الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن ابن ماجه
كتاب السنة
کتاب: سنت کی اہمیت و فضیلت
9. بَابٌ في الإِيمَانِ
9. باب: ایمان کا بیان۔
حدیث نمبر: 66
حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ بَشَّارٍ ، وَمُحَمَّدُ بْنُ الْمُثَنَّى ، قَالَا: حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ جَعْفَرٍ ، حَدَّثَنَا شُعْبَةُ ، قَالَ: سَمِعْتُ قَتَادَةَ يُحَدِّثُ، عَنْ أَنَسِ بْنِ مَالِكٍ ، أَنَّ رَسُولَ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ قَالَ:" لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى يُحِبَّ لِأَخِيهِ، أَوْ قَالَ: لِجَارِهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهِ".
انس بن مالک رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ اپنے بھائی (یا اپنے پڑوسی) کے لیے وہی چیز پسند نہ کرے جو وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے ۱؎۔ [سنن ابن ماجه/كتاب السنة/حدیث: 66]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «‏‏‏‏صحیح البخاری/الإیمان 7 (13)، صحیح مسلم/الإیمان 17 (45)، سنن الترمذی/صفة القیامة 59 (2515)، سنن النسائی/الإیمان 19 (5019)، (تحفة الأشراف: 1239)، وقد أخرجہ: مسند احمد (1/89، 3/171، 172، 176، 206)، سنن الدارمی/الرقاق 29 (2782) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: یعنی کامل مومن نہیں ہو سکتا، اس حدیث سے مسلمانوں کی باہمی خیر خواہی کی اہمیت و فضیلت ظاہر ہوئی، اس سنہری اصول پر اگر مسلمان عمل کرنے لگ جائیں تو معاشرے سے لوٹ کھسوٹ، رشوت، بددیانتی، جھوٹ فریب وغیرہ بیماریاں خودبخود ختم ہو جائیں گی۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: صحيح بخاري

   صحيح البخاريلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه
   صحيح مسلملا يؤمن عبد حتى يحب لجاره أو قال لأخيه ما يحب لنفسه
   صحيح مسلملا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه أو قال لجاره ما يحب لنفسه
   جامع الترمذيلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه
   سنن النسائى الصغرىلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه
   سنن النسائى الصغرىلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه من الخير
   سنن النسائى الصغرىلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه
   سنن ابن ماجهلا يؤمن أحدكم حتى يحب لأخيه أو قال لجاره ما يحب لنفسه
   بلوغ المراملا يؤمن عبد حتى يحب لجاره او لاخيه ما يحب لنفسه
   المعجم الصغير للطبراني لا يؤمن رجل حتى يحب لأخيه ما يحب لنفسه

سنن ابن ماجہ کی حدیث نمبر 66 کے فوائد و مسائل
  مولانا عطا الله ساجد حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابن ماجه، تحت الحديث66  
اردو حاشہ:
(1)
اس حدیث میں مسلمانوں کی باہمی خیرخواہی کی فضیلت اور اس کی ترغیب ہے۔

(2)
دوسرے مسلمان کے ساتھ ویسا ہی سلوک کرنا چاہیے جیسا کوئی شخص اپنے لیے پسند کرتا ہے، مثلا:
جس طرح کوئی شخص یہ پسند نہیں کرتا کہ کوئی اسے دھوکا دے، اسی طرح اسے چاہیے کہ وہ بھی دوسروں کو دھوکا نہ دے، جس طرح ایک شخص یہ پسند کرتا ہے کہ مشکل میں اس کی مدد کی جائے، اسے بھی چاہیے کہ مشکلات میں دوسروں کی مدد کرے۔

(3)
عام طور پر انسان اپنے حقوق کے بارے میں بہت حساس ہوتا ہے لیکن اپنے فرائض کے متعلق غفلت کا ارتکاب کرتا ہے، حالانکہ وہ بھی کسی کے حقوق ہیں، اگر ہر شخص دوسروں کے حقوق کا خیال رکھے تو سب کے حقوق محفوظ ہو جائیں گے اور معاشرے میں امن و امان قائم ہو جائے گی۔

