سفیان بن عینیہ نے کہا: میں نے عمرو بن یحییٰ بن عمارہ سے پوچھا تو انھوں نے مجھے اپنے والد سے خبر دی، انھوں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے اور انھوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کی، آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "پانچ وسق سے کم (غلے یا کھجور) میں صدقہ (زکاۃ) نہیں اور نہ پانچ سے کم اونٹوں میں صدقہ ہے اور نہ ہی پانچ اوقیہ سے کم (چاندی) میں صدقہ ہے۔"
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچ وسق سے کم (غلہ) میں صدقہ نہیں ہے اور نہ پانچ سے کم اونٹوں میں صدقہ ہے اور نہ پانچ اوقیہ سے کم میں صدقہ ہے۔“
ابن جریج نے کہا: مجھے عمرو بن یحییٰ بن عمارہ نے اپنے والد یحییٰ بن عمارہ سے خبر دی، انھوں نے کہا: میں حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے سنا، کہہ رہے تھے: میں نے ر سول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو فرماتے ہوئے سنا اور نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے اپنی ہتھیلی سے اپنی پانچوں انگلیوں سے اشارہ کیا۔۔۔پھر (ابن جریج نے سفیان) بن عینیہ کی حدیث کی طرح بیان کیا۔
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا، آپ ہاتھ کی پانچ انگلیوں سے اشارہ کر کے فرما رہے تھے، پھر پہلی حدیث کی طرح حدیث بیان کی۔
عمارہ بن غزیہ نے یحییٰ بن عمارہ سے حدیث بیان کی، انھوں نے کہا: میں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ کو کہتے ہوئے سنا، انھوں نے کہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "پانچ وسق سے کم (کھجور یا غلے) میں صدقہ نہیں اور پانچ سے کم اونٹوں میں صدقہ نہیں اور پانچ اوقیہ سے کم (چاندی) میں صدقہ نہیں۔"
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچ وسق سے کم میں زکاۃ نہیں ہے اور پانچ سے کم اونٹوں میں زکاۃ نہیں ہے اور پانچ اوقیہ سے کم میں زکوٰۃ نہیں ہے۔“
وکیع نے سفیان سے، انھوں نے اسماعیل بن امیہ سے، انھوں نے محمد بن یحییٰ بن حبان سے، انھوں نے یحییٰ بن عمارہ سے اور انھوں نے حضرت ابو سعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی، انھوں نےکہا: رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "پانچ وسق سے کم کھجور اور غلے میں صدقہ نہیں ہے۔"
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”پانچ وسق سے کم کھجوروں اور غلہ میں زکاۃ نہیں ہے۔“
عبدالرحمان بن مہدی نے سفیان سے باقی ماندہ سابقہ سند کے ساتھ حدیث بیان کی کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "نہ غلے میں صدقہ ہے نہ کھجور میں حتیٰ کہ وہ پانچ وسق تک پہنچ جائیں اور نہ پانچ سے کم اونٹوں میں صدقہ ہے اور نہ پانچ اوقیہ سے کم (چاندی) میں صدقہ ہے۔"
حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”غلہ اور کھجوروں میں زکاۃ نہیں ہے حتیٰ کہ وہ پانچ وسق کو پہنچ جائیں اور نہ پانچ سے کم اونٹوں میں زکاۃ ہے اور نہ پانچ سے کم اوقیہ چاندی میں زکاۃ ہے۔“
عبدالرزاق نے کہا: ہمیں ثوری اور معمر نے اسماعیل بن امیہ سے اسی سندکے ساتھ، ابن مہدی اور یحییٰ بن آدم کی حدیث کی طرح بیان کیا، البتہ انھوں نے تمر (کھجور) کے بجائے ثمر (پھل) کہا۔
امام صاحب اپنے ایک اور استاد سے مذکورہ بالا روایت نقل کرتے ہیں، صرف اتنا فرق ہے کہ اس میں ثمر کھجور کی جگہ ثمر پھل کا لفظ ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہ نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے خبردی کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: "پانچ اوقیہ سے کم چاندی میں صدقہ نہیں اور نہ پانچ اونٹوں سے کم میں صدقہ ہے اور نہ ہی پانچ وسق سے کم کھجوروں میں صدقہ ہے۔"
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کہ ”پانچ اوقیہ سے کم چاندی میں صدقہ نہیں ہے اور پانچ اونٹوں سے کم میں زکاۃ نہیں ہے اورپانچ وسق سے کم کھجوروں میں صدقہ نہیں ہے۔“
حضرت جا بر بن عبد اللہ رضی اللہ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپ نے فرمایا: " جس (کھیتی) کو دریا کا پانی یا بارش سیرا ب کرے ان میں عشر (دسواں حصہ) ہے اور جس کو اونٹ (وغیرہ کسی جا نور کے ذریعے) سے سیراب کیا جا ئے ان میں نصف عشر (بیسواں حصہ) ہے۔
حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ تعالیٰ عنہ بیان کرتے ہیں کہ انھوں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سے سنا آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”جس (کھیتی) کو دریا کا پانی یا بارش سیراب کرے ان میں عشر (دسواں حصہ) ہے اور جس کو اونٹ (وغیرہ کسی جا نور کے ذریعے) سے سیراب کیا جائے ان میں نصف عشر (بیسواں حصہ) ہے۔“