سنن نسائي کل احادیث 5761 :حدیث نمبر
کتاب سنن نسائي تفصیلات

سنن نسائي
کتاب: اذان کے احکام و مسائل
The Book of the Adhan (The Call to Prayer)
42. بَابُ : إِقَامَةِ الْمُؤَذِّنِ عِنْدَ خُرُوجِ الإِمَامِ
42. باب: امام کے نکلنے کے وقت مؤذن کے اقامت کہنے کا بیان۔
Chapter: The Mu'adhdhin Saying The Iqamah When The Imam Comes Out
حدیث نمبر: 688
Save to word مکررات اعراب
(مرفوع) اخبرنا الحسين بن حريث، قال: حدثنا الفضل بن موسى، عن معمر، عن يحيى بن ابي كثير، عن عبد الله بن ابي قتادة، عن ابيه، قال: قال رسول الله صلى الله عليه وسلم:" إذا اقيمت الصلاة، فلا تقوموا حتى تروني خرجت".
(مرفوع) أَخْبَرَنَا الْحُسَيْنُ بْنُ حُرَيْثٍ، قال: حَدَّثَنَا الْفَضْلُ بْنُ مُوسَى، عَنْ مَعْمَرٍ، عَنْ يَحْيَى بْنِ أَبِي كَثِيرٍ، عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي قَتَادَةَ، عَنْ أَبِيهِ، قال: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ:" إِذَا أُقِيمَتِ الصَّلَاةُ، فَلَا تَقُومُوا حَتَّى تَرَوْنِي خَرَجْتُ".
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب نماز کے لیے اقامت کہی جائے تو جب تک تم مجھے دیکھ نہ لو کھڑے نہ ہو۔

تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الأذان 22 (637)، 23 (638)، الجمعة 18 (909)، صحیح مسلم/المساجد 29 (604)، سنن ابی داود/الصلاة 46 (539، 540)، سنن الترمذی/الصلاة 298 (592)، (تحفة الأشراف: 12106)، مسند احمد 5/303، 304، 307، 308، 309، 310، سنن الدارمی/الصلاة 47 (1296، 1297)، ویأتي عند المؤلف في الإمامة برقم: 791) (صحیح)»

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: متفق عليه

   صحيح البخاري909حارث بن ربعيلا تقوموا حتى تروني عليكم السكينة
   صحيح البخاري637حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني
   صحيح مسلم1365حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني
   جامع الترمذي592حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني خرجت
   سنن أبي داود539حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني
   سنن النسائى الصغرى688حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني خرجت
   سنن النسائى الصغرى791حارث بن ربعيإذا نودي للصلاة فلا تقوموا حتى تروني
   مسندالحميدي431حارث بن ربعيإذا أقيمت الصلاة فلا تقوموا حتى تروني

