عبداللہ بن بسر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ ایک اعرابی نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے عرض کیا کہ اسلام کے اصول و قواعد مجھ پر بہت ہو گئے ہیں ۱؎، لہٰذا آپ مجھے کوئی ایسی چیز بتا دیجئیے جس پر میں مضبوطی سے جم جاؤں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”تمہاری زبان ہمیشہ ذکر الٰہی سے تر رہنی چاہیئے“۔
وضاحت: ۱؎: یعنی اسلام میں نیک اعمال کے طریقے بہت زیادہ ہیں۔
تخریج الحدیث: «سنن الترمذی/الدعوات 4 (3375)، (تحفة الأشراف: 5196)، وقد أخرجہ: مسند احمد (4/188، 190) (صحیح)»
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3793
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) شرائع سےمراد اللہ کے مقرر کردہ احکام جن میں فرض بھی ہیں، نوافل بھی ہیں اور مستحبات بھی۔
(2) فرائض کی ادائیگی ہرحال میں ضروری ہے لیکن مستحبات کی بھی اپنی اہمیت ہے اور نوافل بھی قرب الہیٰ کا ذریعہ ہیں۔ بعض لوگ ان اعمال کی کثرت دیکھ کر گھبرا جاتے ہیں، جیسے اس صحابی نے خواہش ظاہر کی کہ آسان سی نیکی سے کافی ثواب حاصل ہو جائے۔
(3) اللہ کے ذکر کو معمول بنالینے سے نفلی عبادات کی کمی کا ازالہ ہو جا تا ہے۔
(4) کثرت سے ذکر کرنے کا مطلب یہ بھی ہے کہ مختلف اوقات کےلیے جواذکا ر بتائے گئےہیں، ان پر پابند ی کی جائے، مثلاً: صبح و شام کے اذکار، کھانے پینے کے اذکار وغیرہ اور یہ مطلب بھی ہے کہ عام اذکار کثرت سے کیے جائیں، مثلاً: (سبحان الله، الحمد الله، الله اكبر، لا إله إلا الله، لاحول ولاقوة إلا بالله) وغیرہ۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3793
تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 3375
´ذکر الٰہی کی فضیلت کا بیان۔` عبداللہ بن بسر سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے کہا: اللہ کے رسول! اسلام کے احکام و قوانین تو میرے لیے بہت ہیں، کچھ تھوڑی سی چیزیں مجھے بتا دیجئیے جن پر میں (مضبوطی) سے جما رہوں، آپ نے فرمایا: ”تمہاری زبان ہر وقت اللہ کی یاد اور ذکر سے تر رہے“۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب الدعوات/حدیث: 3375]
اردو حاشہ: وضاحت: 1؎: اس آدمی کے کہنے کا مطلب یہ تھا کہ فرائض، سنن اور نوافل کی شکل میں نیکیوں کی بہت کثرت ہے، مجھے کوئی ایسا جامع نسخہ بتائیے جس سے صرف فرائض و سنن پر اگر عمل کر سکوں اور نوافل و مستحبات رہ جائیں تو بھی میری نیکیاں کم نہ ہوں، آپﷺ نے فرمایا: ”ذکر الٰہی سے اپنی زبان تر رکھ اور اسے اپنی زندگی کا دائمی معمول بنا لے، ایسا کرنے کی صورت میں اگر تو نوافل و مستحبات پر عمل نہ بھی کر سکا تو ذکر الٰہی کی کثرت سے اس کا ازالہ ہو جائے گا۔ کیونکہ نوافل ومستحبات (عبادات) کاحاصل تو یہی ہے کہ بندہ بارگاہ الٰہی میں اپنی عاجزی وخاکساری کا اظہارکا نذرانہ پیش کرتا ہے، سو کثرت ذکرسے بھی یہ مقصد حاصل ہو جاتا ہے۔
سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 3375