حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے، انہوں نے کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لیے ایک عمارت کے مانند ہے، جس کی ایک (اینٹ) دوسری (اینٹ) کو مضبوط کرتی ہے۔"
حضرت ابو موسیٰ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں ایک مسلمان دوسرے مسلمان کے لیے ایک عمارت کی طرح ہے کہ اس کا بعض دوسرے بعض تقویت کا باعث یا ایک دوسرے کے لیے پختگی کا سبب ہے۔
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 6585
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: ایک عمارت اس وقت تک قائم رہتی ہے، جب تک اس کے اجزاء باہم پیوست رہتے ہیں، اگر ان میں ربط و تعلق ختم ہو جائے تو عمارت زمین بوس ہو جاتی ہے، اسی طرح مسلمانوں کو اس طرح باہمی مل کر ایک ایسی مضبوط دیوار بن جانا چاہیے جس کی اینٹیں باہم پیوستہ اور ایک دوسرے سے جڑی ہوئی ہوں اور ان میں کہیں کوئی خلا نہ ہو، وگرنہ وہ مضبوط اور طاقتور نہیں رہ سکیں گے جیسا کہ آج مسلمان اپنے اختلاف و افتراق کی بنا پر کسی حیثیت کے مالک نہیں رہے۔ ہر میدان میں ذلیل رسوا ہو رہے ہیں بلکہ دین و دنیا دونوں سے محروم ہیں۔