سنن نسائی کی حدیث نمبر 688 کے فوائد و مسائل
  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 688  
688 ۔ اردو حاشیہ: کبھی ایسا ہوتاکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم مؤذن سے کہتے تم اقامت کہو، میں آتا ہوں۔ مؤذن کا اندازہ ہوتاکہ اب آپ آ رہے ہیں، مؤذن اقامت کہہ دیتا مگر آپ کو کچھ دیر ہو جاتی۔ آپ نے محسوس فرمایا کہ اس سے لوگوں کو ناحق تکلیف ہو گی، اس لیے آپ نے انہیں کھڑا ہونے سے روک دیا، جب تک کہ آپ تشریف لے نہ آئیں۔ اسی سے مؤلف رحمہ اللہ نے استدلال کیا ہے کہ جب اٹھنا امام کو دیکھ کر ہے تو پہلے اقامت کہنے سے کیا فائدہ؟ لہٰذا امام کو آتا دیکھ کر اقامت کہی جائے اور یہ صحیح بات ہے۔ پہلے ہی اقامت کہہ دینا مشکلات کا سبب ہے۔ اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم کی بات کچھ اور تھی۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 688   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث سنن ابي داود 539  
´اقامت کے بعد امام مسجد نہ پہنچے تو لوگ بیٹھ کر امام کا انتظار کریں۔`
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب نماز کے لیے تکبیر کہی جائے تو جب تک تم مجھے (آتا) نہ دیکھ لو کھڑے نہ ہوا کرو۔‏‏‏‏ ابوداؤد کہتے ہیں: اسی طرح اسے ایوب اور حجاج الصواف نے یحییٰ سے روایت کیا ہے۔ اور ہشام دستوائی کا بیان ہے کہ مجھے یحییٰ نے یہ حدیث لکھ کر بھیجی، نیز اسے معاویہ بن سلام اور علی بن مبارک نے بھی یحییٰ سے روایت کیا ہے، ان دونوں کی روایت میں ہے: یہاں تک کہ تم مجھے دیکھ لو، اور سکون اور وقار کو ہاتھ سے نہ جانے دو۔‏‏‏‏ [سنن ابي داود/كتاب الصلاة /حدیث: 539]
539۔ اردو حاشیہ:
معلوم ہوا کہ بعض اوقات آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد سے قبل بھی اقامت کہہ دی جاتی تھی، جب کہ آپ کو پہلے جماعت کا وقت ہونے کی اطلاع دی جاتی تھی۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 539   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث 791  
´(نماز کے لیے) لوگوں کے کھڑے ہونے کا بیان۔`
ابوقتادہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب نماز کے لیے اذان دی جائے، تو جب تک مجھے دیکھ نہ لو کھڑے نہ ہوا کرو ۱؎۔ [سنن نسائي/كتاب الإمامة/حدیث: 791]
791 ۔ اردو حاشیہ: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے دور میں بسا اوقات ایسے ہوتاکہ حضرت بلال رضی اللہ عنہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو نماز کے وقت کی اطلاع دیتے تو آپ فرماتے: تم اقامت کہو میں آ رہا ہوں۔ وہ آکر اقامت کہہ دیتے۔ کبھی آپ کو گھر میں کچھ دیر ہو جاتی اس لیے لوگوں کو بے فائدہ کھڑے ہونے سے روکنے کے لیے یہ ارشاد فرمایا۔ بالتبع معلوم ہوا کہ اقامت امام کی اجازت سے اس کے آنے سے قبل بھی کہی جا سکتی ہے۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 791   

  الشيخ محمد ابراهيم بن بشير حفظ الله، فوائد و مسائل، مسند الحميدي، تحت الحديث:431  
431- عبداللہ بن ابوقتادہ اپنے والد کے حوالے سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ فرمان نقل کرتے ہیں: جب نماز کے لئے اقامت کہی جائے، تو لوگ اس وقت تک کھڑے نہ ہو، جب تک مجھے دیکھ نہیں لیتے۔ [مسند الحمیدی/حدیث نمبر:431]
فائدہ:
اس حدیث سے ثابت ہوا کہ نمازیوں کو امام کا انتظار کرنا چاہیے، جب وہ مسجد میں آجائے اور نظر آ جائے تب اقامت کہنی شروع کرنی چاہیے۔ اگر امام مسجد میں ہی بیٹھا ہوا ہے تو جب جماعت کا وقت ہو جائے، تو اس وقت امامت کہہ دینی چاہیے۔
   مسند الحمیدی شرح از محمد ابراهيم بن بشير، حدیث/صفحہ نمبر: 431   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 637  
637. حضرت ابوقتادہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا؛ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب نماز کی اقامت کہی جائے تو اس وقت تک کھڑے نہ ہو جب تک مجھے آتا نہ دیکھ لو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:637]
حدیث حاشیہ:
اس مسئلے میں کئی قول ہیں۔
امام شافعی ؒ کے نزدیک تکبیر ختم ہونے کے بعد مقتدیوں کو اٹھنا چاہئیے، امام مالک ؒ کہتے ہیں تکبیر شروع ہوتے ہی۔
امام ابوحنیفہ ؒ کہتے ہیں کہ جب مؤذن حي علی الصلوٰة کہے اور جب مؤذن قدقامت الصلوٰة کہے توامام نماز شروع کردے۔
امام احمد بن حنبل ؒ فرماتے ہیں کہ حي علی الصلوٰة پر اٹھے۔
امام بخاری ؒ نے باب کی حدیث لا کر یہ اشارہ کیا جب امام مسجد میں نہ ہو تو مقتدیوں کو چاہئیے کہ بیٹھے رہیں اور جب امام کو دیکھ لیں تب نماز کے لیے کھڑے ہوں۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 637   

