے بلکہ اس کا واضح مطلب یہ ہے کہ جب انسان قریب المرگ ہو تو اسے لا الٰہ الا اللہ پڑھنے کو کہا جائے تاکہ اس کے جنت میں داخل ہونے کا ذریعہ بن جائے۔
رسولِ کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے عمل سے بھی قریب المرگ آدمی کو لا الٰہ الا اللہ کہنے کا ثبوت ملتا ہے۔ انس رضی اللہ عنہ سے حدیث ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بنی النجار کے ایک آدمی کی عیادت کے لیے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے کہا: «لا الٰه الا الله» کہو۔ اس نے کہا: ”کیا «لا الٰه الا الله» کہنا میرے لیے بہتر ہے؟“ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہاں!“[مسند أحمد 152/3، 154]
یہ حدیث مسلم کی شرط پر صحیح ہے۔
مولانا عبیداللہ رحمانی مبارکپوری رحمہ اللہ فرماتے ہیں: «واما قوله صلى الله عليه وسلم لقنوا موتاكم لا الٰه الا الله فالمراد عند الموت لا عند دفن الميت»[مرعاة المفاتيح 230/1] ”نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان: ”اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو۔“ کا مطلب موت کے وقت ہے نہ کہ میت کو دفن کرنے کے وقت۔“
اس لیے کہ «لا الٰه الا الله» کو جانتے ہوئے دنیا سے گیا تو جنت میں داخل ہو گیا، مرنے کے بعد «لا الٰه الا الله» کی تلقین مفید نہیں ہوگی۔ مندرجہ بالا توضیح سے معلوم ہوا کہ مرنے کے بعد میت کو دفن کر کے قبر پر تلقین کا ثبوت کسی بھی صحیح حدیث سے نہیں ملتا۔
شوافع کے ہاں جو اس کو مستحب کہا گیا ہے اس کی کوئی شرعی دلیل نہیں۔ ہمارے ہاں جو لوگ یہ تلقین کرتے ہیں وہ حنفی ہیں اور حنفی مذہب میں بھی اس کا کوئی جواز نہیں۔
فتاویٰ عالمگیری میں ہے: ”تلقین کی صورت یہ ہے کہ حالتِ نزع کے وقت موت کے غرغرے سے پہلے اونچی آواز میں اس کے پاس کہا جائے، جسے وہ سن لے «أَشْهَدُ أَنْ لَّا اِلٰهَ اِلَّا اللهُ وَأَشْهَدُ أَنَّ مُحَمَّدًا رَّسُوْلُ اللهِ» یہ نہ کہا جائے کہ کلمہ پڑھ (بلکہ صرف پڑھا جائے) اور یہ جو تلقین موت کے بعد ہوتی ہے ہمارے نزدیک ظاہر الروایۃ وہ نہ کی جائے جیسا کہ عینی شرح الھدایۃ اور معراج الدرایۃ میں ہے۔“[فتاويٰ عالمگيري 157/1]
علامہ عینی حنفی رحمہ اللہ اس بات کی وضاحت کرتے ہوئے فرماتے ہیں: ”اس تلقین سے مقصود ”میت کا آخری کلام کلمہ شہادت ہو“ یہ قبر کے اوپر تلقین کرنے سے حاصل نہیں ہوتا۔ اس لیے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ”جس شخص کا آخری کلام لا الٰہ الا اللہ ہوا وہ جنت میں داخل ہوگیا۔“ یہ تلقین جو مرنے کے بعد ہوتی ہے وہ ہمارے نزدیک ظاہر الروایۃ میں جائز نہیں۔“[البناية فى شرح الهداية 207/3]
علامہ علاءالدین الکاسانی الحنفی لکھتے ہیں: ”قریب المرگ کو کلمۂ شہادت کی تلقین نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے فرمان کی وجہ سے کی جائے کہ اپنے مرنے والوں کو لا الٰہ الا اللہ کی تلقین کرو۔ میت سے مراد یہاں وہ شخص ہے جس پر جان کنی کا وقت ہو اس لیے کہ اس کی موت قریب ہے۔ اسے میت قریب الموت ہونے کی وجہ سے کہا گیا ہے۔“[بدائع الصنائع 443/1]
ان دلائل سے معلوم ہوا کہ یہ عمل کتاب و سنت کے علاوہ فقہ حنفیہ کی ظاہر الروایۃ کے اعتبار سے بھی ثابت نہیں لہٰذا جو بھی اس پر عمل کرتے ہیں وہ قرآن وسنت کی مخالفت کے ساتھ ساتھ اپنے مذہب کی بھی مخالفت کر رہے ہیں۔
... اصل مضمون ...
احکام ومسائل