´ھبہ عمری اور رقبی کا بیان`
سیدنا ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ” ہبہ کر کے اسے واپس لینے والا اس کتے کی طرح ہے جو خود قے کرتا ہے اور پھر اسے کھا لیتا ہے۔“ (بخاری و مسلم) اور بخاری کی ایک روایت میں ہے کہ ” ہمارے لیے اس سے بری مثال اور کوئی نہیں کہ جو شخص اپنے ہبہ کو دے کر واپس لیتا ہے وہ اس کتے کی مانند ہے جو خود ہی قے کرتا ہے اور پھر اس کی طرف رجوع کرتا ہے۔“ «بلوغ المرام/حدیث: 789»
تخریج: «أخرجه البخاري، الهبة، باب هبة الرجل لامرأته والمرأة لزوجها، حديث:2589، ومسلم، الهبات، باب تحريم الرجوع في الصدقة بعد القبض، حديث:1622.»
تشریح:
یہ حدیث ہبہ کردہ چیز کو واپس لینے کی حرمت پر دلالت کرتی ہے‘ البتہ والد اپنی اولاد کو دیے ہوئے ہبہ کے بارے میں اس سے مستثنیٰ ہے جیسا کہ آئندہ حدیث میں موجود ہے۔
مگر احناف کا مذہب یہ ہے کہ ہبہ کردہ چیز کو واپس لینا حلال ہے اور بعض احناف نے اس حدیث کی یہ تاویل کی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد گرامی کَالْکَلْبِ… اس کی عدم حرمت پر دلالت کرتا ہے‘ اس لیے کہ کتا تو غیر مکلف ہے اور اس کی اپنی قے اس کے لیے حرام نہیں ہے۔
ہم کہتے ہیں کہ جب کتا غیر مکلف ہے تو یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ اس کی قے اس کے لیے حلال ہے یا حرام کیونکہ تحلیل و تحریم ان فروع میں سے ہے جس کا کسی کو مکلف بنایا گیا ہو جیسا کہ شجر و حجر
(درخت اور پتھر) کے بارے میں یہ کہنا صحیح نہیں ہے کہ وہ اندھا یا بینا ہے‘ اس لیے کہ وہ اندھے پن اور بصارت کا محل ہی نہیں‘ لہٰذا اس حدیث میں تشبیہ‘ تحلیل یا تحریم کے اعتبار سے نہیں ہے۔
اور جب یہ تشبیہ‘ تحلیل و تحریم کے اعتبار سے نہیں ہے تو پھر یہ تحلیل و تحریم کے لیے سرے سے دلیل ہی نہیں بن سکتی۔
تحریم تو نص صریح سے ثابت ہے‘ اس لیے اسی کو دلیل بنانا چاہیے۔
اور جہاں تک تشبیہ کا تعلق ہے تو اس سے مقصود اس حرام فعل کی قباحت بیان کرنا‘ اس سے نفرت دلانا‘ اس کی شدید خباثت کا اظہار کرنا اور بدہیبت منظر کی صورت پیش کرنا ہے۔
افسوس! انسان کیسے پسند کرے گا کہ وہ کتے کے درجہ تک پہنچ جائے‘ پھر اس درجہ تک اتر جائے کہ پہلے قے کرے اور پھر اپنی قے چاٹ لے۔