حضرت ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا: جب ابو سلمہ رضی اللہ عنہ فوت ہوئے، میں نے (دل میں) کہا: پردیسی، پردیس میں (فوت ہوگیا) میں اس پر ایسا روؤں گی کہ اس کا خوب چرچا ہوگا، چنانچہ میں نے اس پر رونے کی تیاری کرلی کہ اچانک بالائی علاقے سے ایک عورت آئی، وہ (رونے میں) میرا ساتھ دینا چاہتی تھی کہ اسے سامنے سے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مل گئےتو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا؛"کیا تم شیطان کو اس گھر میں (دوبارہ) داخل کرنا چاہتی ہو۔جہاں سے اللہ نے اس کو نکال دیا ہے؟" دوبار (آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہ کلمات کہے) تو میں ر ونے سے رک گئی اور نہ روئی۔
حضرت ام سلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا بیان کرتی ہیں، جب ابوسلمہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ وفات پا گئے، تو میں نے دل میں سوچا: پردیسی،پردیس میں فوت ہوگیا، میں اس پر اتنا روؤں گی کہ اس کا چرچا ہو گا، اس لیے میں نے اس پر رونے اور گریہ کرنے کی تیاری کرلی کہ اچانک مدینہ کے بالائی علاقے سے میرا ساتھ دینے اور مجھے مدد دینے کے لیے ایک عورت آئی، اور اسے سامنے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم مل گئے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا تم یہ چاہتی ہو کہ جس گھر سے اللہ تعالی نے شیطان کو نکال دیا ہے اس میں شیطان کو پھر سے داخل کر دو؟“ آپ صلی اللہ علیہ وسلم دو بار فرمایا، تو میں ر ونے سے رک گئی اور نہ روئی۔