بشیر بن یسار رحمہ اللہ سے روایت ہے، وہ کہتے ہیں کہ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما کو کوئی شخص سلام میں پہل نہیں کر سکتا تھا۔ [الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 982]
سیدنا جابر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، وہ فرماتے ہیں: سوار پیدل چلنے والے کو، چلنے والا بیٹھے ہوئے کو سلام کہے۔ دو پیدل چلنے والوں میں سے جو سلام میں پہل کرے وہ افضل ہے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 983]
تخریج الحدیث: «صحيح الإسناد موقوفًا و صح مرفوعًا: صحيح ابن حبان، ح: 498»
قال الشيخ الألباني: صحيح الإسناد موقوفًا و صح مرفوعًا
سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، انہوں نے بتایا کہ اغر نامی ایک صاحب (جو مزینہ قبیلے سے تعلق رکھتے تھے، اور انہیں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا صحابی ہونے کا شرف حاصل ہے) کے بنو عمرو بن عوف کے کسی شخص کے ذمے کھجوروں کے چند وسق تھے، جن کا مطالبہ کرنے کے لیے وہ بارہا جا چکے تھے۔ وہ کہتے ہیں کہ میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی خدمت میں حاضر ہوا (اور شکایت کی) تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کو میرے ساتھ بھیجا۔ وہ کہتے ہیں کہ ہم جسے بھی (راستے میں) ملتے وہ ہمیں سلام کہتا۔ سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ نے فرمایا: کیا تو نے لوگوں کو نہیں دیکھا کہ وہ تجھ کو پہلے سلام کہتے ہیں تو ان کو پہل کرنے کی وجہ سے اجر ملتا ہے؟ تم سلام میں پہل کرو تو تمہیں اجر ملے گا۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما یہ اپنی طرف سے بیان کیا کرتے تھے۔ [الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 984]
تخریج الحدیث: «حسن: المعجم الكبير للطبراني: 281/1، ح: 879»
سیدنا ابوایوب رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کسی مسلمان آدمی کے لیے حلال نہیں کہ وہ اپنے بھائی کو تین دن سے زیادہ چھوڑے رکھے۔ وہ دونوں ملتے ہیں تو ایک منہ ادھر کر لیتا ہے اور دوسرا ادھر، اور ان دونوں میں سے بہتر وہ ہے جو سلام میں پہل کرے۔“[الادب المفرد/كِتَابُ السَّلامِ/حدیث: 985]
تخریج الحدیث: «صحيح: صحيح البخاري، الأدب، ح: 6077 و مسلم، ح: 2560»