جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”سمندر جس مچھلی کو باہر ڈال دے یا جس سے سمندر کا پانی سکڑ جائے تو اسے کھاؤ، اور جو اس میں مر کر اوپر آ جائے تو اسے مت کھاؤ“۔ ابوداؤد کہتے ہیں: اس حدیث کو سفیان ثوری، ایوب اور حماد نے ابو الزبیر سے روایت کیا ہے، اور اسے جابر پر موقوف قرار دیا ہے اور یہ حدیث ایک ضعیف سند سے بھی مروی ہے جو اس طرح ہے: «عن ابن أبي ذئب عن أبي الزبير عن جابر عن النبي صلی اللہ علیہ وسلم » ۔ [سنن ابي داود/كِتَاب الْأَطْعِمَةِ/حدیث: 3815]
تخریج الحدیث دارالدعوہ: «سنن ابن ماجہ/الصید 18 (3247)، (تحفة الأشراف: 2657) (ضعیف)» (اس کے راوی یحییٰ حافظہ کے کمزور، اور ابو الزبیر مدلس ہیں اور عنعنہ سے روایت کئے ہوئے ہیں)
قال الشيخ الألباني: ضعيف
قال الشيخ زبير على زئي: ضعيف إسناده ضعيف ابن ماجه (3247) أبو الزبير عنعن انوار الصحيفه، صفحه نمبر 136
الشيخ عمر فاروق سعيدي حفظ الله، فوائد و مسائل، سنن ابي داود ، تحت الحديث 3815
فوائد ومسائل: فائدہ: یہ روایت سندا ضعیف ہے۔ تاہم از خود مرنے والی مچھلی حلال ہے۔ جیسا کہ صحیح بخاری ومسلم میں جیش الخبط کا معروف واقعہ مذکور ہے۔ کہ حضرت ابو عبیدہ کی زیر قیادت اس لشکر کو ابتداء میں انتہائی مشقت کا سامنا کرنا پڑا۔ بڑی سخت بھوک برداشت کرنی پڑی۔ مگر بعد میں انھیں سمندر کے کنارے بہت بڑی مچھلی مل گئی۔ جس کوو ہ دو ہفتے تک کھاتے رہے۔ اور بعض لوگ اس کا کچھ حصہ بچا کر مدینے بھی لے آئے۔ جو رسول اللہ ﷺ کی خواہش پر آپﷺ کو بھی پیش کیا گیا۔ اور آپﷺنے اسے تناول فرمایا۔ (صحیح البخاري، المغازي، حدیث: 4360 ومابعد) آگے حدیث 3840 میں تفصیل آرہی ہے۔
سنن ابی داود شرح از الشیخ عمر فاروق سعدی، حدیث/صفحہ نمبر: 3815