145. سورہ مائدہ کے نازل ہونے کے بعد نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے موزوں پر مسح کرنے کا بیان، اس شخص کے دعوے کے برعکس جو کہتا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سورہ مائدہ نازل ہونے سے پہلے موزوں پر مسح کیا تھا
حضرت ابوزرعہ بن عمرو بن جریر رحمہ اللہ سے روایت ہے کہ سیدنا جریر رضی اللہ عنہ نے پیشاب کیا اور وضو کیا، اور اپنے موزوں پر مسح کیا، تو لوگوں نے اُن پر عیب لگایا (یعنی اُن کے مسح کرنے کو ناپسندیدہ اور ناکافی سمجھا) تو اُنہوں نے فرمایا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو موزوں پر مسح کرتے ہوئے دیکھا ہے۔ اُن سے عرض کی گئی کہ (آپ صلی اللہ علیہ وسلم کا موزوں پر مسح کرنا) یہ تو سورۃ مائدہ کے نزول سے پہلے تھا؟ اُنہوں نے فرمایا کہ بیشک میں سورہ مائدہ کے نزول کے بعد ہی اسلام لایا تھا۔