سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جب تم میں سے کوئی شخص فجر کی دو سنّتیں ادا کرے تو اسے اپنی دائیں کروٹ پر لیٹنا چاہیے۔ تو مروان بن حکم نے سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے کہا تو کیا ہم میں سے کسی شخص کے لئے مسجد کی طرف چلنا کافی نہیں ہو گا۔ حتیٰ کہ وہ (سنّتیں پڑھ کر) لیٹ جائے۔ سیدنا ابن عمر رضی اللہ عنہما تک ان کی یہ بات پہنچی تو اُنہوں نے فرمایا کہ ابوہریرہ (ہمیں) بکثرت احادیث بیان کرتے ہیں تو ان سے عرض کی گئی کہ وہ جو بات بیان کر رہے ہیں کیا آپ اُس کا انکار کرتے ہیں؟ اُنہوں نے فرمایا کہ نہیں۔ لیکن اُنہوں نے (بکثرت احادیث بیان کرنے میں) جرأت سے کام لیا اور ہم بزدل بنے رہے، لہٰذا سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ کو یہ بات پہنچی تو اُنہوں نے فرمایا تو اس میں میرا کیا قصور ہے کہ میں نے (فرامین نبوی) یاد رکھے اور وہ بھول گئے۔