الحمدللہ ! احادیث کتب الستہ آف لائن ایپ ریلیز کر دی گئی ہے۔    

1- حدیث نمبر سے حدیث تلاش کیجئے:



سنن ابي داود
كِتَاب السُّنَّةِ
کتاب: سنتوں کا بیان
31. باب فِي قِتَالِ الْخَوَارِجِ
31. باب: خوارج سے قتال کا بیان۔
حدیث نمبر: 4758
حَدَّثَنَا أَحْمَدُ بْنُ يُونُسَ، أخبرنا زُهَيْرٌ، وَأَبُو بَكْرِ بْنُ عَيَّاشٍ، وَمَنْدَلٌ، عَنْ مُطَرِّفٍ، عَنْ أَبِي جَهْمٍ، عَنْ خَالِدِ بْنِ وَهْبَانَ، عَنْ أَبِي ذَرٍّ، قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: مَنْ فَارَقَ الْجَمَاعَةَ شِبْرًا، فَقَدْ خَلَعَ رِبْقَةَ الْإِسْلَامِ مِنْ عُنُقِهِ".
ابوذر رضی اللہ عنہ کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جس نے جماعت ۲؎ سے ایک بالشت بھی علیحدگی اختیار کی تو اس نے اسلام کا قلادہ اپنی گردن سے اتار پھینکا۔ [سنن ابي داود/كِتَاب السُّنَّةِ/حدیث: 4758]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «‏‏‏‏تفرد بہ، أبوداود، (تحفة الأشراف: 11908)، وقد أخرجہ: مسند احمد (5/180) (صحیح)» ‏‏‏‏

وضاحت: ۱؎: خوارج جمع ہے خارجی کی، یہ ایک گمراہ فرقہ ہے، یہ لوگ علی رضی اللہ عنہ کے ساتھ تھے پھر ان کے لشکر سے نکل کر فاسد عقیدے اختیار کئے اور آپ کے خلاف قتال کیا، ان کا عقیدہ ہے: کبیرہ گناہ کا مرتکب کافر ہے، یہ لوگ علی،عثمان، معاویہ اور عائشہ رضی اللہ عنہم وغیرہم کی تکفیر کرتے ہیں، علی اور معاویہ نے ان لوگوں سے قتال کیا اور ان کے فتنہ کا سد باب کیا۔
۲؎: امام جماعت سے یا مسلمانوں کے اجتماعی معاملہ سے علیحدگی اختیار کی وہ گمراہی و ہلاکت کا شکار ہوا۔

قال الشيخ الألباني: صحيح

قال الشيخ زبير على زئي: إسناده حسن
مشكوة المصابيح (185)
خالد بن وھبان حسن الحديث ورواه ابن أبي عاصم في السنة (1053 وسنده صحيح) ولفظه: ’’من فارق الجماعة والإسلام فقد خلع ربقة الإسلام من عنقه‘‘

   سنن أبي داودمن فارق الجماعة شبرا فقد خلع ربقة الإسلام من عنقه
   مشكوة المصابيحمن فارق الجماعة شبرا فقد خلع رقة الإسلام من عنقه

سنن ابی داود کی حدیث نمبر 4758 کے فوائد و مسائل
  الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 4758  
فوائد ومسائل:
جماعة سے مراد اہل السنتہ والجماعتہ ہیں جو عقیدہ توحید اور تمسک بالسنہ کو دین کی بنیاد مانتے ہیں، اسی پر آپس میں متحدہ متفق ہیں۔

2:مسلمانوں کے حاکم سے کوئی گناہ اور غلطی ہو جائے تو اس کے خلاف بغاوت کرنا جائز نہیں الا یہ کہ وہ صریح کفر کا مرتکب ہو یا جب وہ نفاذدین کے راستے سے انحراف کریں۔
   سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 4758   

تخریج الحدیث کے تحت دیگر کتب سے حدیث کے فوائد و مسائل
  حافظ زبير على زئي رحمه الله، فوائد و مسائل، تحت الحديث مشكوة المصابيح 185  
´مسلمان جماعت سے دوری کے مفاسد`
«. . . ‏‏‏‏وَعَنْ أَبِي ذَرٍّ قَالَ: قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «مَنْ فَارَقَ الْجَمَاعَةَ شبْرًا فقد خلع رقة الْإِسْلَامِ مِنْ عُنُقِهِ» . رَوَاهُ أَحْمَدُ وَأَبُو دَاوُدَ . . .»
. . . سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے انہوں نے آ کر کہا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: جو شخص مسلمانوں کی جماعت سے ایک بالشت بھی الگ ہو گیا یعنی تھوڑی ہی دیر کے لیے مسلمانوں کی جماعت سے جدا ہو گیا تو اس نے اپنی گردن سے اسلام کے پٹے کو نکال کر پھینک دیا ہے۔ (یعنی مسلمانوں کی جماعت سے علیحدہ ہونے سے اسلامی ذمہ کو بہت جلد باہر ڈال دے گا)۔ اس حدیث کو احمد نے روایت کیا ہے۔ . . . [مشكوة المصابيح/كِتَاب الْإِيمَانِ: 185]

