سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی شخص مسجد میں داخل ہو تو دو رکعت پڑھے بغیر نہ بیٹھے۔“ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ ایک طویل باب ہے۔ میں نے اسے کتاب الکبیر میں بیان کیا ہے۔ امام ابوبکر رحمه الله فرماتے ہیں کہ یہ حُکم فضیلت وثواب کے لئے ہے۔ فرض و وجوب کے لئے نہیں۔ اس کی دلیل سیدنا طلحہ بن عبداللہ رضی اللہ عنہ کی وہ حدیث ہے جو وہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پانچ نمازوں کی فرضیت بیان کی تو ایک شخص نے سوال کیا، کیا مجھ پر ان کے علاوہ بھی کوئی نماز فرض ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ”نہیں مگر یہ کہ تم نفل نماز پڑھو۔“ اس طرح آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیان فرما دیا کہ نماز پنجگانہ کے علاوہ نفل نمازیں ہیں، فرض نہیں۔