سیدنا ابوبکر صدیق رضی اللہ عنہ کی فضیلت کا بیان نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے نزدیک سب لوگوں سے زیادہ پیارے سیدنا ابوبکر رضی اللہ عنہ تھے۔
ابوعثمان کہتے ہیں کہ مجھے سیدنا عمرو بن عاص رضی اللہ عنہ نے خبر دی کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے ان کو ذات السلاسل کے لشکر کے ساتھ بھیجا (ذات السلاسل نواحی شام میں ایک پانی کا نام ہے، وہاں کی لڑائی جمادی الثانی میں ہوئی) پس میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم کے پاس آیا اور میں نے کہا کہ یا رسول اللہ! سب لوگوں میں آپ کو کس سے زیادہ محبت ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عائشہ صدیقہ سے۔ میں نے کہا کہ مردوں میں سب سے زیادہ کس سے محبت ہے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ ان کے باپ سے۔ میں نے کہا کہ پھر ان کے بعد کس سے؟ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ عمر سے یہاں تک کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے کئی آدمیوں کا ذکر کیا۔
|