مختصر صحيح بخاري کل احادیث 2230 :حدیث نمبر
مختصر صحيح بخاري
غزوات کے بیان میں
जंगों और लड़ाइयों के बारे में
حدیث نمبر: 1669
Save to word مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے طائف کا محاصرہ کیا اور ان کا کچھ نقصان نہ کیا (بلکہ الٹا مسلمانوں کا نقصان ہوا) آخر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم انشاءاللہ (اب) مدینہ کو لوٹ چلیں گے۔ صحابہ رضی اللہ عنہم کو یہ شاق معلوم ہوا اور کہنے لگے کہ ہم بغیر فتح کیونکر لوٹ چلیں؟ ایک دفعہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہم لوٹ جائیں گے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: (اچھا) کل صبح لڑو۔ صبح ہوئی تو وہ سب لڑے اور زخمی ہو گئے۔ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کل انشاءاللہ ہم واپس چلیں گے۔ اس وقت انھیں یہ بات اچھی معلوم ہوئی۔ پس نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم مسکرا دیے۔
حدیث نمبر: 1670
Save to word مکررات اعراب
سیدنا سعد اور سیدنا ابوبکرہ رضی اللہ عنہما دونوں کہتے ہیں کہ ہم نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو کوئی اپنے اصلی باپ کے سوا جان بوجھ کر اور کسی کا بیٹا بنے تو اس پر جنت حرام ہے۔
حدیث نمبر: 1671
Save to word مکررات اعراب
اور ایک روایت میں ہے کہ ان دونوں (راویوں) میں سے ایک (سیدنا سعد رضی اللہ عنہ) وہ ہیں کہ جنہوں نے اللہ کی راہ میں پہلا تیر چلایا اور دوسرے (سیدنا ابوبکرہ رضی اللہ عنہ) وہ ہیں کہ جو ان لوگوں میں سے تئیسویں آدمی تھے جو طائف کے قلعہ سے اتر کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تھے۔
حدیث نمبر: 1672
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس تھا جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم جعرانہ میں ٹھہرے تھے جو کہ مکہ اور مدینہ کے درمیان ایک جگہ ہے اور آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے ہمراہ سیدنا بلال رضی اللہ عنہ بھی تھے۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس ایک اعرابی نے آ کر کہا کہ کیا تم اپنا وعدہ پورا نہ کرو گے جو تم نے مجھ سے کیا ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سے فرمایا: تیرے لیے ثواب عظیم کی بشارت ہے۔ (خوش ہو جا) وہ بولا کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم اکثر یہی فرماتے رہتے ہیں کہ خوش ہو جا (میں اس بشارت کو اوڑھوں یا بچھاؤں؟) پھر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ابوموسیٰ اور بلال رضی اللہ عنہما کے پاس غصہ کی حالت میں تشریف لائے اور فرمایا: اس اعرابی نے بشارت کو قبول نہیں کیا تم دونوں قبول کر لو۔ وہ دونوں بولے کہ ہمیں قبول ہے۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک پیالے میں پانی منگوا کر اس میں اپنے دونوں ہاتھوں اور منہ کو دھویا اور اسی میں کلی کی پھر فرمایا: اس میں سے تم دونوں پیو اور اپنے منہ اور سینوں پر چھڑک لو اور خوش ہو۔ ان دونوں نے لے لیا اور ایسا ہی کیا۔ ام المؤمنین ام سلمہ رضی اللہ عنہا نے پردہ کے پیچھے سے پکار کر کہا کہ کچھ اپنی ماں کے لیے بھی چھوڑ دو۔ انھوں نے کچھ پانی بچا کر انھیں بھی دے دیا۔
حدیث نمبر: 1673
Save to word مکررات اعراب
