سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم رمضان کے آخری دس دنوں میں اعتکاف کرتے تھے اور جس سال آپ کی وفات ہوئی اس سال بیس دن کا اعتکاف کیا۔
وضاحت: (تشریح حدیث 1816) اعتکاف مخلوق سے کٹ کر خالق کی عبادت کے لئے وقتِ محدود تک مسجد میں بیٹھنے کو کہتے ہیں، نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مدنی زندگی میں رمضان المبارک میں ہمیشہ اعتکاف کرتے رہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی وفات کے بعد امہات المؤمنین آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی ازواجِ مطہرات نے بھی اعتکاف کیا ہے اور اس کی بڑی فضیلت ہے، ابن بطال نے کہا: اس حدیث سے یہ نکلا کہ اعتکاف سنّتِ مؤکدہ ہے اور رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے بیس دن کا اعتکاف اس لئے کیا تھا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو علم ہو گیا تھا کہ رب العالمین سے لقاء کا وقت قریب آگیا ہے۔ اعتکاف دس دن کا سنّت ہے، اس سے کم دنوں کا بھی ہو سکتا ہے۔
تخریج الحدیث: «إسناده حسن من أجل أبي بكر بن عياش وأبو حصين هو: أبو عثمان بن عاصم، [مكتبه الشامله نمبر: 1820]» اس روایت کی سند حسن ہے لیکن حدیث صحیح ہے۔ دیکھئے: [بخاري 2044]، [أبوداؤد 2466]، [ابن ماجه 1769]، [أحمد 336/2، وغيرهم]
قال الشيخ حسين سليم أسد الداراني: إسناده حسن من أجل أبي بكر بن عياش وأبو حصين هو: أبو عثمان بن عاصم