  مولانا داود راز رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري: 909  
909. حضرت ابوقتادہ ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جب تک مجھے دیکھ نہ لو نماز کے لیے کھڑے نہ ہوا کرو اور تم اطمینان و سکون کو خود پر لازم کر لو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:909]
حدیث حاشیہ:
تشریح:
حضرت امام بخاری ؒ نے احتیاط کی راہ سے اس میں شک کیا کہ یہ حدیث ابو قتادہ کے بیٹے عبد اللہ نے اپنے باپ سے موصولًا روایت کی یا عبد اللہ نے اس کو مرسلاً روایت کیا، شاید یہ حدیث انہوں نے اس کتاب میں اپنی یاد سے لکھی، اس وجہ سے ان کو شک رہا لیکن اسماعیلی نے اسی سند سے اس کو نکالا اس میں شک نہیں ہے عبداللہ سے انہوں نے ابو قتادہ سے روایت کی موصولاً ایسے بہت سے بیانات سے واضح ہے کہ حضرت امام بخاری رحمہ اللہ روایت حدیث میں انتہا ئی احتیاط ملحوظ رکھتے تھے پھر تف ہے ان لوگوں پر جو صحیح مرفوع احادیث کا انکار کر تے ہیں۔
ھداھم اللہ۔
   صحیح بخاری شرح از مولانا داود راز، حدیث/صفحہ نمبر: 909   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:637  
637. حضرت ابوقتادہ ؓ سے روایت ہے، انہوں نے کہا؛ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جب نماز کی اقامت کہی جائے تو اس وقت تک کھڑے نہ ہو جب تک مجھے آتا نہ دیکھ لو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:637]
حدیث حاشیہ:
لوگوں کو جماعت کےلیے کب کھڑا ہونا چاہیے؟ اس کے متعلق متقدمین میں اختلاف ہے۔
یہی وجہ ہے کہ امام بخاری ؒ نے کوئی فیصلہ کن عنوان قائم نہیں کیا۔
کچھ حضرات کا خیال ہے کہ اقامت ختم ہونے کے بعد مقتدیوں کو اٹھنا چاہیے جبکہ کچھ فقہاء کہتے ہیں کہ اقامت کے آغاز ہی میں مقتدیوں کو نماز کے لیے کھڑا ہو جانا چاہیے۔
اسی طرح بعض حي على الصلاة اور بعض قد قامت الصلاة کہنے کے وقت اٹھنے کے قائل ہیں۔
تنقیح مسئلہ یہ ہے کہ اگر امام مسجد سے باہر ہو تو مقتدیوں کو چاہیے کہ جب وہ مسجد میں آجائے تو صف بندی کے لیے کھڑے ہوں۔
اگر وہ مسجد کے اندرہو تو جب وہ اپنی جگہ سے جماعت کےلیے اٹھے تو مقتدی بھی اس وقت کھڑے ہوں۔
مذکورہ حدیث کے ظاہری الفاظ سے معلوم ہوتا ہے کہ رسول اللہ ﷺ ابھی گھر میں ہوتے تھے کہ نماز کے لیے اقامت کہہ دی جاتی تھی، لیکن ایک دوسری حدیث میں ہےکہ حضرت بلال ؓ اس وقت تک تکبیر نہ کہتے تھے جب تک رسول اللہ ﷺ گھر سے برآمد نہ ہوجاتے۔
ان کے درمیان بایں طور تطبیق دی گئی ہے کہ حضرت بلال ؓ رسول اللہ ﷺ کے گھر سے نکلنے کا انتظار کرتے رہتے۔
جب رسول اللہ ﷺ پر حضرت بلال ؓ کی نظر پڑتی تو اقامت کہنا شروع کردیتے جبکہ رسول اللہ ﷺ اکثر لوگوں کی نگاہوں سے اوجھل ہوتے تھے۔
جب لوگ آپ کو دیکھتے تو نماز کے لیے کھڑے ہوجاتے، پھر رسول اللہ ﷺ اس وقت تک جماعت کے لیے مصلے پر نہ آتے جب تک کہ لوگ اپنی صفیں درست نہ کرلیتے۔
(فتح الباري: 185/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 637   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:909  
909. حضرت ابوقتادہ ؓ سے روایت ہے، وہ نبی ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: جب تک مجھے دیکھ نہ لو نماز کے لیے کھڑے نہ ہوا کرو اور تم اطمینان و سکون کو خود پر لازم کر لو۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:909]
حدیث حاشیہ:
(1)
امام بخاری ؒ نے اس حدیث کو کتاب الأذان میں (رقم: 638 کے تحت)
بیان کیا تھا اور اس پر بایں الفاظ عنوان بندی کی تھی:
(باب:
لا يقوم إلي الصلاة مستعجلاً وليقم إليها بالسكينة والوقار)

