حسن بن ربیع اور محمد بن عبداللہ بن نمیر نے کہا: ہمیں عبداللہ بن ادریس نے شیبانی سے حدیث سنائی، انھوں نے شعبی سے روایت کی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے میت کے دفن کیے جانے کے بعد ایک قبر پر نماز جنازہ پڑھی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر چار تکبیریں کہیں۔ شیبانی نے کہا: میں نے شعبی سے پوچھا: آپ صلی اللہ علیہ وسلم کویہ حدیث کس نے بیان کی؟انھوں نے کہا: ایک قابل اعتماد ہستی، عبداللہ ابن عباس رضی اللہ عنہ نے۔یہ حسن کی حدیث کے الفاظ ہیں اور ابن نمیر کی روایت میں ہے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک گیلی (نئی) قبر کے پاس تشریف لے گئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر نماز (جنازہ) پڑھی اور انھوں نے (صحابہ کرام رضوان اللہ عنھم اجمعین) نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صفیں بنائیں اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چار تکبیریں کہیں۔میں نے عامر (بن شراحیل شعبی) سے پوچھا: آپ کو (یہ حدیث) کس نے بیان کی؟انھوں نے کہا: ایک قابل اعتماد ہستی جو اس جنازے میں شریک تھے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہ نے۔
امام شعبی رحمۃ اللہ علیہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک قبر پر (میت کے) دفن کے بعد نماز پڑھی اور اس میں چار تکبیرات کہیں، شیبانی کہتے ہیں: میں نے شعبی سے پوچھا: آپ تمہیں یہ حدیث کس نے سنائی؟ انھوں نے کہا: ایک قابل اعتماد شخصیت،عبداللہ ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے۔ یہ حسن کی روایت ہے اور ابن نمیر کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم ایک نئی اورتازہ قبر پرپہنچے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس پر نماز جنازہ پڑھی اور لوگوں نے آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پیچھے صف بنائی اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے چار تکبیریں کہیں۔ میں (شیبانی) نے عامر (شعبی) سے پوچھا: تمہیں یہ حدیث کس نے بیان کی؟ انھوں نے کہا: ایک قابل اعتماد جو اس جنازے میں شریک تھا حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے۔