یونس نے ابن شہاب (زہری) سے خبر دی، انہوں نے کہا: مجھے عروہ بن زبیر نے حدیث سنائی کہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہ نے انہیں خبر دی انہوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی طرف وحی کا آغاز سب سے پہلے نیند میں سچےخواب آنے سے ہوا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جو خواب بھی دیکھتے اس کی تعبیر صبح کے روشن ہونے کی طرح سامنے آ جاتی، پھر خلوت نشینی آپ کو محبوب ہو گئی، آپ غار حراء میں خلوت اختیار فرماتے اور گھر واپس جا کر (دوبارہ) اسی غرض کے لیے زاد راہ لانے سے پہلے (مقررہ) تعداد مں راتیں تحنث میں مصروف رہتے، تحنث عبادت گزاری کو کہتے ہیں، (اس کے بعد) آپ پھر خدیجہ ؓ کے پاس واپس آ کر، اتنی ہی راتوں کے لیے زاد (سامان خور و نوش) لے جاتے، (یہ سلسلہ چلتا رہا) یہاں تک کہ اچانک آپ کے پاس حق (کا پیغام) آ گیا، اس وقت آ پ غار حراء ہی میں تھے، چنانچہ آپ کے فرشتہ آیا اور کہا: پڑھیے! آپ نے جواب دیا: میں پڑھ سکنے والا نہیں ہوں، آپ نے فرمایا: تو اس (فرشتے) نے مجھے پکڑ کر زور سے بھینچا یہاں تک کہ (اس کا دباؤ) میری برداشت کی آخری حد کو پہنچ گیا، پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھیے! میں میں نے کہا: میں پڑھ سکنے والا نہیں ہوں، پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ بھینچا یہاں تک کہ میری برداشت کی آخری حد آ گئی اور دوبارہ بھینچا یہاں تک کہ میری برداشت کی آخری حد آ گئی، پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھیے! میں نے کہا: میں پڑھ سکنے والا نہیں ہوں، پھر اس نے تیسری دفعہ مجھے پکڑ کر پوری قوت سے بھینچا یہاں تک کہ میری برداشت کی آخری حد آ گئی، پھر مجھے چھوڑ دیا اور کہا: ”اپنے رب کے نام سے پڑھیے جس نے پیدا کیا، اس نے انسان کو گوشت کے جونک جیسے لوتھڑے سے پیدا کیا، پڑھیے اور آپ کا رب سب سے بڑھ کر کریم ہے جس نے قلم کے ذریعے سے تعلیم دی اور انسان کو سکھایا جو وہ نہ جانتا تھا۔“ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ان آیات کے ساتھ واپس لوٹے، (اس وقت) آپ کے کندھوں اور گردن کے درمیان کے گوشت کے حصے لرز رہے تھے یہاں تک کہ آپ خدیجہ ؓ کے پاس پہنچے اور فرمایا: ”مجھے کپڑے اوڑھا ؤ، مجھے کپڑا اوڑھا ؤ۔“ انہوں (گھر والوں) نے کپڑا اوڑھا دیا دیا یہاں تک کہ آپ کا خوف زائل ہو گیا تو آپ نے حضرت خدیجہؓ سے کہا: ” خدیجہ! یہ مجھے کیا ہوا ہے؟“ خدیجہ نے جواب دیا: ہر گز نہیں! (بلکہ) آپ کو خوش خبری ہو اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ آپ کو ہرگز رسوا نہ کرے گا، اللہ کی قسم! آپ صلہ رحمی کرتے ہیں، سچی بات کہتے ہیں، کمزوروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، اسے کما کر دیتے ہیں جس کے پاس کچھ نہ ہو، مہمان نوازی کرتے ہیں، حق کے لیے پیش آنےوالی مشکلات میں اعانت کرتے ہیں، پھر خدیجہؓ آپ کو لے کر ورقہ بن نوفل بن اسد بن عبد العزیٰ کے پاس پہنچیں، وہ حضرت خدیجہ ؓ کے چچازاد، ان کووالد کے بھائی کے بیٹے تھے، وہ ایسے آدمی تھے جو جاہلیت کے دور میں عیسائی ہو گئے تھے، عربی خط میں لکھتے تھے، اور جس قدر الہ کو منظور تھا، انجیل کوعربی زبان میں لکھتے تھے، بہت بوڑھے تھے اور بینائی جاتی رہی تھی۔ خدیجہ ؓ نے ان سےکہا: چچا! اپنے بھتیجے کی بات سنیے، ورقہ بن نوفل نے پوچھا: برادرز دے! آپ کیا دیکھتے ہیں؟ رسول ا للہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ دیکھا تھا، ا س کا حال بتایا تو ورقہ نے آپ سے کہا: یہ وہی ناموس (رازوں کا محافظ) ہے جسے موسیٰ رضی اللہ عنہ کی طرف بھیجا گیا تھا، کاش! اس وقت میں جوان ہوتا، کا ش! میں اس وقت زندہ (موجود) ہوں جب آپ کی قوم آپ کو نکال دیں گی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا؟ ” تو کیا یہی لوگ مجھے نکالنے والے ہوں گے؟“ ورقہ نے کہا: ہاں، کبھی کوئی آدمی آپ جیسا پیغام لے کر نہیں آیا مگر اس سے دشمنی کی گئی اور اگر آپ کا (وہ) دن میری زندگی میں آ گیا تو میں آپ کی بھر پور مدد کروں گا۔
سیدہ عائشہؓ بیان کرتی ہیں: کہ وحی کا آغاز سب سے پہلے نیند میں سچے خوابوں سے ہوا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جو خواب بھی دیکھتے، اس کی تعبیر روشن صبح کی طرح ہوتی۔ پھر خلوت گزینی آپ کے نزدیک محبوب بنا دی گئی اور آپ غارِ حرا میں تنہائی اختیار کرتے، اور اپنے اہل کی طرف واپسی سے پہلے کئی کئی راتیں وہاں گناہ سے بچتے، یعنی: بندگی کرتے، اور اس کے لیے خورد ونوش کا سامان لے جاتے۔ پھرخدیجہؓ کے پاس واپس آکر اتنی ہی راتوں کے لیے پھر سامانِ خوردونوش لے جاتے، یہاں تک کہ آپ کے پاس اچانک حق (فرشتۂ وحی) آگیا اور آپ غارِ حرا میں تھے، چنانچہ آپ کے پاس فرشتہ آیا اور اس نے کہا: پڑھیے! آپؐ نے جواب دیا: ”میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ تو اس نے مجھے پکڑ کر زور سے دبایا، یہاں تک کہ اس کا دباؤ میری طاقت کی انتہا کو پہنچ گیا، پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھیے! تو میں نے کہا: میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور دوبارہ مجھے بھینچا یہاں تک اس کا دباؤ میری طاقت کی انتہا کو پہنچ گیا۔ پھر اس نے مجھے چھوڑ دیا اور کہا: پڑھیے! میں نے کہا: میں پڑھا ہوا نہیں ہوں۔ پھر اس نے مجھے پکڑا اور تیسری دفعہ دبوچا حتیٰ کہ مجھے پوری قوت سے دبایا پھر مجھے چھوڑ دیا اور کہا: ”اپنے اس رب کے نام کی برکت و توفیق سے پڑھیے، جس نے پیدا کیا۔ جس نے انسان کو گوشت کے لوتھڑے سے پیدا کیا۔ پڑھیے اور آپ کا رب بڑا کریم ہے، جس نے قلم کے ذریعہ تعلیم دی اور انسان کو وہ باتیں سکھائیں جو وہ نہیں جانتا تھا۔“(سورۃ علق آیت: 1-5) یہ آیات لے کر رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس حال میں واپس خدیجہؓ کے پاس پہنچے کہ آپ پر کپکپی طاری تھی۔ آپؐ نے فرمایا: ”مجھے کپڑا اوڑھاؤ! مجھ پر کپڑا ڈالو۔“ گھر والوں نے کپڑا اوڑھایا، یہاں تک کہ آپ کا خوف زائل ہوگیا۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے خدیجہؓ سے کہا: ”اے خدیجہ! مجھے کیا ہوا؟“ اور اسے پورا واقعہ سنایا، کہا: ”کہ مجھے تو اپنی جان کا خطرہ پڑ گیا۔“ خدیجہؓ نے آپؐ کو جواب دیا: ہر گز نہیں! خوش ہو جائیے، اللہ کی قسم! اللہ تعالیٰ آپ کو ہرگز رسوا نہیں کرے گا۔ اللہ شاہد ہے آپ صلہ رحمی کرتے ہیں، سچی بات کرتے ہیں، کمزوروں کا بوجھ اٹھاتے ہیں، نایاب چیزیں دیتے ہیں (نایاب سے مراد: وہ چیز ہے جو کسی اور سے نہ مل سکتی ہو، اس کی توجیہ آگے موجود ہے)، مہمان نوازی کرتے ہیں، حق کے لیے پیش آمدہ مصائب میں مدد کرتے ہیں۔ خدیجہؓ آپؐ کو لے کر اپنے چچا زاد ورقہ بن نوفل کے پاس پہنچیں، جس نے جاہلیت کے دور میں عیسائیت اختیار کر لی تھی، اور وہ عربی خط میں لکھتے تھے، اور انجیل کا عربی میں ترجمہ، جس قدر اللہ کو منظور ہوتا کرتے تھے، بہت بوڑھے تھے اور بینائی جاتی رہی تھی۔ خدیجہؓ نے اس سے کہا: اے چچا! اپنے بھتیجے کی بات سنیے۔ ورقہ بن نوفل نے پوچھا: اے بھتیجے! آپ نے کیا دیکھا ہے؟ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے جو کچھ دیکھا تھا اسے بتایا، تو ورقہ نےآپ صلی اللہ علیہ وسلم سے کہا: یہی وہ رازداں (فرشتہ) ہے جسے موسیٰ ؑ کی طرف بھیجا گیا تھا۔ اے کاش! میں اس وقت میں جواں ہوتا۔ اے کاش! میں اس وقت زندہ ہوں، جب آپ کی قوم آپ کو نکالے گی۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: ”کیا وہ مجھے نکال دیں گے؟“ ورقہ نے کہا: ہاں! کبھی کوئی آدمی آپ جیسا پیغام لے کر نہیں آیا، مگر اس سے دشمنی کی گئی، اور اگر آپ کے اس دن کو میں نے پا لیا! تو آپ کی بھرپور مدد کروں گا۔
ترقیم فوادعبدالباقی: 160
تخریج الحدیث: «أحاديث صحيح مسلم كلها صحيحة، أخرجه البخاري في ((صحيحه)) في التفسير، باب: ﴿ اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ ﴾ برقم (4953) انظر ((التحفة)) برقم (16706)»
أول ما بدئ به رسول الله من الوحي الرؤيا الصادقة في النوم فكان لا يرى رؤيا إلا جاءت مثل فلق الصبح حبب إليه الخلاء فكان يخلو بغار حراء يتحنث فيه وهو التعبد الليالي أولات العدد قبل أن يرجع إلى أهله ويتزود لذلك ثم يرجع إلى خديجة فيتزود لمثلها حتى فجئه الحق وه
أول ما ابتدئ به رسول الله من النبوة حين أراد الله كرامته ورحمة العباد به أن لا يرى شيئا إلا جاءت مثل فلق الصبح فمكث على ذلك ما شاء الله أن يمكث حبب إليه الخلوة فلم يكن شيء أحب إليه من أن يخلو
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 403
