عقبہ بن عامر رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچ حالتیں ہیں ان میں سے کسی بھی ایک حالت پر مرنے والا شہید ہو گا، اللہ کے راستے (جہاد) میں نکلا اور قتل ہو گیا تو وہ شہید ہے، جہاد میں نکلا اور ڈوب کر مر گیا تو وہ شہید ہے، جہاد میں نکلا اور دست میں مبتلا ہو کر ہلاک ہو گیا تو وہ بھی شہید ہے، جہاد میں نکلا اور طاعون میں مبتلا ہو کر مر گیا وہ بھی شہید ہے، عورت (شوہر کے ساتھ جہاد میں نکلی ہے) حالت نفاس میں مر گئی تو وہ بھی شہید ہے“۔
فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث3165
اردو حاشہ: اس روایت میں ہر شہید کے لیے فی سبیل اللّٰہ کی قید لگائی گئی ہے جب کہ دیگر روایات میں یہ قید ذکر نہیں‘ س لیے بہتر ہے کہ فی سبیل اللہ کو عام سمجھا جائے‘ یعنی وہ مسلمان ہ وکیونکہ ہر مسلمان اللہ تعالیٰ کے راستے کا راہی ہے۔ البتہ حقیقی شہید وہی ہے جو جہاد کرتا ہوا مارا جائے۔ اس کے علاوہ جنہیں شہید کہاگیا ہے‘ وہ حکماً شہید ہیں‘ یعنی ان کی موت انتہائی تکلیف دہ اور ا چانک ہونے کی وجہ سے اللہ تعالیٰ ان کی مغفرت فرمادے گا۔ اور انہیں شہیدوں والا رتبہ واجر عطا فرمائے گا۔
سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 3165