الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:2224
2224. حضرت ابوہریرہ ؓ سے روایت ہے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ یہود کوتباہ وبرباد کرے!ان پر چربی حرام کی گئی توا نھوں نے اسے فروخت کرنا شروع کردیا اور اس کی قیمتیں کھانے لگے۔“ ابو عبداللہ(امام بخاری ؒ) بیان کرتے ہیں کہ قاتل کے معنی لعنت کرنا ہے جیسا کہ قُتِلَ الْخَرَّاصُونَ کے معنی ہیں: ”جھوٹوں پر لعنت کی گئی ہے۔“ [صحيح بخاري، حديث نمبر:2224]
حدیث حاشیہ:
(1)
اس حدیث سے معلوم ہواکہ ایسی حیلہ سازی اور وسیلہ جوئی جو انسان کوکسی ممنوع کام تک پہنچا دے ناجائز اور حرام ہے، نیز یہ بھی معلوم ہوا کہ جس کی ذات حرام ہے اس کی قیمت کھانا بھی حرام ہے۔
آخر میں امام بخاری ؒ نے قاتل کے معنی لعن کیے ہیں اور یہ معنی انھوں نے قرآن سے اخذ کیے ہیں۔
قرآن مجید میں ہے:
﴿قُتِلَ الْخَرَّاصُونَ ﴿١٠﴾ حضرت ابن عباس ؓ نے اس کے معنی ”لعنت زدگی“ کیے ہیں اور خراصون کےمعنی كذابون ہیں۔
اسے امام مجاہد نے اختیار کیا ہے۔
(فتح الباري: 525/4)
(2)
واضح رہے کہ اس حدیث کے مطابق حرام چیزوں کی شکل تبدیل کرکے انھیں فروخت کرنا اور ان کی قیمت استعمال کرنا حرام ہے۔
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 2224