سیدہ اُم سلمہ رضی اللہ عنہا سے روایت ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے شانہ کھایا، پھر نماز پڑھی اور پانی کو ہاتھ نہیں لگایا (یعنی نہ ہاتھ دھوئے نہ کلّی وغیرہ کی)[صحيح ابن خزيمه/جُمَّاعُ أَبْوَابِ الْأَفْعَالِ اللَّوَاتِي لَا تُوجِبُ الْوُضُوءَُ/حدیث: 44]
تخریج الحدیث: «اسناده صحيح، الطبراني فى الكبير: 315/23، وفي مسند الشامين: 177/8، سنن ابن ماجه، باب الرخصة فى ذلك، رقم: 491، مسند احمد: 2172»
الشيخ محمد فاروق رفیع حفظہ اللہ، فوائد و مسائل، صحیح ابن خزیمہ ح : 44
فواند:
➊ یہ احادیث دلیل ہیں کہ آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد وضو کا حکم منسوخ ہو چکا ہے لٰہذا آگ پر پکی چیز کھانے سے وضو نہیں ٹوٹتا بلکہ اگر کھانے سے قبل وضو ہو تو آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد وضو کرنے کی کوئی ضرورت نہیں۔
➋ امام نووی رحمہ اللہ رقمطراز ہیں کہ جمہور سلف و خلف کا موقف ہے کہ آگ پر پکی چیز کھانا ناقض وضو نہیں ہے۔ چنانچہ ابوبکر صدیق، عمر بن خطاب، عثمان بن عفان، علی بن ابو طالب، عبد اللہ بن مسعود، ابو الدرداء، ابن عباس، عبد الله بن عمر، انس بن مالک، جابر بن سمرہ، زید بن ثابت، ابو موسیٰ، ابو ہریرہ، ابی بن کعب، ابو طلحہ، عامر بن ربیعہ، ابو امامہ اور عائشہ رضی اللہ عنہم کا بھی یہی مذہب ہے۔ جمہور تابعین کا بھی یہی موقف ہے اور مالک، شافعی، ابو حنیفہ، احمد، اسحاق بن راہویہ، یحیحیٰ بن یحییٰ اور ابوخثیمہ رحمہ بھی اس مذہب کے قائل ہیں لیکن عمر بن عبد العزیز، حسن بصری، زہری، ابو قلابہ اور ابو مجلز رحمہ اللہ کا موقف ہے کہ آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد شرعی وضو واجب ہے۔ ان کی دلیل یہ حدیث ہے کہ جس چیز کو آگ نے چھوا ہے (اس کے استعمال سے) وضو کرو۔
جب کہ جمہور علماء نے ان احادیث سے استدلال کیا ہے جن میں آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد ترکِ وضو کا بیان ہے، وہ ناسخ ہیں اور آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد وضو کرنے والی احادیث منسوخ ہیں۔ اور جمہور علماء نے اس حدیث (آگ پر پکی چیز کھانے سے وضو کرو) کے دو جواب دیئے ہیں:
1. یہ حدیث حدیثِ جابر رضی اللہ عنہ کی وجہ سے منسوخ ہے۔ [ابن خزيمه: 43]
2. وضو سے مراد منہ اور ہاتھ دھونا ہے۔
نیز علماء کا یہ باہمی اختلاف صدر اول میں تھا پھر اس کے بعد تمام علماء کا اس بات پر اجماع ہے کہ آگ پر پکی چیز سے وضو کرنا واجب نہیں ہے۔ [نووي: 42/4]
➌ آگ پر پکی چیز کھانے کے بعد وضو بہر حال مستحب ہے۔ منتقی الاخبار کے مصنف کہتے یہ نصوص [احاديث الباب] آگ پر پکی چیز استعمال کرنے کے بعد وضو کے وجوب کی نفی کرتی ہیں۔ استحباب کی نہیں۔ کیونکہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم نے اس سائل کو جس نے سوال کیا تھا کہ ہم بکری کے گوشت سے وضو کریں؟ فرمایا تھا: (تمہاری مرضی ہے) چاہے وضو کرو یا نہ کرو، اگر اس سے وضو مستحب نہ ہوتا تو آپ اسے وضو کرنے کی اجازت نہ دیتے، اس لیے کہ تب یہ اسراف اور صرف پانی کا ضیاع ہوتا۔ [نيل الاوطار: 228/1]
صحیح ابن خزیمہ شرح از محمد فاروق رفیع، حدیث/صفحہ نمبر: 44