كتاب الاحباس کتاب: اللہ کی راہ میں مال وقف کرنے کے احکام و مسائل 1. بَابُ: ماَ تَرَكَ النبيُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عِنْدَ وَفاَتِهِ باب: نبی اکرم صلی الله علیہ وسلم نے وفات کے وقت کیا کیا چیزیں چھوڑیں؟
عمرو بن حارث رضی الله عنہ کہتے ہیں (رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم انتقال فرما گئے) اور انتقال کے وقت رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے سوائے اپنے سفید خچر کے جس پر سوار ہوا کرتے تھے اور اپنے ہتھیار کے اور زمین کے جسے اللہ کے راستہ میں دے دیا تھا کچھ نہ چھوڑا تھا نہ دینار نہ درہم نہ غلام نہ لونڈی، (مصنف) کہتے ہیں (میرے استاذ) قتیبہ نے دوسری بار یہ بتایا کہ زمین کو صدقہ کر دیا تھا۔
تخریج الحدیث: «صحیح البخاری/الوصایا 1 (2739)، الجہاد 61 (2873)، 86 (2912)، الخمس 3 (3098)، المغازي 83 (4461)، سنن الترمذی/الشمائل 54 (382)، (تحفة الأشراف: 10713)، (تحفة الأشراف: 10713)، مسند احمد (4/279) (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
عمرو بن حارث کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم سوائے اپنے سفید خچر، ہتھیار اور زمین کے جسے آپ صدقہ کر گئے تھے کچھ چھوڑ کر نہ گئے تھے۔
تخریج الحدیث: «انظر ما قبلہ (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
عمرو بن حارث رضی الله عنہ کہتے ہیں کہ میں نے رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کو دیکھا (آپ نے اپنے انتقال کے موقع پر) اپنے «شہباء» خچر، ہتھیار اور اپنی زمین کے علاوہ جسے آپ صدقہ کر گئے تھے کچھ نہ چھوڑ کر گئے۔
تخریج الحدیث: «انظر حدیث رقم: 3624 (صحیح)»
قال الشيخ الألباني: صحيح
|