758. (525) بَابُ اسْتِحْبَابِ صَلَاةِ التَّطَوُّعِ قَبْلَ الْمَكْتُوبَاتِ وَبَعْدَهُنَّ فِي الْبُيُوتِ
758. فرض نمازوں سے پہلے اور ان کے بعد نفل نماز گھروں میں پڑھنا مستحب ہے
جناب عبداللہ بن شقیق رحمه الله بیان کرتے ہیں کہ میں نے سیدہ عائشہ رضی اللہ عنہا سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کی نفل نماز کے متعلق پوچھا تو اُنہوں نے فرمایا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم ظہر سے پہلے چار رکعات میرے گھر میں پڑھتے تھے، پھر تشریف لے جاتے اور لوگوں کو نماز پڑھاتے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر واپس تشریف لاتے اور دو رکعات ادا کرتے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو مغرب کی نماز پڑھاتے پھر میرے گھر واپس آ کر دو رکعات ادا کرتے، پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم انہیں عشاء کی نماز پڑھاتے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم میرے گھر میں داخل ہوتے تو دو رکعات ادا کرتے، اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم رات کے وقت نو رکعات وتروں سمیت ادا کرتے، اور جب فجر طلوع ہو جاتی تو دو رکعات ادا کرتے پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم (مسجد) تشریف لے جاتے اور لوگوں کو نماز فجر پڑھاتے۔“