(4)
اخلاق حسنہ ایمان کی تکمیل کا باعث ہیں، ان کے بغیر ایمان کامل نہیں ہوتا، جس کے نتیجے میں آخرت میں عذاب ہو سکتا ہے۔
   سنن ابن ماجہ شرح از مولانا عطا الله ساجد، حدیث/صفحہ نمبر: 66   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ عمران ايوب لاهوري حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري 13  
´ہر انسان اپنے مسلمان بھائیوں کے لیے بھی وہی پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے`
«. . . عَنِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ، قَالَ: لَا يُؤْمِنُ أَحَدُكُمْ حَتَّى يُحِبَّ لِأَخِيهِ مَا يُحِبُّ لِنَفْسِهِ . . .»
. . . نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص ایماندار نہ ہو گا جب تک اپنے بھائی کے لیے وہ نہ چاہے جو اپنے نفس کے لیے چاہتا ہے . . . [صحيح البخاري/كِتَاب الْإِيمَانِ: 13]
فہم الحدیث:
اس حدیث میں معاشرتی امن و سکون قائم کرنے کا ایک بہترین طریقہ بتایا گیا ہے کہ ہر انسان اپنے مسلمان بھائیوں کے لیے بھی وہی پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے، یعنی اگر وہ چاہتا ہے کہ اس کی عزت کی جائے تو دوسروں کی عزت کرے، اگر وہ چاہتا ہے کہ اسے کوئی نقصان نہ پہنچائے تو وہ دوسروں کو نقصان نہ پہنچائے، اگر چاہتا ہے کہ اس کے امن و امان کو کوئی تہ و بالا نہ کرے تو وہ دوسروں کے امن و امان کا بھی خیال رکھے وغیرہ وغیرہ۔ اگر تمام مسلمان اس طریقے کو اپنا لیں تو پھر اس میں کوئی شک نہیں کہ سارا اسلامی معاشرہ امن و سلامتی کا گہوارہ بن جائے گا۔
   جواہر الایمان شرح الولووالمرجان، حدیث/صفحہ نمبر: 28   

   الشيخ عبدالسلام بن محمد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1256    
مسلم بھائی کے لیے وہی پسند کرو جو اپنے لئے پسند کرو
«وعن انس رضى الله عنه عن النبى صلى الله عليه وآله وسلم قال: والذي نفسي بيده لا يؤمن عبد حتى يحب لجاره او لاخيه ما يحب لنفسه ‏‏‏‏ متفق عليه»
انس رضی اللہ عنہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم سے روایت کرتے ہیں کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی بندہ مومن نہیں ہوتا یہاں تک کہ اپنے ہمسائے کے لئے وہی پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے۔ متفق عليه۔ [بلوغ المرام/كتاب الجامع/باب الأدب: 1256]
تخریج:
[بخاري 13]،
[مسلم الايمان72]
یہ حدیث مسلم میں «حتي يحب الاخيه او قال لجاره» شک کے ساتھ ہے یعنی بھائی کے لئے یا فرمایا کہ ہمسائے کے لئے صحیح بخاری میں شک کے بغیر «حتى يحب لأخيه» کے الفاظ ہیں یعنی اپنے بھائی کے لئے پسند کرے۔
ابونعیم نے المستخرج میں ابراهيم الحربی کے طریق سے مسدد سے روایت کی ہے (جو کہ حدیث میں بخاری کے شیخ ہیں) وہ یحییٰ القطان سے وہ حسین المعلم سے (وہ قتادہ سے، وہ انس سے) روایت کرتے ہیں اس میں یہ لفظ ہیں:
«لا يومن عبد حتي يحب لاخيه ولجاره»
یعنی اپنے بھائی اور اپنے ہمسائے کے لئے پسند کرے۔
اسماعیلی نے روح کے طریق ہے حسین سے یہ لفظ روایت کئے ہیں:
«حتي يحب لاخيه المسلم ما يحب لنفسه من الخير»
یعنی اپنے مسلم بھائی کے لئے وہ خیر پسند کرے جو اپنے لئے پسند کرتا ہے اور پسند کرنے سے مراد خیر پسند کرنا ہے۔ اس روایت سے معلوم ہو گیا کہ بھائی سے مراد مسلم بھائی ہے۔ [فتح الباري ]