سیدنا انس بن مالک رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انصار کو جمع کر کے فرمایا: قریش کے لوگ ابھی دور جاہلیت اور قتل و قید کی مصیبتوں سے نکلے ہیں، تو میں چاہتا ہوں کہ انھیں کچھ مال غنیمت دے کر ان کی مدد اور دل جوئی کر دوں۔ تو کیا تم خوش نہیں ہو کہ لوگ دنیا لے جائیں اور تم رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو اپنے گھروں کی طرف لے جاؤ؟ انھوں نے جواب دیا جی ہاں ہم راضی ہیں۔ پھر آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اگر اور لوگ وادی کے اندر چلیں اور انصار پہاڑ کی گھاٹی پر چلیں تو میں بھی انصار کی وادی یا گھاٹی اختیار کروں گا۔
33. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کو بنی جذیمہ کی طرف روانہ کرنے کا بیان۔
حدیث نمبر: 1674
Save to word مکررات اعراب
سیدنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کو بنی جذیمہ کی طرف روانہ کیا۔ سیدنا خالد رضی اللہ عنہ نے انھیں اسلام کی طرف بلایا۔ وہ اچھی طرح یوں نہ کہہ سکے کہ ہم اسلام لائے بلکہ گھبراہٹ میں کہنے لگے کہ ہم نے اپنا دین بدل ڈالا۔ سیدنا خالد رضی اللہ عنہ انھیں مارنے لگے اور بعض کو قید کر کے ہم میں سے ہر ایک کو ایک قیدی دے دیا۔ پھر ایک دن انھوں نے حکم دیا کہ ہر شخص اپنے اپنے قیدی کو مار ڈالے۔ میں نے کہا کہ میں تو اپنے قیدی کو ہرگز نہ ماروں گا اور نہ میرا کوئی ساتھی اپنے قیدی کو مارے گا۔ جب ہم نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ قصہ بیان کیا تو نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنے ہاتھ اٹھا کر کہا: اے اللہ! میں خالد (رضی اللہ عنہ) کے فعل سے بری ہوں۔ دو بار آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے یہی فرمایا۔
34. سیدنا عبداللہ بن حذافہ سہمی اور سیدنا علقمہ بن مجز زمد لجی رضی اللہ عنہما کے سریہ کا بیان اور اسی کو سریہ انصار بھی کہا جاتا ہے۔
حدیث نمبر: 1675
Save to word مکررات اعراب
امیرالمؤمنین سیدنا علی رضی اللہ عنہ فرماتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے ایک لشکر بھیجا اور اس کا حاکم ایک انصاری کو بنایا اور سب کو اس کی فرمانبرداری کرنے کا حکم دیا۔ (راستے میں) اسے غصہ آیا تو کہنے لگا کہ کیا نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے تمہیں میری فرمانبرداری کرنے کا حکم نہیں دیا؟ وہ بولے کہ ہاں ضرور دیا ہے۔ وہ انصاری بولا کہ تم میرے لیے لکڑیاں جمع کرو۔ انھوں نے جمع کیں، پھر کہا کہ آگ سلگاؤ، انھوں نے آگ سلگائی، پھر اس نے کہا کہ تم سب اس میں کود جاؤ۔ انھوں نے گھسنے کا ارادہ کیا اور بعض ایک دوسرے کو روکنے لگے اور کہنے لگے کہ ہم آگ (دوزخ) سے تو بھاگ کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آئے ہیں (اب اس میں کیونکر جل جائیں؟) یونہی سب جھگڑتے رہے کہ اس عرصہ میں آگ بجھ گئی اور اس (انصاری) کا غصہ جاتا رہا۔ جب آپ صلی اللہ علیہ وسلم کو یہ خبر پہنچی تو فرمایا: اگر وہ اس آگ میں چلے جاتے تو قیامت تک اس میں سے نہ نکلتے کیونکر اطاعت کرنا اچھے کاموں میں لازم ہے (گناہ کے کام میں امام کی فرمانبرداری ضروری نہیں)۔
35. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سیدنا ابوموسیٰ اور سیدنا معاذ رضی اللہ عنہما کو حجتہ الوداع سے پہلے یمن کی طرف روانہ کرنا۔
حدیث نمبر: 1676
