ام المؤمنین عائشہ رضی اللہ عنہا کہتی ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کی پناہ طلب کرو، اس لیے کہ نظر بد حق ہے“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 17725، ومصباح الزجاجة: 1224) (صحیح)» (سند میں ابو واقد ضعیف راوی ہیں، لیکن شواہدکی بنا پر صحیح ہے، اور اصل حدیث متواتر ہے)
قال الشيخ الألباني: صحيح
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف إسناده ضعيف أبو واقد صالح بن محمد بن زائدة: ضعيف والحديث السابق (الأصل: 3507) يغني عنه انوار الصحيفه، صفحه نمبر 503
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث3508
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) بیماری کے اسباب جس طرح مادی ہوتے ہیں۔ اسی طرح غیر مادی بھی ہوتے ہیں۔ جسطرح جدید تحقیقات کے نتیجے میں امراض کے نفسیاتی اسباب ایک حقیقت کے طور پر تسلیم کئے جا چکے ہیں۔ جو غیر مادی ہیں۔
(2) روحانی اسباب بھی غیر مادی اسباب ہیں۔
(3) غیر مادی امراض اور امراض کے غیر مادی اسباب کاعلاج بھی غیر مادی ذرائع سے ممکن ہے۔ جن میں مختلف اذکار و اوراد کے ذریعے سے علاج سنت سے ثابت ہے۔
(4) نظر کالگنا ایک حقیقت ہے۔ یہ انسان کو غیر مادی طور پر متاثر کرتی ہے۔ غیر مسلم مفکرین کا انکار قابل توجہ نہیں۔
(5) نظر سے تحفظ اللہ کی پناہ میں آنے کے ذریعے سے اور اس کے کلام کا دم کرنے کے ذریعے سے ممکن ہے۔
(6) مذکورہ باب کی تیسری یعنی حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا والی روایت کی بابت ہمارے فاضل محقق لکھتے ہیں کہ یہ سنداً ضعیف ہے۔ تاہم سابقہ روایت اس سے کفایت کرتی ہے۔ اس سے معلوم ہوتا ہےکہ یہ روایت ہمارے فاضل محقق کے نزدیک بھی قابل حجت ہے۔ علاوہ ازیں دیگر محققین نے بھی اسے صحیح قرار دیا ہے مزید تفصیل کے لئے دیکھئے: (سلسلة الأحادیث الصحیحة للألبانی، رقم: 737 وسنن ابن ماجة بتحقیق محمود محمد محمود حسن نصار، رقم: 3508)
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 3508