فوائد:
مومن نہیں ہوتا سے مراد اس حدیث میں یہ ہے کہ کامل مومن نہیں ہوتا جس طرح کہہ دیا جاتا ہے کہ فلاں شخص تو انسان ہی نہیں کیونکہ دوسری آیات و احادیث سے معلوم ہوتا ہے کہ چند اوصاف کے علاوہ کسی ایک وصف کی کمی سے کوئی شخص ایمان سے خارج نہیں ہوتا۔
➋ اس حدیث میں مسلم بھائی اور ہمسائے کے لئے وہی چیز پسند کرنے کو ضروری قرار دیا گیا جو آدمی خود اپنے لئے پسند کرتا ہو۔ ابن الصلاح فرماتے ہیں کہ بعض اوقات یہ چیز مشکل بلکہ ناممکن معلوم ہوتی ہے حالانکہ اگر آدمی اس بات کو محبوب رکھے کہ یہ نعمت جس طرح مجھے ملی ہے میری نعمت میں کمی کے بغیر میرے بھائی کو بھی مل جائے اور جس طرح اللہ تعالیٰ نے مجھ پر فضل کیا ہے میرے بھائی پر بھی فضل کر دے تو یہ چیز کچھ مشکل نہیں ہے مگر یہ مقام انہیں لوگوں کو حاصل ہوتا ہے جو قلب سلیم رکھتے ہیں دھو کے حسد اور کینے سے بھرے ہوئے نہیں ہیں، اللہ تعالیٰ ہمیں اور ہمارے بھائیوں کو عافیت میں رکھے۔ [نووي ]
اسی طرح یہ مقام متواضع لوگ حاصل کرتے ہیں ہر چیز میں دوسروں پر اونچا رہنے کے خواہش مند یہ مقام حاصل نہیں کر سکتے:
«تِلْكَ الدَّارُ الْآخِرَةُ نَجْعَلُهَا لِلَّذِينَ لَا يُرِيدُونَ عُلُوًّا فِي الْأَرْضِ وَلَا فَسَادًا وَالْعَاقِبَةُ لِلْمُتَّقِينَ» ‏‏‏‏ [ 28-القصص:83]
یہ آخری گھر ہم ان لوگوں کے لئے بناتے ہیں جو زمین میں نہ بلندی کا ارادہ رکھتے ہی نہ فساد کا اور اچھا انجام پرہیز گاروں کے لئے ہے۔



