29. باب مَا جَاءَ فِيمَنْ يَقُولُ لآخَرَ يَا مُخَنَّثُ
29. باب: دوسرے کو مخنث (ہجڑا) کہنے والے کے حکم کا بیان۔
عبداللہ بن عباس رضی الله عنہما سے روایت ہے کہ نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا:
”جب کوئی آدمی دوسرے کو یہودی کہہ کر پکارے تو اسے بیس کوڑے لگاؤ، اور جب مخنث
(ہجڑا) کہہ کر پکارے تو اسے بیس کوڑے لگاؤ، اور جو کسی محرم کے ساتھ زنا کرے اسے قتل کر دو
“۔
امام ترمذی کہتے ہیں:
۱- ہم اس حدیث کو صرف اسی سند سے جانتے ہیں،
۲- ابراہیم بن اسماعیل بن علیہ حدیث کی روایت میں ضعیف ہیں،
۳- نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم سے یہ کئی سندوں سے مروی ہے،
۴- براء بن عازب اور قرہ بن ایاس مزنی سے روایت ہے کہ ایک آدمی نے اپنے باپ کی بیوی سے نکاح کیا تو نبی اکرم
صلی اللہ علیہ وسلم نے اسے قتل کرنے کا حکم دیا،
۵- ہمارے اصحاب
(محدثین) کا اسی پر عمل ہے، یہ لوگ کہتے ہیں: جو جانتے ہوئے کسی محرم کے ساتھ زنا کرے تو اس پر قتل واجب ہے،
۶- (امام) احمد کہتے ہیں: جو اپنی ماں سے نکاح کرے گا اسے قتل کیا جائے گا،
۷- اسحاق بن راہویہ کہتے ہیں: جو کسی محرم کے ساتھ زنا کرے اسے قتل کیا جائے گا۔
[سنن ترمذي/كتاب الحدود عن رسول الله صلى الله عليه وسلم/حدیث: 1462]