نماز کے لیے جلد بازی سے کھڑا نہیں ہونا چاہیے بلکہ آرام و سکون سے کھڑا ہونا چاہیے وہاں مذکورہ روایت کو بطور متابعت بیان کیا تھا۔
اس مقام پر محل استشہاد وعليكم السكينة کے الفاظ ہیں۔
علامہ ابن رشید ؒ فرماتے ہیں:
اس حکم امتناعی میں نکتہ یہ ہے کہ اگر مقتدی حضرات جلد بازی میں نماز کے لیے کھڑے ہوں گے تو اسی حالت میں وہ نماز شروع کریں گے، ایسا کرنے سے نماز کے لیے ہئیت وقار و سکون مجروح ہو گی جو مقاصد نماز کے منافی ہے۔
(2)
حدیث مذکور کی عنوان سے مطابقت بھی واضح ہو گئی کہ جمعہ کے لیے دوڑ کر آنے کی ممانعت ہے کیونکہ ایسا کرنا وقار اور سکون کے منافی ہے۔
(فتح الباري: 504/2)
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 909   

  الشيخ عبد السلام بھٹوی رحمہ اللہ، فوائد، صحیح بخاری ح : 637  
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ جب نماز کے لیے تکبیر کہی جائے تو اس وقت تک نہ کھڑے ہو جب تک مجھے نکلتے ہوئے نہ دیکھ لو۔ [صحيح بخاري ح: 637]
فوائد:
➊ اس حدیث سے ظاہر ہو رہا ہے کہ بلال رضی اللہ عنہ اس وقت اقامت کہہ دیتے تھے جب ابھی تک رسول الله صلی اللہ علیہ وسلم مسجد میں تشریف نہیں لائے ہوتے تھے، اس پر سوال پیدا ہوتا ہے کہ پھر بلال رضی اللہ عنہ پہلے اقامت کس طرح کہہ دیتے تھے؟ اس
کا جواب یہ ہے کہ بلال رضی اللہ عنہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی آمد کا خاص خیال رکھتے تھے، اس لیے انھیں دروازے یا پردے کی حرکت سے یا آپ کے کھانسنے سے یا آپ کے معمول کے وقت سے آپ کی تشریف آوری کا اندازہ ہو جاتا تھا، اس لیے وہ اقامت کہہ دیتے تھے، مگر آپ نے مقتدیوں کو اس وقت تک کھڑے ہونے سے منع کر دیا کہ وہ آپ کو دیکھ لیں، کیونکہ بعض اوقات اقامت کہنے والا اقامت کہہ دیتا ہے، مگر اس کے دوران امام کو کوئی عذر پیش آ جاتا ہے تو وہ آنے سے رک جاتا ہے، اس لیے فرمایا: تم مجھے دیکھ لینے تک کھڑے نہ ہو۔ خلاصہ اس کا یہ ہے کہ جب امام مسجد میں موجود نہ ہو تو اس کی آمد اور اسے دیکھ لینے تک مقتدیوں کو کھڑا نہیں ہونا چاہیے۔
➋ رہی یہ بات کہ اگر امام مسجد میں موجود ہو تو اقامت کہے جانے پر لوگ کس وقت کھڑے ہوں تو اس کے متعلق اہل علم کے مختلف اقوال ہیں۔ بعض نے کہا کہ وہ اس وقت کھڑے ہوں جب اقامت پوری ہو جائے۔ بعض نے کہا کہ اقامت کہنے والے کے «اللهُ أَكْبَرُ» کہنے پر کھڑے ہو جائیں۔ بعض نے کہا «حَيَّ عَلَى الصَّلَاةِ» پر کھڑے ہو جائیں اور جب موزن «قَدْ قَامَتِ الصَّلَاةُ» کہے تو امام «الله أكبر» کہہ کر نماز شروع کر دے مگر اس صورت میں امام کے لیے صفیں درست کروانے کا موقع ہی نہیں رہتا۔ حقیقت یہ ہے کہ حدیث میں اس کی کوئی حد مقرر نہیں کی گئی، اس لیے اس میں وسعت ہے۔ اقامت کے شروع میں کھڑے ہو جائیں یا اس کے درمیان میں یا آخر میں یہ طرح درست ہے، کیونکہ شریعت نے اس کی کوئی حد مقرر نہیں فرمائی۔