   شرح بلوغ المرام من ادلۃ الاحکام کتاب الجامع، حدیث/صفحہ نمبر: 82   

  علامه صفي الرحمن مبارك پوري رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث بلوغ المرام 1256  
´نیکی اور صلہ رحمی کا بیان`
سیدنا انس رضی اللہ عنہ نے روایت کیا ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: مجھے اس ذات اقدس کی قسم، جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک وہ اپنے ہمسایہ یا اپنے بھائی کیلئے بھی وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔ (بخاری ومسلم) «بلوغ المرام/حدیث: 1256»
تخریج:
«أخرجه البخاري، الإيمان، باب من الإيمان أن يحب لأخيه ما يحب لنفسه، حديث:13، ومسلم، الإيمان، باب الدليل علي أن من خصال الإيمان أن يحب لأخيه المسلم ما يحب لنفسه من الخير، حديث:45.»
تشریح:
1.اس حدیث میں تکمیل ایمان کے لیے ایک شرط بیان ہوئی ہے اور وہ یہ ہے کہ انسان جو چیز اپنے لیے پسند اور محبوب رکھے اپنے ہمسائے یا اپنے بھائی کے لیے بھی وہی چیز محبوب رکھے۔
2. یقینا ہر انسان کی خواہش ہے کہ اس کی عزت و توقیر کی جائے تو اس کی اپنے ہمسائے اور بھائی کے لیے بھی یہی سوچ ہونی چاہیے۔
جب اس کے دل میں یہ تمنا ہے کہ وہ امن و امان اور سلامتی سے رہے تو اپنے بھائی کے لیے بھی ایسی ہی سوچ ہونی چاہیے کہ وہ بھی امن و امان اور سلامتی سے رہے۔
جن افراد میں ایسی سوچ ہوگی وہ معاشرہ امن و سلامتی کا گہوارہ ہوگا۔
ترقی کی منزلیں طے کرے گا۔
معاشرے کا ہر فرد اپنی جگہ جب ایسے جذبات و احساسات رکھے گا تو لامحالہ معاشرے میں سکون و اطمینان ہوگا۔
بے چینی اور اضطراب نہیں ہوگا۔
ہر ایک دوسرے کا خیر خواہ اور ہمدرد ہوگا۔
اچھے معاشرے کا بھی یہی طرۂ امتیاز ہے۔
   بلوغ المرام شرح از صفی الرحمن مبارکپوری، حدیث/صفحہ نمبر: 1256   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5020  
´ایمان کی نشانی۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم، جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے! تم میں سے کوئی مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ اپنے بھائی کے لیے وہی بھلائی نہ چاہے جو اپنے لیے چاہتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الإيمان وشرائعه/حدیث: 5020]
اردو حاشہ:
خیر وبھلائی سے دنیا وعقبیٰ کی ہر خیر وبھلائی مراد ہے، طاعات سے لے کر جنت تک۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5020   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5020  
´ایمان کی نشانی۔`
انس رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: اس ذات کی قسم، جس کے ہاتھ میں محمد صلی اللہ علیہ وسلم کی جان ہے! تم میں سے کوئی مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ اپنے بھائی کے لیے وہی بھلائی نہ چاہے جو اپنے لیے چاہتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الإيمان وشرائعه/حدیث: 5020]
اردو حاشہ:
خیر وبھلائی سے دنیا وعقبیٰ کی ہر خیر وبھلائی مراد ہے، طاعات سے لے کر جنت تک۔
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5020   

  فوائد ومسائل از الشيخ حافظ محمد امين حفظ الله سنن نسائي تحت الحديث5042  
´مومن کی پہچان۔`
انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: تم میں سے کوئی مومن نہیں ہو سکتا جب تک کہ وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند نہ کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔‏‏‏‏ [سنن نسائي/كتاب الإيمان وشرائعه/حدیث: 5042]
اردو حاشہ:
عبارت یہاں بے محل ہے۔ حفض بن عمر کی بحث کا تعلق حدیث: 5000 سے ہے اور اس میں بھی راجح یہی ہے کہ یہ حفض بن عمر ہی ہے اور عبدالصمد کا دعوائے تصحیف درست نہیں۔دیکھییے(ذخیرۃ العقبی شرح سنن النسائی:37/249) دوسری بات حدیث: 5006سے متعلق ہے۔اس میں دعوی ٰ کیا گیا ہے کہ (واستقبلو ا قبلتنا ......) کا اضافہ حمید الطویل سے صرف عبد اللہ بن مبارک اور یحیٰ بن ایوب مصری بیان کرتے ہیں تو بھی درست نہیں کیونکہ محمد بن عیسیٰ بھی حمید الطویل سے یہ اضافہ نقل کرتے ہیں جیسا کہ باب تحریم الدم، حدیث3971 میں ہے۔تفصیل کے لیے دیکھیے (ذخیرۃ العقبیٰ شرح سنن النسائی:37/392)
   سنن نسائی ترجمہ و فوائد از الشیخ حافظ محمد امین حفظ اللہ، حدیث/صفحہ نمبر: 5042   

