عبداللہ بن مسعود رضی الله عنہ روایت کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سانپوں کے مارنے کا حکم دیا اور فرمایا: ”جو ان کے بدلے (اور انتقام و قصاص) سے ڈرے (اور ان کو نہ مارے) وہ ہم میں سے نہیں ہے“۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3195
اردو حاشہ: (1) اس حکم سے گھریلو سانپ مستثنیٰ ہیں کیونکہ صحیح راویات میںان کے قتل سے روکا گیا ہے۔ ممکن ہے یہ حدیث پہلے کی ہو۔ جن سانپوں کو قتل کرنے کی اجازت ہے‘ ان کے انتقام سے نہیں ڈرنا چاہیے‘ البتہ جن کے قتل سے روکا گیا ہے انہیں قتل نہ کرے‘ انتقام کا خطرہ ہو یا نہ۔ اس روایت کا کتاب الجہاد سے تعلق یوں ہے کہ دوران سفر میں سانپوں سے واسطہ پڑسکتا ہے۔ (2)”وہ ہم میں سے نہیں“ یعنی وہ ہمارے طریقے پر نہیں۔ ہم سانپوں کے انتقام سے نہیں ڈرتے‘ نہ مسلمانوں کو ڈرنا چاہیے۔ مذکورہ روایت کو محقق کتاب نے سنداً ضعیف قراردیا ہے اور مزید لکھا ہے کہ ا س سے سنن ابی داود کی روایت نمبر: 5248 اور 5252 کفایت کرتی ہیں۔ بنایریں مذکورہ روایت ”سنداً ضعیف ہونے کے باوجود قابل عمل ہے۔ واللہ اعلم۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3195