ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جو شخص اللہ کے راستے میں «رباط»(سرحد پر پڑاؤ ڈالے ہوئے) مر جائے، تو جو وہ نیک عمل کرتا تھا اس کا ثواب اس کے لیے جاری رہے گا، جنت میں سے اس کا رزق مقرر ہو گا، قبر کے فتنہ سے محفوظ رہے گا، اور اللہ تعالیٰ اسے قیامت کے دن ہر ڈر اور گھبراہٹ سے محفوظ اٹھائے گا“۔
تخریج الحدیث: «تفرد بہ ابن ماجہ، (تحفة الأشراف: 14617، ومصباح الزجاجة: 978)، وقد أخرجہ: مسند احمد (2/404) (صحیح)»
مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث2767
اردو حاشہ: فوائد و مسائل: (1) تیاری کا مطلب یہ ہے کہ وہ سرحد پر جنگ لے لیے بالکل تیار ہوتا ہے کہ جونہی جنگ شروع ہو وہ فوراً اس میں شریک ہوجائے۔
(2) خلوص نیت کی وجہ سے نیک اعمال کا ثواب مل جاتا ہے اگرچہ اس عمل کو انجام دینے کا موقع نہ ملا ہو۔
(3) ثواب جاری ہونے کا مطلب یہ ہے کہ وہ زندگی میں جو نیک اعمال کرتا تھا موت کے بعد بھی مسلسل ان اعمال کے برابر ثواب ملتا رہتا ہے۔
(4) رزق سے مراد جنت کا رزق ہے۔
(5)(فُتَّانٌ) آزمانے والوں سے مراد قبر میں حساب کتاب لینے والے فرشتے ہیں۔ ایسے شخص سے قبر میں حساب نہیں لیا جاتا یا وہ سوالوں کا صحیح جواب دیکر کامیاب ہوجاتا ہے۔ اس لفظ (فَتَّانٌ) بھی پڑھا گیا ہے اس صورت میں اس سے دجال یا شیطان یا عذاب کا فرشتہ مراد ہے۔ محاذ پر وفات پانے والا ان سے محفوظ رہے گا۔
سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 2767