3015. حضرت ابن عمر ؓسے روایت ہے، انھوں نے فرمایا کہ رسول اللہ ﷺ کی بعض لڑائیوں میں ایک عورت قتل شدہ پائی گئی تو رسول اللہ ﷺ نے عورتوں اور بچوں کو قتل کرنے سے منع فرمادیا۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:3015]
حدیث حاشیہ: 1۔
دوران جنگ میں بچوں اور عورتوں کو قتل کرنے کے متعلق عام طور پر دوموقف بیا ن کیے جاتےہیں:
۔
انھیں قتل کرنا مطلق طور پر جائز ہے۔
۔
انھیں قتل کرنا مطلق طور پر ناجائز ہے۔
لیکن امام بخاری ؒ کے انداز بیان سے معلوم ہوتا ہے کہ اس مسئلے میں کچھ تفصیل ہے۔
وہ اس طرح کہ تین صورتوں میں انھیں قتل کیا جاسکتا ہے:
الف۔
جب وہ خود جنگ میں شریک ہوں اور باقاعدہ مسلمانوں کا مقابلہ کرنے کے لیے خم ٹھونک کر میدان میں آجائیں۔
ب۔
کفار ومشرکین انھیں بطور ڈھال استعمال کریں، یعنی دوران جنگ میں انھیں آگے کردیں۔
ج۔
شب خون مارتے وقت لاشعوری طور پرمارے جائیں۔
ان تین صورتوں کے علاوہ انھیں قتل کرنا جائز نہیں۔
2۔
حافظ ابن حجر ؒنے اس کی وجہ ان الفاظ میں بیان کی ہے:
عورتیں اس لیے کہ کمزور ہیں اور میدان جنگ میں نہیں لڑ سکتیں اور بچے اس لیے کہ وہ فعل کفر سے قاصر ہیں کیونکہ کفر ہی قتال کا باعث ہے۔
واللہ أعلم۔
(فتح الباري: 179/6)