ابو کامل جحدری نے کہا: ہمیں عبد الواحد نے اعمش سے حدیث بیان کی، نیز ابو بکر بن ابی شیبہ اور ابو کریب نے کہا: ہمیں ابو معاویہ نے اعمش سے حدیث سنائی، انہوں نے حضرت ابراہیم تیمی سے، انہوں نے اپنے والد سے اور انہوں نے حضرت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی، کہا: میں نے عرض کی: اے اللہ کے رسول! کون سی مسجد جو زمین میں بنائی گئی پہلی ہے؟ آپ نے فرمایا: ” مسجد حرام۔“ میں نے پوچھا: پھر کون سی؟ فرمایا: ”مسجد اقصیٰ۔“ میں نے (پھر) پوچھا: دونوں (کی تعمیر) کے مابین کتنا زمانہ تھا؟ آپ نے فرمایا: ”چالیس برس۔ اور جہاں بھی تمہارے لیے نماز کا وقت ہو جائے، نماز پڑھ لو، وہی (جگہ) مسجد ہے۔“ ابو کامل کی حدیث میں ہے: ” پھر جہاں بھی تمہاری نماز کا وقت ہو جائے، اسے پڑھ لو، بلاشبہ وہی جگہ مسجد ہے
حضرت ابوذر رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ میں نے کہا، اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! سب سے پہلے روئے زمین پر کونسی مسجد بنائی گئی؟ آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”مسجد حرام“ میں نے پوچھا، پھر کونسی؟ فرمایا: ”مسجد اقصیٰ“۔ میں نے پوچھا، دونوں کی تعمیر میں کتنا فاصلہ ہے؟ آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”چالیس سال“۔ پھر فرمایا: ”اب جہاں بھی تجھے نماز کا وقت آئے، نماز پڑھ لے وہی جگہ مسجد ہے۔“ ابو کامل کی روایت میں ہے: ”پھر جہاں تمہیں نماز آ لے، اس کو پڑھ لو کیونکہ وہی جگہ مسجد ہے۔“