  الشیخ ڈاکٹر عبد الرحمٰن فریوائی حفظ اللہ، فوائد و مسائل، سنن ترمذی، تحت الحديث 2515  
´باب:۔۔۔`
انس رضی الله عنہ سے روایت ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: کوئی شخص مومن کامل نہیں ہو سکتا یہاں تک کہ وہ اپنے بھائی کے لیے وہی پسند کرے جو اپنی ذات کے لیے پسند کرتا ہے ۱؎۔ [سنن ترمذي/كتاب صفة القيامة والرقائق والورع/حدیث: 2515]
اردو حاشہ:
وضاحت:
1؎:
اس حدیث سے معلوم ہوا کہ مسلمانوں کو باہم ایک دوسرے کا خیر خواہ ہونا چاہیے،
اگر مسلمان اپنے معاشرہ کو خود غرضی رشوت،
بددیانتی،
جعل سازی،
لوٹ کھسوٹ وغیرہ سے پاک صاف رکھنا چاہتے ہیں تو انہیں اس حدیث کو اپنے لیے نمونہ بنا کر اس پر عمل کر نا ہوگا،
إن شاء اللہ جو بھی اخلاقی بیماریاں عام ہیں وہ ختم ہوجائیں گی،
ورنہ ذلت اوربد اخلاقی سے ہمیشہ دو چار رہیں گے۔
   سنن ترمذي مجلس علمي دار الدعوة، نئى دهلى، حدیث/صفحہ نمبر: 2515   

  الشيخ الحديث مولانا عبدالعزيز علوي حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث ، صحيح مسلم: 170  
حضرت انس بن مالک ؓ بیان کرتے ہیں کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اس ذات کی قسم جس کے ہاتھ میں میری جان ہے کوئی بندہ اس وقت تک مومن نہیں ہو سکتا جب تک اپنے پڑوسی، یا فرمایا اپنے بھائی کے لیے اس چیز کو پسند نہ کرے جسے وہ اپنے لیے پسند کرتا ہے۔ [صحيح مسلم، حديث نمبر:170]
حدیث حاشیہ:
فوائد ومسائل:
مقصد یہ ہے کہ ایمان کے اصل مقام تک پہنچنے کےلیے اور ا س کی خاص خیرات وبرکات کے حصول کی خاطر،
ضروری ہے کہ انسان خود غرضی سے پاک ہو،
اور اس کے دل میں اپنے مسلمان بھائی کےلیے اتنا جذبہ خیر خواہی اور ہمدردی موجود ہو(جیسا کہ نسائی کی روایت میں "من الخیر" کی تصریح موجود ہے)
کہ جب نعمت،
بھلائی اور جو بہتری وہ اپنے لیے چاہتا ہے وہی دوسرے بھائیوں کےلیے بھی چاہے،
یا جس طرح وہ اپنے احترام واکرام،
اپنے جذبات واحساسات کی پاسداری چاہتاہے اور اپنے ساتھ لوگوں کا جو رویہ اور طرز عمل پسند کرتا ہے،
اپنے دوسرے بھائیوں کےساتھ وہی رویہ اور سلوک اختیار کرے،
اور جو بات اور جو حال اور جو سلوک وہ اپنے ساتھ پسند نہیں کرتا،
دوسروں کے لیے بھی پسند نہ کرے،
اس کے بغیر وہ کامل ایمان دار نہیں ہو سکتا،
اس لیے صحیح ابن حبان کی ایک روایت میں ہے:
"لَا یَبْلُغُ الْعَبْدُ حقِیْقَةَ الإِیْمَانِ" بندہ ایمان کی حقیقت وکمال کو نہیں پا سکتا۔
یہ عربی کا اس طرح کا ایک روز مرہ یا عام محاورہ ہے جس طرح ہم اردو میں کسی برے اور غلط کار آدمی کو کہہ دیتے ہیں کہ اس میں تو انسانیت ہی نہیں ہے مقصد یہ ہوتا ہے کہ وہ اچھا اور معقول آدمی نہیں ہے۔
   تحفۃ المسلم شرح صحیح مسلم، حدیث/صفحہ نمبر: 170   