➌ صحیح بخاری ہی میں اس کے قریب باب (24) میں ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے حدیث آ رہی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نکلے جب کہ اقامت ہو چکی تھی اور صفیں درست ہو گئی تھیں، پھر آپ تشریف لا کر اپنی جگہ پر کھڑے ہو گئے۔ [ابو داؤد 541] میں انھی سے مروی ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے لیے نماز کی اقامت ہو جاتی تھی، لوگ آپ کے آنے سے پہلے اپنی اپنی جگہ پکڑ لیتے تھے۔ ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ کی ان احادیث اور ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں تطبیق یہ ہے کہ ابو قتادہ رضی اللہ عنہ کی حدیث میں آپ کی آمد سے پہلے کھڑے ہونے سے منع ہی اس لیے کیا گیا کہ لوگ پہلے کھڑے ہو جاتے تھے، جب آپ نے منع کر دیا تو ظاہر ہے کہ صحابہ سے یہ امید نہیں رکھی جا سکتی کہ وہ منع کرنے کے باوجود آپ کو دیکھنے سے پہلے صفیں مکمل کر لیتے ہوں گے۔
   فتح السلام بشرح صحیح البخاری الامام، حدیث/صفحہ نمبر: 637   

  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، سنن ترمذی 592  
ابوقتادہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جب نماز کی اقامت کہہ دی جائے تو تم اس وقت تک نہ کھڑے ہو جب تک کہ مجھے نکل کر آتے نہ دیکھ لو ... [سنن ترمذي 592]
نمازِ باجماعت کے لئے کس وقت کھڑے ہونا چاہیے؟
سوال:
مولانا محمد منیر سیالکوٹی صاحب حفظہ اللہ نے فرمایا ہے کہ
اور اقامت کے وقت مقتدیوں کے کھڑے ہونے کے بارے میں کوئی وقت مقرر نہیں۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے قد قامت الصلوٰۃ کے وقت کھڑے ہونے کی روایت ہے۔ حضرت سعید بن مسیب رحمہ اللہ مؤذن کے اللہ اکبر کہتے ہی کھڑے ہونے کے قائل تھے۔ امام ابوحنیفہ رحمہ اللہ حیّ علی الفلاح کے الفاظ پر، اور امام مالک رحمہ اللہ لوگوں کی طاقت پر چھوڑتے ہیں کہ جو جب اُٹھ سکے۔ اُٹھ جائے۔ کیونکہ ان میں کوئی ضعیف ہو گا۔ اور کوئی ثقیل۔ اور کھڑے ہونے کا وقت بھی مقرر نہیں ہے۔ حنابلہ قد قامت الصلوٰۃ کے وقت اور شافعیہ ختم ہونے پر کھڑے ہونے کے قائل ہیں۔ (فتح الباری 2/ 120، الفقہ علی المذاہب الاربعۃ 1/ 325) اور بظاہر امام مالک رحمہ اللہ کا قول ہی اقرب الی السنۃ ہے۔ (فقہ الصلوٰۃ ج 2 ص 179)
آپ براہِ کرم راجح بات واضح فرمائیں کہ نمازی (مقتدی) اقامت سے قبل کھڑے ہوں (صف بندی کے لئے) یا اقامت کے بعد؟ (ایک سائل)

