سیدنا ابوالدرداء رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک حاملہ عورت کو خیمے کے دروازے پر پڑے دیکھا تو فرمایا: ”شاید اس کے مالک نے اس سے جماع کیا ہے؟“ لوگوں نے عرض کیا: جی ہاں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”میں نے چاہا اس پر ایسی لعنت کروں جو قبر تک اس کے ساتھ جائے، بھلا اس کا لڑکا کیوں کر اس کا وارث ہوگا جب کہ وہ اس کے لئے حلال ہی نہیں اور کس طرح وہ اس سے خدمت لے گا اور وہ اس کے لئے حلال ہی نہیں۔“
وضاحت: (تشریح حدیث 2513) رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا حاملہ سے وطی کرنے والے پر لعنت کا ارادہ کرنا شدید کراہت پر دلالت کرتا ہے، اور اس سے حاملہ سے صحبت و جماع کرنے کی ممانعت ثابت ہوتی ہے، اسی طرح غزوۂ اوطاس کی لونڈیوں کے بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا تھا۔ دیکھئے: [مسلم، كتاب النكاح، باب وطي الحامل و كتاب النكاح، باب وطي السبايا 2154] ۔ «كَيْفَ يُوَرِّثُهُ» کا مطلب یہ ہے کہ جب اس کا وہ بچہ ہے ہی نہیں تو وارث کیسے بنے گا، اور احتمال ہے کہ وہ لڑکا پہلے وطی کرنے والے کا ہو تو اس کو غلام بنانا حرام ہوگا۔ تفصیل مسلم شریف میں دیکھئے۔
تخریج الحدیث: «إسناده صحيح، [مكتبه الشامله نمبر: 2521]» اس روایت کی سند صحیح ہے۔ دیکھئے: [مسلم 1414]، [أبوداؤد 2156]، [الطيالسي 1172]