  الشيخ حافط عبدالستار الحماد حفظ الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث صحيح بخاري:13  
13. حضرت انس ؓ سے روایت ہے، وہ نبی اکرم ﷺ سے بیان کرتے ہیں کہ آپ نے فرمایا: تم میں سے کوئی شخص مومن نہیں ہو سکتا یہاں تک کہ اپنے بھائی کے لیے وہی چیز پسند کرے جو اپنے لیے پسند کرتا ہے۔ [صحيح بخاري، حديث نمبر:13]
حدیث حاشیہ:

اس حدیث میں ایمان کی نفی سے مراد کمال ایمان کی نفی مقصود ہے جیسا کہ عربی زبان میں کہاجاتا ہے:
(فلان ليس بإنسان)
فلاں شخص انسان نہیں ہے۔
اس سے مراد کامل انسان ہونے کی نفی ہے۔
اس سے معلوم ہوتا ہے کہ جومسلمان دیگرارکان اسلام کاخیال رکھتے ہوئے اس مبارک خصلت کو عمل میں لائے گا وہ مومن کامل ہوگا بصورت دیگر اس کا ایمان ناقص ہوگا۔
امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ کا مقصود بھی یہی ہے کہ ایمان کم وبیش ہوتا رہتا ہے۔
(فتح الباري: 80/1)

اس حدیث سے یہ بھی معلوم ہوا کہ ایک مسلمان جو چیز اپنے لیے ناپسند کرتا ہے وہ دوسرے بھائی کے لیے بھی ناپسند کرے۔
اگرچہ حدیث میں یہ الفاظ نہیں ہیں، تاہم اس کا متبادر مفہوم یہی ہے کیونکہ کسی چیز سے محبت رکھنے کا مطلب یہ ہوتا ہے کہ اس کی نقیض سے بغض ہو۔
(شرح الکرماني: 95/1)

اس خصلت کے کئی ایک فوائد ہیں:
(الف)
۔
تکبر ختم ہوگا۔
(ب)
۔
اسلامی اخوت پختہ ہوگی۔
(ج)
۔
شفقت ورحمت کا جذبہ پیدا ہوگا۔
(د)
۔
حسد کی بیخ کنی ہوگی۔
(ھ)
دوسروں کے عیوب کی پردہ پوشی کا خوگر ہوگا۔

امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے اس سے پہلے عنوانات میں اسلام کا لفظ استعمال کیا تھا کیونکہ بیان کردہ امور کا تعلق ظاہری افعال سے تھا جیسا کہ اطعام طعام اورافشائے سلام وغیرہ، لیکن اس باب میں ایمان کا لفظ استعمال فرمایا ہے کیونکہ محبت دل کا فعل ہے، اس لیے اس کی تعبیر میں ایمان ہی کا لفظ موزوں ہے کیونکہ اس کا تعلق بھی دل سے ہے۔

یہ حدیث اصلاح معاشرہ کے لیے بہت کیمیا اثر ہے۔
اگر اس حدیث پر عمل کرلیا جائے تو ان تمام فسادات کی جڑ کٹ جائے جو آج یہاں رونما ہو رہے ہیں کیونکہ جب بھی کوئی کسی کے ساتھ کوئی بھی معاملہ کرنا چاہتاہے، اس وقت سوچ لیا جائے کہ اگر میں اس کی جگہ ہوتا تو کیا میں اسے پسند کرتا جو خود میں اس کے ساتھ کرناچاہتا ہوں؟ اگراتنی سی سوچ پیدا ہوجائے تودنیا کا تمام فساد نیست ونابود ہوجائے۔

مصنف نے اس حدیث کی دو سندیں ذکر کی ہیں:
پہلی سند میں شعبہ نے قتادہ سے بصیغہ عن بیان کیا ہے جبکہ دوسری سند میں حسین معلم نے قتادہ سے بیان کرتے ہوئے صیغہ تحدیث (حَدَّثنَاَ)
استعمال کیا ہے، اس لیے امام بخاری رحمۃ اللہ علیہ نے دونوں کو جمع نہیں کیا بلکہ الگ الگ ذکر فرمایا ہے۔
اور چونکہ ان کے شیخ نے بھی ایسے ہی ذکر کیا تھا۔
   هداية القاري شرح صحيح بخاري، اردو، حدیث/صفحہ نمبر: 13