الجواب:
سوال میں مذکورہ روایات کی تحقیق علی الترتیب درج ذیل ہے:
1: حافظ ابن حجر العسقلانی رحمہ اللہ نے سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب اثر امام ابن المنذر وغیرہ سے نقل کیا ہے۔ (فتح الباری 2/ 120 تحت ح 637)
امام ابن المنذر کی کتاب: الاوسط میں یہ اثر درج ذیل سند و متن کے ساتھ موجود ہے:
وَحَدَّثُونَا عَنِ الْحَسَنِ بْنِ عِیسَی، قَالَ: أَخْبَرَنَا ابْنُ الْمُبَارَکِ، قَالَ: أَخْبَرَنَا أَبُو یَعْلَی، قَالَ: رَأَیْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِکٍ إِذَا قِیلَ: قِدْ قَامَتِ الصَّلَاۃُ وَثَبَ فَقَامَ
(4/ 166ث 1958، دوسرا نسخہ 4/ 187 ح 1947)
اس روایت میں وَحَدَّثُونَا کے قائلین نامعلوم ہیں، لہٰذا یہ سند ضعیف ہے۔
اور وغیرہ کا قائل معلوم نہیں، السنن الکبریٰ (2/ 21) میں یہ اثر بے سند ہے، لیکن حافظ ابن عبدالبر نے اسے اپنی سند کے ساتھ ابو بکر الاثرم کی کتاب سے وَحَدَّثَنَا عُثْمَانُ بْنُ أَبِی شَیْبَۃَ قَالَ: حَدَّثَنَا ابْنُ الْمُبَارَکِ عَنْ أَبِی یَعْلَی قَالَ: رَأَیْتُ أَنَسَ بْنَ مَالِکٍ إِذَا قِیلَ: قَدْ قَامَتِ الصَّلَاۃُ، قَامَ فَوَثَبَ کی سند ومتن سے روایت کیا ہے۔ (التمہید ج 9 ص 193، دوسرا نسخہ ج 3 ص 102)
اثرم تک ابن عبدالبر کی سند میں نظر ہے اور اگر یہ امام ابن المبارک سے ثابت ہو جائے تو عرض ہے کہ اس کا راوی ابو یعلیٰ سلمہ بن وردان اللیثی المدنی ضعیف ہے۔ (دیکھئے تقریب التہذیب: 2514)
مختصر یہ کہ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کی طرف منسوب یہ روایت ضعیف ہے۔

2: امام سعید بن المسیب بن حزن رحمہ اللہ والی روایت تمہید (لابن عبدالبر) میں ہے۔ (ج 9 ص 193، دوسرانسخہ 3/ 102)
اس کی سند کئی وجہ سے ضعیف ہے، مثلاً کلثوم بن زیاد المحاربی قاضی دمشق جمہور کے نزدیک ضعیف ہے۔ (دیکھئے لسان المیزان بحاشیتی 4/ 489، دوسرا نسخہ 5/ 557)

3: امام ابو حنیفہ کی طرف منسوب قول اُن سے ثابت نہیں ہے اور غیر ثابت ہونے کی وجہ یہ ہے کہ اس کا راوی ابن فرقد (صاحبِ کتاب الاصل 1/ 18۔19) بذاتِ خود جمہور محدثین کے نزدیک ضعیف و مجروح ہے۔

4: امام مالک رحمہ اللہ کاقول ان کی مشہور کتاب موطأ امام مالک (روایۃ یحییٰ 1/ 71، روایۃ ابی مصعب زہری: 186) میں موجود ہے۔