تحقیق الحدیث
حسن ہے۔
اس روایت کی سند خالد بن وہبان کے مجہول الحال ہونے کی وجہ سے ضعیف ہے۔
خالد مذکور کو حافظ ابن حبان نے کتاب الثقات [207/4] میں ذکر کر کے کہا:
وہ ابوذر الغفاری کا خالہ زاد تھا، اس سے لوگوں نے روایت کی ہے۔
حاکم نے اسے تابعی معروف یعنی مشہور تابعی قرار دیا۔
سیدنا الحارث الاشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ و سلم نے فرمایا:
«فانه من فارق الجماعة قيد شبر فقد خلع ربقة الاسلام من عنقه الا ان يرجع»
بے شک جو شخص بالشت برابر جماعت سے دور ہوا تو اس نے اسلام کا طوق اپنی گردن سے اتار پھینکا، الا یہ کہ وہ رجوع کر لے یعنی واپس آ جائے۔ [سنن الترمذي: 2863 وقال: هذا حديث حسن صحيح غريب وسنده صحيح، الشريعة للآجري 287/1ح 7 وسنده صحيح، دوسرا نسخه ص 8]
اس شاہد کے ساتھ درج بالا حدیث بھی حسن ہے۔

فائدہ:
خالد بن وہبان کی بیان کردہ حدیث کتاب [السنة لابن ابي عاصم 1053] میں «من فاروق الجماعة والاسلام فقه خلع ربقة الاسلام من عنقه» (جس نے اسلام اور جماعت سے جدائی اختیار کی تو اس نے اسلام کا طوق اپنی گردن سے نکال پھینکا۔) کے متن سے موجود ہے۔

فقہ الحدیث:
➊ اجماع شرعی حجت ہے۔
➋ خلیفہ اور مسلمان حکمرانوں کے خلاف بغاوت کرنا جائز نہیں بلکہ کبیرہ گناہ ہے الا یہ کہ فریقین یا ایک فریق کسی اجتہادی خطا میں مبتلا ہو تو وہ معذور ہے۔
➌ سلف صالحین کے متفقہ فہم کے خلاف ہر قسم کی تشریح، تاویل اور استدلال مردود ہے۔
➍ باجماعت نماز قائم کرنے کا ہمیشہ اہتمام کرنا چاہئے۔
➎ امت اجابت میں گمراہی کی اصل وجوہات چار ہیں:
اول:
قرآن و حدیث اور اجماع کا انکار (مثلا تکفیری خوارج، معتزلہ اور منکرین حدیث وغیرہ)
دوم:
سلف صالحین کے متفقہ فہم سے فرار (مثلاً جہمیہ، مرجیہ، روافض اور قدریہ وغیرہ)
سوم:
تاویلات باطلہ اور مردود روایات سے پیار (مثلا اہل بدعت اور اہل شرک کے تمام گروہوں کا طرز عمل)
چہارم:
علمائے حق اور اہل حق سے برسرپیکار (مثلاً تکفیری اور تنفیری خوارج وغیرہ)
➏ نصوص شرعیہ کا یہ لازمی تقاضا ہے کہ مسلمانوں میں ہمیشہ اتفاق ہو۔
➐ سورۃ الحجرات کی آیت نمبر 9 سے ثابت ہے کہ باغی بغاوت کی وجہ سے کافر نہیں ہوتا بلکہ اہل ایمان میں شامل رہتا ہے، لہٰذا دوسری نصوص شرعیہ کو چھوڑ کر صرف وعید و تشدید والے دلائل کی وجہ سے تکفیر کرنا باطل ہے۔

فائدہ:
تکفیری ان لوگوں کو کہتے ہیں جو صحیح العقیدہ مسلمانوں کی تکفیر کرتے ہیں اور تنفیری ان لوگوں کو کہا جاتا ہے جو صحیح العقیدہ مسلم علماء کی توہین و تنقیص کرتے ہیں۔
   اضواء المصابیح فی تحقیق مشکاۃ المصابیح، حدیث/صفحہ نمبر: 185