فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 682
´اذان اور اقامت کے درمیان سنت (نفل نماز) پڑھنے کا بیان۔`
عبداللہ بن مغفل رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”ہر دو اذان ۱؎ کے درمیان ایک نماز ہے، ہر دو اذان کے درمیان ایک نماز ہے، ہر دو اذان کے درمیان ایک نماز ہے، جو چاہے اس کے لیے۔“ [سنن نسائي/كتاب الأذان/حدیث: 682]
682 ۔ اردو حاشیہ:
➊ ثابت ہوا کہ ہر اذان و اقامت کے درمیان نفل نماز کا وقفہ ہونا چاہیے۔ جو پڑھنا چاہے وہ کم از کم دو رکعت پڑھ لے اور یہ مغرب کی اذان و اقامت کے درمیان بھی ہو گا۔
➋ مغرب سے قبل دو رکعتوں کے بارے میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کے ترغیبی حکم کے ساتھ ساتھ آپ کی تقریر بھی اس کی اہمیت پر دلالت کرتی ہے، کبار صحابۂ کرام رضی اللہ عنہم عہد نبوت میں اس پر عمل پیرا تھے، نیز عہد نبوت کے بعد تابعین عظام کے ہاں بھی یہ عمل معمول بہ تھا اور تاحال حاملین کتاب و سنت کے ہاں بتوفیق اللہ بدستور جاری ہے جیسا کہ اس کی تفصیل کتاب المواقیت کے ابتدائیے میں بعنوان ”نماز مغرب سے قبل، اذان اور اقامت کے درمیان، دو رکعت نماز کا استحباب“ میں گزر چکی ہے، وہاں ملاحظہ فرمائیں۔
➌ جہاں مؤکدہ سنتیں ہیں وہاں تو وقفہ ہے ہی، باقی نمازوں میں بھی مستحب ہے۔ احناف مغرب کی نماز میں وقفے کے قائل نہیں کہ اس سے تاخیر ہو جائے گی، حالانکہ چند منٹ کے وقفے سے کون سا پہاڑ ٹوٹ پڑے گا جب کہ احناف مغرب کی اذان بسا اوقات پانچ پانچ منٹ تاخیر سے کہتے ہیں، بالخصوص رمضان المبارک میں افطاری کے وقت بعض (بریلوی) حنفی مساجد میں صرف افطاری کے اعلان پر اکتفا کیا جاتا ہے، پھر پانچ سات منٹ بعد، حسب ضرورت کھا پی کر، اذان دی جاتی ہے جو کہ قطعاً سنت کے خلاف عمل ہے، اگر اس احتیاط سے نماز میں تاخیر نہیں ہوتی تو ہلکی سی مسنون دو رکعتوں سے کیسے تاخیر ہو گی۔ سنت پر عمل تو برکت و ثواب کا موجب ہے۔
➍ دو اذانوں سے مراد حقیقی اذانیں نہیں کیونکہ ان کے درمیان تو فرض نمازِ ہوتی ہے اور یہاں «لمن شاء» کے الفاظ ہیں کہ جو پڑھنا چاہے، گویا یہ فرض نماز نہیں، لہٰذا دو اذانوں سے مراد اذان اور اقامت ہیں۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 682