حدیث حاشیہ: 1۔
یہ حدیث "حدیث سفارش" کے نام سے مشہور ہے۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اسے متعدد مقامات پر تفصیل اور اختصار کے ساتھ ذکر کیا ہے۔
اس سے پہلے یہ حدیث کتاب التفسیر رقم: 4476 میں گزرچکی ہے۔
اس مقام پر یہ حدیث اللہ تعالیٰ کی صفتِ ید ثابت کرنے کے لیے لائی گئی ہے، چنانچہ اس میں اللہ تعالیٰ کا حضرت آدم علیہ السلام کو اپنے ہاتھ سے بنانے کا ذکر ہے اور اسے حضرت آدم علیہ السلام کا امتیاز شمار کیا گیا ہے۔
2۔
اس حدیث سے واضح طور پر معلوم ہوتا ہے کہ ید کا ظاہری مفہوم مبنی برحقیقت مراد ہے۔
اگریہاں قدرت کے مجازی معنی مراد لیے جائیں تو حضرت آدم علیہ السلام کا کوئی امتیاز باقی نہیں رہتا کیونکہ دیگر تمام مخلوق کو بھی اللہ تعالیٰ نے اپنی قدرت سے پیدا کیا ہے۔
3۔
حافظ ابن حجر رحمۃ اللہ علیہ نے اس حدیث کی شرح کرتے ہوئے بعض اشعری ائمہ کے اقوال نقل کیے ہیں اور لغت سے اس لفظ کے تقریباً پچیس معانی ذکر کیے ہیں، لیکن اس سلسلے میں جو نصوص وارد ہیں ان کے پیش نظر اس کی تاویل کی ہے اور وہ صفت ید سے مراد نعمت اورقدرت لیتے ہیں، لیکن صفت ید کے یہ معنی ائمہ سلف سے ثابت نہیں۔
(شرح کتاب التوحید للغنیمان: 305/1) 4۔
واضح رہے کہ صفات باری تعالیٰ کے متعلق اہل تاویل کا مذہب باطل ہے اور صفات میں سب سے زیادہ تاویلیں اشاعرہ کی ہیں جو خود کو ابوالحسن اشعری کے پیروکار خیال کرتے ہیں لیکن افسوس کہ متاخرین اشاعرہ صحیح معنی میں اپنے امام کی پیروی کا حق ادا نہ کر سکے، چنانچہ عقیدے کے متعلق ابوالحسن اشعری کی زندگی تین مراحل پر مشتمل ہے۔
۔
پہلا مرحلہ اعتزال کا ہے۔
انھوں نے چالیس سال تک اعتزال
(معتزلہ) کا موقف اختیار کیے رکھا۔
اس کے اثبات کے لیے مناظرے کرتے اور اسے بڑی شدومد سے پیش کرتے تھے۔
۔
انھوں نے مذہب معتزلہ سے رجوع کرکے خالص اعتزال اورخالص سنت کے درمیان درمیان موقف اختیار کیا۔
یہ ابومحمد بن عبداللہ بن سعید بن کلاب کا منہج تھا اور وہ اس کے پیروکار بن گئے۔
۔
تیسرا اورآخری مرحلہ یہ ہے کہ انھوں نے ان تمام مذاہب سے رجوع کر کے خالص کتاب وسنت پر مبنی مسلک اختیار کیا اور اس سلسلے میں ایک معیاری کتاب
(الإبانة عن أصول الديانة) تالیف کرکے اپنا موقف پیش کیا۔
افسوس کہ متاخرین اشاعرہ نے ان کے اختیارکردہ دوسرے مرحلے کو اپنایا اور بیشتر صفات میں تاویل کی روش کو تھام لیا۔
اس سلسلے میں وہ سات صفات کو تاویل کے بغیر مانتے ہیں:
وہ صفت حیات، علم، قدرت، کلام، ارادہ، سمع اوربصر ہے۔
ان صفات کے اثبات میں بھی اہل سنت سے کچھ انحراف پایا جاتا ہے۔
5۔
شارحین صحیح بخاری کی اکثریت اشاعرہ سے متعلق ہے، اس لیے وہ صفات کے متعلق تاویل کا راستہ اختیار کرتے ہیں۔
صفت ید کے متعلق بھی تاویل کرتے ہیں کہ اس سے مراد قدرت اور نعمت ہے جبکہ اس سے مراد حقیقی ہاتھ ہیں جن کی انگلیاں بھی ہیں، البتہ یہ ہاتھ مخلوق کے ہاتھوں جیسے نہیں ہیں۔