ابو سعید خدری رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ
صلی اللہ علیہ وسلم ابن صائد سے مدینہ کے کسی راستہ میں ملے، آپ نے اسے پکڑ لیا، وہ ایک یہودی لڑکا تھا، اس کے سر پر ایک چوٹی تھی، اس وقت آپ کے ساتھ ابوبکر اور عمر رضی الله عنہما بھی تھے، آپ نے فرمایا:
”کیا تم گواہی دیتے ہو کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟
“، اس نے کہا: کیا آپ گواہی دیتے ہیں کہ میں اللہ کا رسول ہوں؟ نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”میں اللہ، اس کے فرشتوں، اس کی کتابوں، اس کے رسولوں اور یوم آخرت پر ایمان لایا ہوں
“، نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا:
”تم کیا دیکھتے ہو؟
“ ۱؎ اس نے کہا: پانی کے اوپر ایک عرش دیکھتا ہوں، نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”تم سمندر کے اوپر ابلیس کا عرش دیکھتے ہو
“، آپ نے فرمایا:
”اور بھی کچھ دیکھتے ہو؟
“ اس نے کہا: ایک سچا اور دو جھوٹے یا دو جھوٹے اور ایک سچے کو دیکھتا ہوں، نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”اس پر معاملہ مشتبہ ہو گیا ہے
“، پھر آپ نے اسے چھوڑ دیا۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- یہ حدیث حسن ہے،
۲- اس باب میں عمر، حسین بن علی، ابن عمر، ابوذر، ابن مسعود، جابر اور حفصہ رضی الله عنہم سے بھی احادیث آئی ہیں۔