حدیث حاشیہ: مفردات الحدیث: : (1) الْوَحْيُ: وحی کا لغوی معنی ہے: انتہائی خفیہ یا پوشیدہ طریقے سے خبر دینا، اور اس کا اطلاق اشارتاً، کتابت، مکتوب، رسالہ اور الہام و القاء پر بھی ہوتا ہے۔ اور شرعی طور پر: اس کلام کو وحی کہا جاتا ہے جو کسی نبی یا رسول پر اللہ تعالیٰ کی طرف سے نازل ہو۔ (2) الرُّؤْيَا الصَّادِقَة: سچا خواب۔ جو چیز آپ خواب میں دیکھتے، وہ ٹھیک اسی طرح بیداری میں سامنے آ جاتی۔ (3) فَلَق الصُّبْحِ: سپیدہ سحر، صبح کی روشنی، یعنی وہ خواب بالکل واضح ہوتا، اس میں کسی قسم کا خفا و پوشیدگی نہ ہوتی۔ (4) حُبِّبَ إِلَيْهِ الْخَلَاءُ: تنہائی اور خلوت سے محبت پیدا ہو گئی، تاکہ پورے اطمینان، فراغت قلبی سے سوچ و بچار کا موقع ملے، اور مالوفات انسانی سے الگ تھلگ ہو کر دل میں خشوع و خضوع پیدا ہو۔ (5) يَتَحَنَّثُ: گناہ سے بچنا، حنث گناہ کو کہتے ہیں، اور تحنث، گناہ سے اجتناب کو، گویا عبادت انسان کو گناہ سے بچاتی ہے، اس لیے اس کی تفسیر تعبد (بندگی کرنا) سے کی گئی ہے۔ (6) اللَّيَالِيَ أُوْلَاتِ الْعَدَدِ: اس کام میں کئی راتیں صرف فرماتے، کبھی کبھی پورا ماہ رمضان، اسی طرح گزر جاتا۔ (7) حَتَّى فَجِئَهُ الْحَقُّ: اچانک آپ کے پاس فرشتہ وحی لے کر آ گیا، آپ کو اس کی امید یا توقع نہ تھی۔ تقدیر اللہ کے علم کے اعتبار سے تو ہر چیز آسمان و زمین کی تخلیق سے بھی پچاس ہزار سال پہلے، لوح محفوظ میں لکھ دی گئی ہے، جس میں نبوت، ولایت، سعادت و شقاوت، نیکی و بدی ہر چیز کا ریکارڈ ہے، اس اعتبار سے تو آپ کیا، ہر نبی، ہر صحابی، ہر ولی بلکہ ہر انسان کا مقام و مرتبہ پہلے سے متعین ہے، لیکن ہر چیز کا ظہور اپنے مقررہ وقت پر ہوتا ہے۔ ہر انسان کی پیدائش اور موت کا وقت مقرر ہے، لیکن اس کا ظہور اپنے اپنے وقت پر ہو گا۔ اسی طرح آپ ﷺ کی نبوت کا وقت مقرر تھا، لیکن جب آپ کی طرف وحی کی آمد شروع ہوئی، تو آپ نبی بن گئے، وحی کی آمد سے پہلے آپ نبی نہیں تھے (اگرچہ تقدیر اور اللہ کے علم میں نبی تھے) ۔ اس لیے یہ کہنا: کہ آپ ﷺ ولادت کے وقت بلکہ اس وقت نبی تھے کہ جب ابھی آدم علیہ السلام پیدا بھی نہیں ہوئے تھے، یہ درست نہیں ہے، اگر آپ پہلے ہی نبی تھے، تو پھر اس بحث کی ضرورت کیا ہے، کہ آپ غار حرا میں عبادت، کس شریعت کے مطابق کرتے تھے، نیز جو حالات پہلی وحی کے وقت پیش آئے، کیا وہ بعد میں بھی پیش آئے؟ جب آپ پہلے سے نبی تھے، اور آپ کو اس کا علم تھا، تو پھر یہ صورت حال کیوں پیش آئی۔ (8) مَا أَنَا بِقَارِئٍ: میں پڑھا ہوا نہیں ہوں، اکثر علماء نے (ما) کو نافیہ قرار دیا ہے، اور اس کا معنی ہے "مَا أُحْسِنُ الْقِرَاءَةَ"، میں اچھی طرح نہیں پڑھ سکتا، اور یہ اس صورت میں ہوتا ہے، جب کسی کو کوئی لکھی ہوئی چیز دی جائے اور کہا جائے پڑھ۔ یا ویسے ہی اسے کہا جائے پڑھ، لیکن اگر کوئی انسان، اس کو لفظ کی شناخت کرا کر کہے: پڑھ! یا عبارت بول کر کہے: اس عبارت کو دہرا، تو وہ پڑھ سکتا ہے، اس لیے جب فرشتے نے وحی کے الفاظ آپ کے سامنے پڑھے، تو آپ نے بھی پیچھے پڑھ دئیے۔ بعض علماء نے اس کا معنی استفہامیہ کیا ہے، جیسا کہ ایک روایت کے الفاظ میں (كَيْفَ أَقْرَاءُ) ”میں کیسے پڑھوں“(میں تو اپنے طور پر پڑھ نہیں سکتا) دوسری روایت ہے (مَاذَا أَقْرَاءُ) ”میں کیا پڑھوں۔ “ تمام متقدمین شارحین کی تصریحات کے باوجود، اور یہ ماننے کے باوجود کہ آپ ﷺ اُمی تھے۔ اگر بالفرض آپ پڑھے لکھے ہوتے تو لوگوں کو آپ کی نبوت میں شک پیدا ہوتا۔ یہ دعویٰ کیا جاتا ہے کہ آپ ﷺ نے پڑھنے سے انکار فرمایا، کہ میں پڑھنے والا نہیں ہوں، میری عبادت میں خلل پیدا ہوتا ہے، جب چوتھی بار جبرائیل علیہ السلام نے ﴿اقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ الَّذِي خَلَقَ﴾ کہا، تب آپ کا ذہن اس طرف متوجہ ہوا کہ یہ بھی تو اسی ذات کا نام لے رہا ہے جس کے مشاہدہ اور مطالعہ میں مستغرق ہوں، سو آپ ﷺ نے پڑھ لیا، تو کیا جب جبریل علیہ السلام نے پہلی دفعہ دبوچا تھا، اس سے آپ کی عبادت میں خلل پیدا نہیں ہوا تھا، اور آپ کے جواب سے آپ کی عبادت متاثر نہیں ہوئی تھی، اور آپ تو پہلے سے نبی تھے، تو آپ کو پہلے کیوں پتہ نہ چلا۔ (9) حَتَّى بَلَغَ مِنِّي الْجَهْدَ: جَُهْدٌ، جیم پر فتح اور ضمہ دونوں پڑھنا درست ہیں، معنی ہو گا غایت (انتہا) اور مشقت، دال پر اگر زبر ہو تو معنی ہو گا، جبریل نے اپنی پوری قوت صرف کر دی، اس نے پوری طاقت سے دبایا تھا، چونکہ وہ انسانی شکل و صورت میں تھا، اس لیے اس میں قوت بھی انسانی تھی کوئی انسان، ملکی قوت و طاقت کو برداشت نہیں کر سکتا، اور نہ ہی فرشتہ کو مشقت لائق ہوتی ہے۔ اگر دال پر پیش ہو تو معنی ہو گا: میں نے دباؤ سہنے میں اپنی پوری طاقت نچوڑ دی، میری طاقت آخری مراحل میں داخل ہو گئی۔ ممکن ہے پہلی دفعہ: غط (دباؤ) دنیا کے خیالات و تفکرات سے رخ پھیرنے کے لیے ہو۔ دوسری دفعہ: آپ کے خیالات و توجہ کو اپنی طرف مبذول کرنے کے لیے اور تیسری دفعہ: اپنے سے مانوس کرنے کے لیے کیا ہو۔ (ارشاد الساری: 1/63)(10) تَرْجُفُ بَوَادِرُهُ: بَوَادِر، بَادِرَۃٌ کی جمع ہے، شانے کے گوشت کو کہتے ہیں، وہ گھبراہٹ اور اضطراب کی وجہ سے ہل رہا تھا، (11) زَمِّلُونِي: مجھے کپڑے میں لپیٹ دو یا مجھ پر کپڑا ڈال دو۔ (12) الرَّوْعُ: گھبراہٹ، پریشانی۔ (13) لَقَدْ خَشِيتُ عَلَى نَفْسِي: فرشتے کے دباؤ اور گھبراہٹ کی بنا پر مجھے اپنی جان کا خطرہ پیدا ہو گیا تھا، اس فقرہ کا تعلق غارِ حرا، میں گزرنے والے حالات سے ہے، کیونکہ یہ ماضی کا صیغہ ہے، اور اس واقعہ کی شدت کو بیان کرنا مقصود ہے۔ اگر اس کا معنی حال و استقبال کا لیا جائے جیسا کہ حضرت خدیجہ ؓ کے جواب سے محسوس ہوتا ہے، تو پھر معنی یہ ہو گا: ”کہ مجھے خطرہ ہے کہ میں اس عہدہ اور ذمہ داری کو کما حقہ ادا نہیں کر سکوں گا، یا اس عظیم ذمہ داری کو اٹھا نہیں سکوں گا۔ “ تو تب حضرت خدیجہ ؓ نے کہا، اگر آپ اس ذمہ داری کے اہل نہ ہوتے یا اس کو ادا نہ کر سکتے تو یہ ذمہ داری آپ پر ڈالی ہی نہ جاتی، آپ جیسی صفات عالیہ اور اخلاق حسنہ کے مالک کو اللہ تعالیٰ رسوا نہیں کرے گا، جس پر ذمہ داری ڈالی جائے اور وہ اس کو ادا نہ کر سکے، تو یہ چیز اس کے لیے ذلت و رسوائی کا باعث بنتی ہے، اس لیے یہ ممکن نہیں کہ آپ اس ذمہ داری کو پورا نہ کر سکیں۔ (14) تَحْمِلُ الْكَلَّ: كَلّ، بوجھ۔ ﴿هُوَ كَلٌّ عَلَىٰ مَوْلَاهُ﴾”وہ اپنے آقا کے لیے بوجھ ہے۔ “ یعنی: آپ کمزوروں، یتیموں اور بے کسوں کی مدد و اعانت کرتے ہیں، ان کو نان و نفقہ مہیا کرتے ہیں۔ (15) تُكْسِبُ الْمَعْدُومَ: كَسَبَ اور اكْسَبَ کا معنی ہوتا ہے کسی کو کما کر دینا، معدوم، اگر محتاج کے معنی میں ہو یعنی فقیر و تنگدست، تو پھر معنی ہو گا: ”فقیر و قلاش کو کما کر دیتے ہیں“، کیونکہ معدوم غیر موجود کو کہتے ہیں اور فقیر و محتاج، لا شیء معدوم و معدم کے معنی میں آ جاتا ہے، یا معنی ہو گا کہ آپ نایاب چیزیں دیتے ہیں۔ آپ جیسی تعلیمات اور ہدایات کہیں سے حاصل نہیں ہو سکتیں، اس صورت میں کَسَبَ ثلاثی مجرد سے ہو گا، اور اس کو ثلاثی مزید فیہ سے مانیں، تو مفعول اول محذوف ہو گا اور معدوم کا موصوف بھی محذوف ہو گا۔ تُكْسِبُ غَيْرَكَ الْمَالَ الْمَعْدُوْمَ: ”دوسروں کو نایاب مال کما کر دیتے ہیں۔ “(16) نَوَائِبُ الْحَقِّ: نَوَائِبٌ، نَائِبَةٌ کی جمع ہے، حادثہ اور مصیبت کو کہتے ہیں، کہ اگر کسی کو حق کی بنا پر مصیبت سے دوچار ہونا پڑے، تو آپ اس کی اعانت کرتے ہیں، غلط کاموں میں مدد نہیں کرتے۔ (17) تَنَصَّرَ فِي الْجَاهِلِيَّةِ: آپ کی بعثت سے پہلے اس نے عیسائیت اختیار کر لی تھی۔ (18) نَامُوسٌ: رازداں، خیر کے رازداں کو ناموس اور شر کے رازداں کو جاسوس کہتے ہیں۔ (19) الْجَذَعُ: طاقتور نوجوان۔ (20) نَصْرًا مُؤَزَّرًا: مضبوط اور قوی مدد، بھرپور طور پر ساتھ دینا۔ فوائد ومسائل: (1) وحی کی آمد سے پہلے آپ کو اس کے لیے تیار کیا گیا، آپ کے دل میں یکسوئی اور خلوت گزینی کی محبت پیدا کی گئی، تاکہ آپ الگ تھلگ ہو کر یکسوئی کےساتھ غور وفکر کے عادی بن جائیں، اور لوگوں سے میل جول کم ہوجائے، دل کے اندر صفائی پیدا ہوجائے۔ (2) سچے خوابوں کے ذریعہ رشد وہدایت کی طرف رہنمائی کی گئی ہے کہ طلوع شمس سے پہلے سے سپیدہ سحر نمودار ہوتا ہے۔ (3) جبرئیل علیہ السلام اچانک وحی لے کر آئے اور ایسا رویہ اختیار کیا کہ آئندہ وحی کا تحمل آسان ہوجائے، اور کچھ عرصہ کے لیے وحی بند ہوگئی، تا کہ آپ کے دل میں اس کے حصول کی محبت وشوق بڑھے۔ محبوب چیز ایک دفعہ حاصل ہوجائے، پھر چھن جائے تو پھر اس کے حصول کا اشتیاق بہت بڑھ جاتا ہے، اس بنا پر وحی کی بندش کے دور میں آپ غمگین ہوجاتے تھے اورجبریل علیہ السلام سامنے آکر آپ کے غم وحزن کو ہلکا کرتے تھے۔ (4) حضر ت خدیجہ ؓ نے آپ کی چھ صفات کمال بیان کی ہیں، جو آپ کی کامیابی وکامرانی کی ضامن تھیں: (1) صلہ رحمی۔ (2) صدق مقال۔ (3) ضعیفوں اور ناتواں لوگوں کی مدد ونصرت۔ (4) محتاجوں فقیروں کی اعانت۔ (5) مہمان نوازی۔ (6) پیش آمدہ مصائب میں تعاون، اور یہی صفات آج بھی دین کی تبلیغ اور نشر واشاعت کی ضامن ہیں، اور مسلمان ان کو اپنا کر پوری دنیا میں دین کو غالب کر سکتے ہیں، خاص طور پر علماء جو آپ کے وارث ہیں، ان کے لیے یہ لمحہ فکریہ ہیں۔ (5) دوسروں کو متاثر کرنے کے لیے فیصلہ کن چیز انسان کی سیرت وکردار ہے، آپ ﷺ نے خدیجہ ؓ کونبوت کے تسلیم کرنے کی دعوت نہیں دی، محض نزول وحی کا واقعہ سنایا اور اپنے اوپر گزرنے والی کیفیات سے آگاہ کیا، اس نے خود بخود آپ کی نبوت کو تسلیم کیا، بلکہ اپنے خیال کے مطابق آپ کو تسلی دی اور مزید اطمینان کے لیے اپنے چچا زاد کے پاس لے گئیں، اس نے آپ کی نبوت کو تسلیم کیا اور آئندہ پیش آنے والے حالات سے آگاہ کیا اور بھر پور مدد کی یقین دہانی کرائی۔ (6) دین کی تبلیغ اور اس کی نشر واشاعت کرنے والوں کو مصائب وآلام، اور اپنوں کی دشمنی وعداوت سے گزرنا پڑتا ہے، یہ میدان پھولوں کی سیج نہیں ہے، کانٹوں بھری راہ ہے، جس کی لیے صبر وثبات اور استقامت وپامردی کی ضرورت ہے۔ (7) سب سے پہلے اترنے والی وحی، سورۃ علق کی ابتدائی آیات ہیں جو غار حرا میں اتریں، اور پھر تقریبا ڈھائی سال تک وحی کی آمد بند رہی۔ (8) عربوں کے آداب کے مطابق بڑے کو چچا کے نام سے پکارا جاتا تھا، ورقہ چونکہ عمر رسیدہ تھے، اس لیے انہیں آپ کا چچا کہا۔
تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 403
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3632
´باب` ام المؤمنین عائشہ رضی الله عنہا کہتی ہیں کہ پہلی وہ چیز جس سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نبوت کی ابتداء ہوئی اور جس وقت اللہ نے اپنے اعزاز سے آپ کو نوازنے اور آپ کے ذریعہ بندوں پر اپنی رحمت و بخشش کا ارادہ کیا وہ یہ تھی کہ آپ جو بھی خواب دیکھتے تھے اس کی تعبیر صبح کے پو پھٹنے کی طرح ظاہر ہو جاتی تھی ۱؎، پھر آپ کا حال ایسا ہی رہا جب تک اللہ نے چاہا، ان دنوں خلوت و تنہائی آپ کو ایسی مرغوب تھی کہ اتنی مرغوب کوئی اور چیز نہ تھی۔ [سنن ترمذي/كتاب المناقب/حدیث: 3632]
اردو حاشہ: وضاحت: 1؎: یعنی جو خواب بھی آپﷺ دیکھتے وہ بالکل واضح طور پر پورا ہو جاتا تھا، یہ آپﷺ کی نبوت کی ابتدائی حالت تھی، پھر کلامی وحی کا سلسلہ ﴿إِقْرَأْ بِاسْمِ رَبِّكَ﴾ سے شروع ہو گیا۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3632
مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 4955
4955. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”شروع شروع میں رسول اللہ ﷺ کو سچے خواب دکھائے جانے لگے۔ پھر آپ کے پاس فرشتہ آیا اور آپ سے کہا: آپ پڑھیں اپنے رب کے نام کے ساتھ جس نے پیدا کیا۔ اس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ آپ پڑھیں، آپ کا رب بڑا کریم ہے۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:4955]
