سیدنا ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ” جب نماز کھڑی ہو جائے تو پھر فرض نماز کے سوا کوئی نماز نہیں ہوتی۔“
سیدنا عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما بیان کرتے ہیں کہ (فرض) نماز کی اقامت ہوگئی اور میں نے دو سنّتیں ادا نہیں کی تھیں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے دیکھا کہ میں دو سنّتیں ادا کررہا ہوں تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے منع کیا اور مجھے کھینچا اور فرمایا: ”تم صبح کی چار رکعات پڑھنا چاہتے ہو؟ ابوعامر صالح بن رستم سے پوچھا گیا، کیا یہ بات نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمائی تھی؟ تو اُنہوں نے کہا کہ ہاں۔ جناب ابن ابی ملکیہ سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے بیان کرتے ہیں کہ اُنہوں نے فرمایا: (صبح کی) نماز کی اقامت ہو گئی تو میں نے کھڑے ہوکر دو سنّتیں ادا کرنی شروع کر دیں - تو رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے مجھے پکڑ کر کھینچا اور فرمایا: ”کیا تم صبح کی چار رکعات پڑھو گے؟“
سیدنا عبداللہ بن سرجس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ ایک شخص اُس وقت آیا جبکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم صبح کی نماز پڑھا رہے تھے - تو اُس نے (پہلے) دو سنّتیں ادا کیں (پھر جماعت کے ساتھ مل گیا) پھر جب رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی نماز مکمّل کی تو فرمایا: ”اے فلاں، تم نے کونسی نماز فرض شمار کی ہے، جو تم نے ہمارے ساتھ پڑھی ہے یا وہ جو تم نے اکیلے پڑھی ہے؟“ یہ حماد بن زید کی حدیث کے الفاظ ہیں۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم باہر تشریف لائے جبکہ اقامت ہو چکی تھی تو آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کچھ لوگوں کو جلدی جلدی دو رکعات (سنّت) ادا کرتے دیکھا - آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”کیا دو نمازیں اکٹھی ادا کرنا چاہتے ہیں؟“ لہٰذا آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے مسجد میں اقامت ہونے کے بعد نماز پڑھنے سے منع فرما دیا۔ جناب شریک نے سیدنا انس رضی اللہ عنہ سے ان الفاظ تک مذکورہ بالا روایت جیسی حدیث بیان کی ہے کہ کیا دو نمازیں اکٹھی ادا کرنا چاہتے ہیں۔جناب محمد بن اسحاق فرماتے ہیں کہ یہ روایت امام مالک بن انس اور اسماعیل بن جعفر نے شریک بن ابی نمبر کے واسطے سے جناب ابوسلمہ سے مرسل بیان کی ہے اور ابراہیم بن طہمان نے شر یک کے واسطے سے یہ دونوں حدیثیں سیدنا انس اور ابوسلمہ رضی اللہ عنہما سے بیان کی ہیں۔ جناب ابراھیم بن طہمان نے دونوں حدیثوں کو الگ الگ اسانید سے بیان کیا ہے۔ سیدنا انس رضی اللہ عنہ کی حدیث کو الگ طور پر اور سیدنا ابوسلمہ رضی اللہ عنہ کی روایت کو الگ سند سے بیان کیا ہے۔