34. باب: ہاتھ سے «احتباء» کرنا اور اس کو «قرفصاء» کہتے ہیں۔
(34) Chapter. Al-Ihtiba with the hand, i.e., Al-Qurfusa (a sitting posture wherein one sits with one’s legs drawn up and wrapped in one’s garment or surrounded with one’s arms).
ہم سے محمد بن ابی غالب نے بیان کیا، کہا ہم کو ابراہیم بن المنذر حزامی نے خبر دی، کہا ہم سے محمد بن فلیح نے بیان کیا، ان سے ان کے باپ نے، ان سے نافع نے اور ان سے ابن عمر رضی اللہ عنہما نے بیان کیا کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو صحن کعبہ میں دیکھا کہ آپ سرین پر بیٹھے ہوئے دونوں رانیں شکم مبارک سے ملائے ہوئے ہاتھوں سے پنڈلی پکڑے ہوئے بیٹھے تھے۔
الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:6272
حدیث حاشیہ: (1) احتباء اور قرفصاء دونوں کا مفہوم ایک ہی ہے۔ یہ بیٹھنے کا ایک انداز ہے۔ اس میں تواضع وانکسار اور خشوع وعاجزی کا اظہار ہوتا ہے۔ حضرت قیلہ رضی اللہ عنہا کا بیان ہے کہ جب میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو خشوع اور انکسار کی اس کیفیت میں دیکھا تو خوف سے کانپ اٹھی۔ (سنن أبي داود، الأدب، حدیث: 4847) ان کی یہ کیفیت اس وجہ سے تھی کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم جیسی عظیم ہستی کا ظاہری بیٹھنا اس قدر خشوع اور انکسار کا مظہر ہے تو باطنی طور پر آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی کیا کیفیت ہوگی لیکن ہم لوگ اس نعمت سے کس قدر محروم ہیں۔ (2) لیکن خطبۂ جمعہ میں اس طرح بیٹھنا ممنوع ہے۔ (سنن أبي داود، الصلاة، حدیث: 1110) کیونکہ اس طرح بیٹھنا بے پروائی اور عدم توجہ کی علامت خیال کی جاتی ہے، نیز اس سے نیند بھی آنا شروع ہوجاتی ہے۔ واللہ أعلم
هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 6272