سعید بن مسیب نے عامر بن سعد بن ابی وقاص سے، انھوں نے ا پنے والد سے روایت کی، کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سےفرمایا: "تمھارا میرے ساتھ وہی مقام ہے جو ہارون علیہ السلام کاموسیٰ علیہ السلام کےساتھ تھا مگر یہ کہ میرے بعد کوئی نبی نہیں۔" سعید (بن مسیب) نے کہا: میں نے چاہا کہ یہ بات میں خود حضرت سعد رضی اللہ عنہ کے منہ سے سنوں تو میں حضرت سعد رضی اللہ عنہ سے جا کر ملا اور جو حدیث مجھے عامر نے سنائی تھی، ان کے سامنے بیان کی، انھوں نے کہا: میں نے (آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے خود) یہ بات سنی تھی، میں نے کہا: آپ نے خود سنی تھی؟کہا: تو انھوں نے اپنی انگلیاں اپنے دونوں کانوں پر رکھیں اورکہا: ہاں، ورنہ (اگر یہ بات نہ سنی ہو) تو ان دونوں کو سنائی نہ دے۔
حضرت سعد بن ابی وقاص رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتےہیں،رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے حضرت علی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے فرمایا:"تم میرے ایسے ہو،جیساکہ موسیٰ ؑ کےلیے ہارون تھے،مگر یہ بات ہے،میرے بعد کوئی نبی نہیں ہے۔"حضرت سعید کہتے ہیں،یہ روایت میں نے عامر بن سعد سے سنی تھی،اس لیے میں نے چاہا کہ یہ روایت میں حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روبروسن لوں،سو میری ملاقات حضرت سعد رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے ہوئی تو میں نے انہیں،عامر کی حدیث سنائی،انھوں نے کہا،میں نے یہ سنی ہے،پھر میں نے کہا،کیا آپ نے سنی ہے؟تو انہوں نے اپنی انگلیاں اپنے کانوں پر رکھیں اور کہا،ہاں،اگر نہ سنی ہوتویہ کان بہرے ہوجائیں۔