اشكال ازاله ایک بھائی نے سوال کیا کہ صحیحین کی ایک حدیث جس میں صحابہ کرام اور منافق عبد اللہ بن ابی کے ساتھیوں میں ہونے والی لڑائی کا ذکر ہے، اس میں سورہ حجرات کی آیت نمبر 9 کے نزول کا تذکرہ ہے، حالانکہ اس آیت میں دو مؤمن گروہوں کی لڑائی کی بات ہے، جب کہ حدیث میں دوسرا گروہ منافقوں کا ہے۔
جواب: صحیحین کی مرفوع ومتصل احادیث بالاجماع صحیح ہیں، لیکن جو ٹکڑا محل اعتراض ہے، وہ مرفوع نہیں، بلکہ مقطوع ہے۔ یعنی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان نہیں، معتمر بن سلیمان جو کہ صغار تبع تابعین میں سے ہیں، ان کا قول ہے۔
امام مہلب بن ابی صفرہ رحمہ اللہ
(م 435 ھ) صحیح بخاری کی تہذیب
”المختصر النصیح
“ میں لکھتے ہیں:
«وقال معتمر فى حديث أنس: فبلغنا أنها نزلت ... .»
پھر یہ قول بھی بلا اسناد ہے۔
معتمر بن سلیمان نے
«فبلغنا» (ہمیں یہ بات پہنچی ہے) کے الفاظ سے اس کا اظہار بھی کیا ہے۔
ائمہ دین نے اس حدیث کی شرح میں یہ بھی ذکر کیا ہے کہ یہ اس دور کا واقعہ ہے جب عبد اللہ بن ابی نے اوپر اوپر سے بھی اسلام قبول نہیں کیا تھا، تو یہ آیت اس کے گروہ پر کیسے منطبق ہو سکتی ہے؟
لہذا سورہ حجرات کی آیت نمبر 9 کا منافقین کے گروہ سے کوئی تعلق نہیں،
سو یہ اشکال ختم ہوا۔