سیدنا ابومسعود عقبہ بن عمرو رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نماز کے لئے (صفیں بناتے وقت) ہمارے کندھوں کو ہاتھ سے درست کرتے اور فرماتے: ”سیدھے ہو جاؤ اور اختلاف نہ کرو ورنہ تمہارے دل باہم مختلف ہو جائیں گے۔“ سیدنا ابومسعود رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ تم آج شدید اختلاف کا شکار ہوچُکے ہو۔ یہ جناب وکیع کی روایت ہے۔ جناب ابواسامہ اور ابن ابی عدی کی روایت میں یہ الفاظ ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے کندھے برابر کرتے اور محمد بن جعفر کی روایت میں ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ہمارے کندھوں پر ہاتھ پھیرتے (اور برابر کرتے)۔