سیدنا اسامہ بن زید رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اورسیدنا بلال رضی اللہ عنہ اسواق (باغ) میں داخل ہوئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم قضائے حاجت کے لیے گئے، کہتے ہیں کہ پھر دونوں باہر نکلے۔ سیدنا اسامہ رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے سیدنا بلال رضی الله عنہ سے پوچھا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے (اندر جا کر) کیا کیا؟ سیدنا بلال رضی الله عنہ نے کہا کہ نبی اکرم صل الله علیہ وسلم قضائے حاجت کے لئے گئے، پھر (واپس آ کر) وضو کیا تو اپنا چہرہ مبارک اور اپنے ہاتھ دھوئے، اور اپنے سر کا مسح کیا، اور موزوں پر مسح کیا۔ یونس نے اپنی روایت میں یہ اضافہ کیا ہے «ثم صلي» ”پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے نماز پڑھی۔“ امام ابو بکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ «الاسواق» مدینہ منورہ میں ایک باغ ہے۔ اور امام ابو بکر رحمہ اللہ کہتے ہیں کہ میں نے یونس کو کہتے ہوئے سنا کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے حضر میں موزوں پر مسح کرنے کے متعلق اس کے علاوہ اور کوئی حدیث مروی نہیں ہے.