عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما کہتے ہیں کہ نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم وتر میں
«سبح اسم ربك الأعلى»،
«قل يا أيها الكافرون» اور
«قل هو الله أحد» تینوں کو ایک ایک رکعت میں پڑھتے تھے۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- اس باب میں علی، عائشہ اور عبدالرحمٰن بن ابزیٰ
(رضی الله عنہم) جنہوں نے ابی بن کعب رضی الله عنہ سے روایت کی ہے، بھی احادیث آئی ہیں، اور اسے عبدالرحمٰن بن ابزیٰ سے بغیر ابی کے واسطے کے براہ راست نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم سے بھی روایت کیا جاتا ہے،
۲- نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ بھی مروی ہے کہ آپ وتر میں تیسری رکعت میں معوذتین اور
«قل هو الله أحد» پڑھتے تھے،
۳- صحابہ کرام اور ان کے بعد کے لوگوں میں سے اکثر اہل علم نے جس بات کو پسند کیا ہے، وہ یہ ہے کہ
«سبح اسم ربك الأعلى»،
«قل يا أيها الكافرون» اور
«قل هو الله أحد» تینوں میں سے ایک ایک ہر رکعت میں پڑھتے۔
[سنن ترمذي/أبواب الوتر/حدیث: 462]