حافظ ابن حجر نے لکھا ہے:
وَذَہَبَ الْأَکْثَرُونَ إِلَی أَنَّہُمْ إِذَا کَانَ الْإِمَامُ مَعَہُمْ فِی الْمَسْجِدِ لَمْ یَقُوْمُوْا حَتَّی تَفْرُغَ الْإِقَامَۃُ
اکثر کا یہ مذہب ہے کہ اگر امام مسجد میں موجود ہو تو لوگ اقامت ختم ہونے سے پہلے کھڑے نہ ہوں۔ (فتح الباری 2/ 120)

امام ترمذی نے فرمایا:
وقَالَ بَعْضُہُمْ: إِذَا کَانَ الإِمَامُ فِی المَسْجِدِ فَأُقِیمَتِ الصَّلَاۃُ فَإِنَّمَا یَقُومُونَ إِذَا قَالَ المُؤَذِّنُ: قَدْ قَامَتِ الصَّلَاۃُ، وَہُوَ قَوْلُ ابْنِ المُبَارَکِ
اور بعض نے کہا: جب امام مسجد میں ہو اور نماز کی اقامت ہو جائے تو لوگ اس وقت کھڑے ہوں گے جب اقامت کہنے والا قد قامت الصلوٰۃ کہے اور یہی قول عبداللہ بن المبارک کا ہے۔ (سنن الترمذی: 592)
امام ترمذی نے عبداللہ بن المبارک رحمہ اللہ کے جو اقوال سنن ترمذی میں نقل کئے ہیں، ان کی صحیح سندیں اپنی کتاب العلل (الصغیر) میں ذکر کردی ہیں۔ (دیکھئے ص 1، دوسرا نسخہ ص 889 مطبوعہ دارالسلام مع سنن الترمذی)

امام احمد بن حنبل نے فرمایا:
اگر امام مسجد میں ہو تو لوگ اس وقت کھڑے ہوں جب وہ (اقامت کہنے والا) قد قامت الصلوٰۃ کہے۔ امام اسحاق بن راہویہ نے اس کی مکمل تائید فرمائی ہے۔
(مسائل احمد و اسحاق، روایۃ اسحاق بن منصور الکوسج 1/ 127۔128 فقرہ: 179)

امام ابو بکر محمد بن ابراہیم بن المنذر النیسابوری رحمہ اللہ نے فرمایا:
إِنْ کَانَ الْإِمَامُ مَعَہُمْ فِی الْمَسْجِدِ قَامُوا إِذَا قَامَ، وَإِنْ کَانُوا یَنْتَظِرُونَ خُرُوْجَہُ وَمَجِیْئَہُ قَامُوْا إِذَا رَأَوْہُ وَلَا یَقُومُوْا حَتَّی یَرَوْہُ لِحَدِیثِ أَبِيْ قَتَادَۃَ……
اگر امام مسجد میں ان کے ساتھ ہو تو جب وہ کھڑا ہو لوگ کھڑے ہو جائیں اور اگر وہ امام کے باہر آنے کا انتظار کر رہے ہیں توجب اسے دیکھیں کھڑے ہو جائیں اور اگر اسے نہ دیکھیں تو کھڑے نہ ہوں، اس کی دلیل (سیدنا) ابو قتادہ (رضی اللہ عنہ) کی حدیث سے ہے……… (الاوسط نسخہ جدیدہ ج 4 ص 188)
ان آثار کو مد نظر رکھتے ہوئے عرض ہے کہ جب اقامت کہی جائے یعنی قد قامت الصلوٰۃ کے الفاظ پڑھے جائیں تو لوگ نماز پڑھنے کے لئے کھڑے ہو جائیں، اور اگر امام یا اقامت کہنے والے کے ساتھ ہی کھڑے ہو جائیں (بشرطیکہ امام مسجد میں موجود ہو) تو یہ بھی جائز ہے۔ واللہ اعلم
اصل مضمون کے لئے دیکھئے توضیح الاحکام (جلد 3 صفحہ 97 تا 100) للشیخ حافظ زبیر علی زئی رحمہ اللہ
   فتاویٰ علمیہ (توضیح الاحکام)، حدیث/صفحہ نمبر: 97   


https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.