حدیث حاشیہ: اسی پہلی وحی میں آپ کو تحصیل علم کی رغبت دلائی گئی۔ ساتھ ہی انسان کی خلقت کو بتلایا گیا۔ جس میں اشارہ تھا کہ انسان کا فرض اولین یہ ہے کہ پہلے اپنے رب کی معرفت حاصل کرے پھر خود اپنے وجود کو اور اپنے نفس کو پہچانے۔ تحصیل علم کے آداب پر بھی اس میں لطیف اشارے ہیں۔ تدبروا یا أولی الألباب۔
صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 4955
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4955
4955. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا: ”شروع شروع میں رسول اللہ ﷺ کو سچے خواب دکھائے جانے لگے۔ پھر آپ کے پاس فرشتہ آیا اور آپ سے کہا: آپ پڑھیں اپنے رب کے نام کے ساتھ جس نے پیدا کیا۔ اس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا۔ آپ پڑھیں، آپ کا رب بڑا کریم ہے۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:4955]
حدیث حاشیہ: 1۔ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کو انتہائی اختصار سے بیان کیا ہے۔ حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں: ”میرے خیال کے مطابق امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کے شیخ یحییٰ بن بکیر نے بھی آپ کو اس طرح بیان نہیں کیا ہو گا۔ اور نہ انھوں نے اس قسم کا اختصار ہی کیا ہے بلکہ معلوم ہوتا ہے کہ یہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا تصرف ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہے کہ امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ اس قسم کے اختصارکو جائز سمجھتے ہیں۔ “(فتح الباري: 8\923) 2۔ بہر حال امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ مذکورہ آیت کے متعلق بتانا چاہتے ہیں کہ وہ کس پس منظر میں نازل ہوئی تھی۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4955
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:4956
4956. حضرت عائشہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ پر وحی کا آغاز سچے خوابوں سے ہوا۔ آپ کے پاس فرشتہ آیا اور کہا: ”پڑھیے! اپنے رب کے نام سے جس نے پیدا کیا۔ اس نے انسان کو جمے ہوئے خون سے پیدا کیا، پڑھیے، آپ کا رب بہت کریم ہے جس نے بذریعہ قلم تعلیم دی۔“[صحيح بخاري، حديث نمبر:4956]
حدیث حاشیہ: 1۔ اللہ تعالیٰ اکرم اس اعتبار سے ہے کہ اس نے انسان کی پیدائش سے پہلے ہی اس کی زندگی اوراس کی بقا کے لیے وہ تمام اسباب مہیا کر دیے جو اس کے لیے ضروری تھے پھر اللہ تعالیٰ نے اس اسباب کو استعمال کرنے کا طریقہ بھی انسان کی فطرت میں رکھ دیا۔ اسی اکرم کا نام لے کر آپ پڑھیں۔ 2۔ اللہ تعالیٰ انسان کے لیے زندگی کے ہر پہلو کے اعتبار سے اکرم ہے وہ اس اعتبار سے بھی اکرم ہے کہ اس نے انسان کو قلم کے استعمال کا طریقہ سکھایا جس سے علم کی وسیع پیمانے پر اشاعت ہو سکتی ہے اور لکھی ہوئی چیز کسی عالم کی موت کے بعد برقرار رہتی ہے اور نسل در نسل منتقل ہوتی چلی جاتی ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 4956