ام ولد ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف سے مروی ہے کہ وہ ام المومنین سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا کے پاس آئیں اور عرض کیا کہ میں اپنا دامن لمبا رکھتی ہوں اور گندی زمین سے گزر ہوتا ہے (یعنی دامن ناپاک ہو جاتا ہے)، سیدہ ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد ہے: ”وہ زمیں جو اس ناپاک زمیں کے بعد آتی ہے اسے پاک کر دیتی ہے۔“ راوی نے کہا: میں نے امام دارمی سے پوچھا: آپ کا یہی فتویٰ ہے؟ انہوں نے کہا: مجھے معلوم نہیں۔
وضاحت: (تشریح حدیث 764) امام دارمی رحمہ اللہ نے اس کا جواب دینے سے گریز کیا کیونکہ اس حدیث کی سند ضعیف ہے۔ نجاست اگر مرطوب ہو تو دھونا لازمی ہے۔
تخریج الحدیث: «في إسناده جهالة ولكنه صحيح بشواهده، [مكتبه الشامله نمبر: 769]» یہ حدیث اس سند سے ضعیف ہے، لیکن اس کے شواہد موجود ہیں۔ دیکھئے: [أبوداؤد 383]، [ترمذي 143]، [ابن ماجه 531]، نیز اس کا شاہد [بخاري 222]، [مسلم 286]، [أبويعلی 4623] و [ابن حبان 1372] میں ہے۔
قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: في إسناده جهالة ولكنه صحيح بشواهده