حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ کے نزدیک (انسانی) آبادیوں کا پسندیدہ ترین حصہ ان کی مسجدیں ہیں، اور اللہ کے ہاں (انسانی) آبادیوں کا سب سے ناپسندیدہ حصہ ان کے بازار ہیں۔“
حضرت ابو ہریرہ ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”اللہ تعالیٰ کو تمام جگہوں سے پسند جگہ مسجدیں ہیں اور سب سے زیادہ ناپسند جگہیں بازار ہیں۔“
الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 1528
حدیث حاشیہ: فوائد ومسائل: اللہ تعالیٰ کو ایسے مقامات پسند ہیں جہاں لوگ اس کی یاد میں مصروف ہوں ذکر واذکار کریں تسبیح و تمحید اور تہلیل و تکبیر میں مشغول ہوں کتاب و سنت کی تعلیم و تدریس یا پڑھنے میں لگے ہوں اور یہ کام سب سے زیادہ مساجد میں ہوتے ہیں اس لیے مساجد سب جگہوں سے پسندیدہ ہیں اس کے برعکس بازار عموماً ذکر الٰہی سے خالی ہوتے ہیں ہر وقت شور و شغب برپا رہتا ہے کھلے عام جھوٹ جھوٹی قسمیں دھوکا جعل سازی آمیزش ناجائز کاروبار عروج پر ہوتے ہیں احکام شریعت کی کھلے عام مخالفت ہوتی ہے اس لیے یہ جگہیں اللہ تعالیٰ کو پسند نہیں ہیں۔