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں اور سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ کو یمن کی طرف روانہ کیا اور ہر ایک کو یمن کے ایک ایک حصے پر حاکم مقرر کیا اور یمن کے دو حصے ہیں۔ پھر فرمایا: تم لوگوں پر آسانی کرنا، سختی نہ کرنا اور انھیں خوش رکھنا، دین سے نفرت نہ دلانا۔ دونوں اپنے اپنے کام پر چلے گئے۔ (راوی ابوبردہ) کہتے ہیں کہ ان دونوں میں سے جو کوئی اپنے علاقے کا دورہ کرتے کرتے دوسرے ساتھی کے قریب آ جاتا تو ضرور ملاقات کر کے سلام کرتا تھا۔ ایک دفعہ سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ اپنی زمین میں گئے جو کہ ان کے ساتھی سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ کے قریب تھی، سیدنا معاذ بن جبل اپنے خچر پر سوار ہو کر سیدنا ابوموسیٰ کے پاس آئے، (رضی اللہ عنہ) وہ بیٹھے ہوئے تھے اور بہت سے لوگ ان کے پاس جمع تھے، وہاں ایک شخص کو دیکھا جس کے دونوں ہاتھ گردن سے بندھے ہوئے تھے۔ تو سیدنا معاذ رضی اللہ عنہ نے پوچھا کہ اے عبداللہ بن قیس! یہ کون ہے؟ تو انھوں نے جواب دیا کہ یہ شخص اسلام لانے کے بعد پھر کافر ہو گیا ہے۔ سیدنا معاذ بن جبل رضی اللہ عنہ نے کہا کہ جب تک یہ قتل نہ کیا جائے میں خچر پر سے ہرگز نہ اتروں گا۔ سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے کہا کہ یہ اسی لیے پکڑ کر لایا گیا ہے لہٰذا تم اتر آؤ۔ وہ بولے کہ میں تو اس قتل کیے جانے سے پہلے ہرگز نہ اتروں گا۔ پھر سیدنا ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ نے حکم دے کر اسے قتل کروا دیا۔ تب وہ اترے اور کہا کہ اے عبداللہ! تم قرآن کی تلاوت کس طرح کرتے ہو؟ انھوں نے بتایا کہ میں تو تھوڑا تھوڑا ہر وقت پڑھتا رہتا ہوں۔ پھر انھوں نے پوچھا کہ اے معاذ! تم قرآن کی تلاوت کس طرح کرتے ہو؟ وہ بولے کہ میں اول شب سو جاتا ہوں پھر حسب معمول سو کر اٹھتا ہوں اور جس قدر اللہ کو منظور ہوتا ہے، پڑھ لیتا ہوں اور میں سونے کا بھی، عبادت کے برابر ثواب شمار کرتا ہوں۔
حدیث نمبر: 1677
Save to word مکررات اعراب
سیدنا ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے انھیں یمن کی طرف بھیجا تو انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے شرابوں کے بارے میں دریافت کیا جو وہاں بنتی تھیں، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے پوچھا: وہ کون کون سی شرابیں ہیں؟ تو انھوں نے بتایا کہ شہد اور جو کی شرابیں۔ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہر نشہ پیدا کرنے والی چیز حرام ہے۔
36. نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا سیدنا علی بن ابی طالب اور سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہما کو حجتہ الوداع سے پہلے یمن بھیجنا۔
حدیث نمبر: 1678
Save to word مکررات اعراب
سیدنا براء رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ہمیں سیدنا خالد بن ولید رضی اللہ عنہ کے ساتھ یمن کی طرف روانہ کیا۔ پھر ان کی جگہ سیدنا علی بن ابی طالب رضی اللہ عنہ کو بھیجا اور فرمایا: سیدنا خالد رضی اللہ عنہ کے ساتھ جو لوگ گئے تھے ان سے کہنا کہ ان میں سے جو تمہارے ساتھ جانا چاہے وہ یمن چلا جائے اور (جہاد کرے اور) جو چاہے مدینہ واپس چلا آئے تو میں بھی انہی میں سے تھا جو سیدنا علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ یمن کی طرف چلے گئے تھے۔ پھر غنیمت سے بہت سے اوقیہ حصہ میں ملے تھے۔

Previous    4    5    6    7    8    9    10    11    12    Next    

https://islamicurdubooks.com/ 2005-2024 islamicurdubooks@gmail.com No Copyright Notice.
Please feel free to download and use them as you would like.
Acknowledgement / a link to https://islamicurdubooks.com will be appreciated.