عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم جب بستر پر تشریف لے جاتے تو اپنا دایاں ہاتھ اپنے رخسار مبارک کے نیچے رکھتے، پھر (یہ دعا) پڑھتے: «اللهم قني عذابك يوم تبعث (أو تجمع) عبادك»”اے اللہ! مجھ کو تو اپنے اس دن کے عذاب سے بچا جس دن تو اپنے بندوں کو اٹھائے گا یا جمع کرے گا“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 9617، ومصباح الزجاجة: 1358)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/394، 400، 414، 443) (صحیح)»
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3877
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) نیند موت کی یاد دلاتی ہے۔ جس کے بعد اٹھ کر اللہ کے سامنے حاضر ہونا ہے اس لئے سوتے وقت قیامت کے عذاب سے پناہ مانگنا مناسب ہے۔
(2) رسول اللہ ﷺ اللہ کے مقرب ترین اور افضل ترین بندے ہیں۔ جن کے بارے میں عذاب کاتصور بھی ممکن نہیں اس کے باوجود آپ ﷺ نے یہ دعا پڑھی۔ تاکہ عبودیت کا اعتراف اور مومنوں کے لئے نمونہ ہو۔
(3) مذکورہ حدیث میں دعا پڑھنے کی بابت یہ مروی نہیں کہ مذکورہ دعا کتنی مرتبہ پڑھنی ہے البتہ ابوداؤد کی ایک روایت میں ہے کہ رسول اللہ ﷺ مذکورہ دعا تین بار پڑھتے تھے دیکھئے: (سنن إبي داؤد، الأدب، مایقول عند النوم، حدیث: 5045)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3877