حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 109
´چھ قسم کے ملعون`
«. . . وَعَنْ عَائِشَةَ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهَا قَالَتْ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: \" سِتَّةٌ لَعَنْتُهُمْ وَلَعَنَهُمُ اللَّهُ وَكُلُّ نَبِيٍّ يُجَابُ: الزَّائِدُ فِي كِتَابِ اللَّهِ وَالْمُكَذِّبُ بِقَدَرِ اللَّهِ - [39] - وَالْمُتَسَلِّطُ بِالْجَبَرُوتِ لِيُعِزَّ مَنْ أَذَلَّهُ اللَّهُ وَيُذِلَّ مَنْ أَعَزَّهُ اللَّهُ وَالْمُسْتَحِلُّ لِحَرَمِ اللَّهِ وَالْمُسْتَحِلُّ مِنْ عِتْرَتِي مَا حَرَّمَ اللَّهُ وَالتَّارِكُ لِسُنَّتِي \". رَوَاهُ الْبَيْهَقِيّ فِي الْمدْخل ورزين فِي كِتَابه . . .»
”. . . سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے وہ بیان کرتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”چھ انسان ایسے ہیں جن پر میں لعنت بھیجتا ہوں اور ان پر اللہ بھی لعنت بھیجتا ہے جب کہ ہر پیغمبر مستجاب الدعوات ہوتا ہے۔ (۱) اللہ کی کتاب میں زیادتی کرنے والا، (۲) اللہ کی تقدیر کو جھٹلانے والا، (۳) بلجبر مسلط ہونے والا تاکہ جس شخص کو اللہ نے ذلیل کیا ہے اس کو عزت عطا کرنے اور جس شخص کو اللہ نے عزت عطا کی ہے اس کو،لت سے ہمکنار کرے، (۴) اللہ کے حرم پاک کو حلال جاننے والا، (۵) میرے قرابت داروں سے ان چیزوں کو حلال گردانے جن کو اللہ نے حرام قرار دیا ہے، (۶) اور میری سنت سے منہ پھیرنے والا۔“ (بہیقی نے مدخل میں اور رزین نے اپنی کتاب میں زکر کیا ہے)۔ . . .“ [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 109]
تخریج:
[سنن ترمذي 2154]
تحقیق الحدیث:
یہ روایت نہ تو المدخل للبیہقی (مطبوع) میں ملی ہے اور نہ رزین کی کتاب کہیں سے دستیاب ہو سکی ہے،
لیکن اسے ترمذی [2154] بیہقی [شعب الایمان: 4010، 4011] ابن حبان [الاحسان: 5719 دوسرا نسخه: 5749] ابن ابی عاصم [السنة: 44، 337] طحاوی [مشكل الآثار 4؍366] اور حاکم [2؍525 ح3949، اتحاف المهره 17؍767 ح23197] نے اسے سند کے ساتھ بیان کیا ہے اور حاکم نے صحیح کہا ہے۔
↰ اس حدیث کی سند حسن لذاتہ ہے۔ عبدالرحمٰن بن ابی الموال صحیح بخاری کے راوی اور جمہور محدثین کے نزدیک ثقہ و صدوق ہیں، لہٰذا ان کی حدیث حسن کے درجے سے نہیں گرتی۔
عبیداللہ بن عبدالرحمٰن بن موہب جمہور کے نزدیک موثق راوی ہیں۔
↰ عبیداللہ بن عبدالرحمٰن بن موہب جمہور کے نزدیک موثق راوی ہیں۔ دیکھئے: [تهذيب التهذيت بحاشيتي ج7 ص 26۔ 27]
لہٰذا حسن الحدیث ہیں۔
↰ عمرہ بنت عبدالرحمٰن مشہور ثقہ روایہ ہیں۔
↰ بعض نے ابن موہب اور عمرہ کے درمیان ابوبکر بن محمد بن عمرو بن حزم کا واسطہ ذکر کیا ہے۔ دیکھئے: [المستدرك 36/1 ح 102، وقال: صحيح الاسناد]
↰ ابوبکر بن محمد صحیحین کے راوی اور ثقہ عابد تھے۔ دیکھئے: [تقريب التهذيب: 7988]
فقہ الحدیث:
➊ تشریح و تفسیر کے بغیر جان بوجھ کر کتاب اللہ کے الفاظ یا مفہوم میں سلف صالحین کے خلاف اضافہ کرنا حرام ہے۔
➋ تقدیر کا انکار حرام ہے۔
➌ اہل بیت کی عزت و احترام واجت (فرض) ہے۔ اہل بیت کی توہین کرنا لعنتیوں کا کام ہے اور یہ بھی واضح رہے کہ اہل بیت میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کی تمام بیویاں (امہات المؤمنین) بھی شامل ہیں۔
➍ سنت ضروریہ کو ترک کرنا حرام ہے جیسا کہ بعض لوگ داڑھی منڈواتے ہیں۔ عام سنتوں کو بھی استخفاف کی نیت سے ترک کرنا حرام ہے۔
➎ ہر مسلم پر لازم ہے کہ ہر حال میں ان تمام امور سے اپنے آپ کو بچائے جن پر اللہ اور رسول نے لعنت بھیجی ہے۔
➏ مطلقاً تارک سنت یعنی تمام سنتوں کا تارک ملعون ہے۔
اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 109