۔ علی بن مسہر اور عیسیٰ بن یونس نے اعمش سے اسی سند کے ساتھ مذکورہ بالا روایت بیان کی۔ ان دونوں کی حدیث میں ہے کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم اس مرض میں مبتلا ہوئے جس میں آپ نے وفات پائی۔ ابن مسہر کی روایت میں ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو لایا گیا یہاں تک کہ انہیں ابو بکر رضی اللہ عنہ کے پہلو میں بٹھا دیا گیا۔ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو نماز پڑھا رہے تھے اور ابو بکر رضی اللہ عنہ لوگوں کو تکبیر سنا رہے تھے۔ عیسیٰ کی روایت میں ہے: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ گئے اور لوگوں کو نماز پڑھانے لگے، ابو بکر رضی اللہ عنہ آپ کے پہلو میں تھے اور لوگوں کو (آپ کی تکبیر) سنا رہے تھے۔
امام صاحب ایک اور سند سے مذکورہ بالا روایت بیان کرتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مرض الموت کی بیماری میں مبتلا ہوئے، ابن مسہر کہتے ہیں تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو لایا گیا حتیٰ کہ ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ کے پہلو میں بٹھا دیا گیا، رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم لوگوں کو جماعت کرانے لگے اور ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ ان کو تکبیر سنانے لگے اور عیسیٰ کی روایت میں ہے تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم بیٹھ کر نماز پڑھانے لگے اور ابوبکر رضی اللہ تعالی عنہ آپصلی اللہ علیہ وسلم کے پہلو میں تھے اور لوگوں کو تکبیر سنا رہے تھے۔