الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:


بلوغ المرام
كتاب الجامع
متفرق مضامین کی احادیث
4. باب الرهب من مساوئ الأخلاق
4. برے اخلاق و عادات سے ڈرانے اور خوف دلانے کا بیان
حدیث نمبر: 1309
وعن أبي الدرداء رضي الله عنه قال: قال رسول الله صلى الله عليه وآله وسلم: «‏‏‏‏إن اللعانين لا يكونون شفعاء ولا شهداء يوم القيامة» ‏‏‏‏ أخرجه مسلم.
سیدنا ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا بلاشبہ لعنت کرنے والے قیامت کے روز نہ سفارش کرنے والے ہوں گے اور نہ گواہی دینے والے۔ (مسلم) [بلوغ المرام/كتاب الجامع/حدیث: 1309]
تخریج الحدیث: «أخرجه مسلم، البر والصلة، باب النهي عن لعن الدواب وغيرها، حديث:2598.»

   بلوغ المرام‏‏‏‏إن اللعانين لا يكونون شفعاء ولا شهداء يوم القيامة

بلوغ المرام کی حدیث نمبر 1309 کے فوائد و مسائل
  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1309  
تخریج:
«أخرجه مسلم، البر والصلة، باب النهي عن لعن الدواب وغيرها، حديث:2598.»
تشریح:
1. اس حدیث سے معلوم ہوا کہ اللہ تعالیٰ کثرت سے لعنت کرنے والے لوگوں کی سفارش قبول نہیں فرمائے گا اور نہ ایسے لوگوں کی شہادت قبول کی جائے گی۔
2. اس قبولیتِ شہادت کا تعلق بعض نے دنیا سے بتایا ہے کہ چونکہ ایسے لوگ فاسق ہوتے ہیں‘ اس لیے ان کی شہادت دنیا میں قبول نہیں کی جائے گی۔
اور بعض نے کہا ہے کہ یہ لوگ قیامت کے روز انبیائے کرام علیہم السلام کی تبلیغ دین پر شہادت نہیں دے سکیں گے۔
اور بعض نے اس کا مطلب یوں بیان کیا ہے کہ یہ اللہ کی راہ میں مارے جائیں تب بھی شہادت کا مرتبہ نہیں پا سکیں گے۔
(سبل السلام)
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1309   

   الشيخ عبدالسلام بن محمد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1309  
تخریج:
[مسلم البروالصلة/86]

فوائد:
بہت لعنت کرنے والوں کی شفاعت اور شہادت کیوں قبول نہیں ہو گی۔ بہت لعنت کرنا مومن کا وصف ہی نہیں اس پر مفصل کلام بلوغ المرام حدیث [1417] میں گزر چکا ہے اور دنیا میں بھی شہادت کے لیے شاہد کا پسندیدہ اور عدل ہونا ضروری ہے اللہ تعالیٰ نے فرمایا:
«وَأَشْهِدُوا ذَوَيْ عَدْلٍ مِّنكُمْ» [64-الطلاق:2 ]
اور اپنے آپ میں دو عدل والوں کو گواہ بناؤ۔
اور فرمایا:
«مِمَّن تَرْضَوْنَ مِنَ الشُّهَدَاءِ» [2-البقرة:282]
ان گواہوں میں سے جنہیں تم پسند کرتے ہو۔
ظاہر ہے کہ بہت لعنت کرنے والا شخص جس کی عادت ہی لعن طعن کی ہو نہ پسندیدہ ہوتا ہے، نہ سچا، نہ صاحب عدل، بلکہ لوگوں کی نگاہوں میں نہایت ناپسندیدہ، فاسق، ظالم اور غلط بیانی کرنے والا ہوتا ہے کیونکہ جو لوگ لعنت کے مستحق نہیں ان پر لعنت کرتا ہے۔ اس حدیث سے معلوم ہوا کہ ایسے لوگوں کی شہادت صرف دنیا میں رد نہیں کی جائے گی بلکہ آخرت میں بھی نہ شہادت دینے کی جرات کر سکیں گے نہ انہیں وہ عزت و وجاہت حاصل ہو گی کہ کسی کی سفارش کر سکیں جبکہ اللہ کے صادق و عادل اہل ایمان بندے سفارش بھی کریں گے اور حق کی دوسری شہادتوں کے ساتھ ساتھ اس بات کی شہادت بھی دیں گے کہ انبیاء کرام نے تبلیغ رسالت کا فریضہ ادا کر دیا ہے۔
بعض علماء نے اس کی یہ تفسیر بھی فرمائی ہے کہ بہت لعنت کرنا ایسا گناہ ہے کہ اس کا مرتکب شہادت یعنی قتل فی سبیل اللہ کی سعادت سے محروم رہے گا۔
   شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث/صفحہ نمبر: 227