عمرو بن سلیم نے کہا: مجھے حضرت ابو حمید ساعدی رضی اللہ عنہ نے بتایا کہ انہوں (صحابہ) نے کہا: اے اللہ کے رسول! ہم آپ پر صلاۃ کیسے بھیجیں؟ آپ نے فرمایا: ”کہو: اے اللہ! رحمت فرما محمد پر اور آپ کی ازواج اور آپ کی اولاد پر، جیسے تو نے ابراہیم کی آل پر رحمت فرمائی اور برکت نازل فرما محمد پر اور آپ کی ازواج اور آپ کی اولاد پر، جیسے تو نے برکت نازل فرمائی ابراہیم کی آل پر، بلاشبہ تو سزا وار حمد ہے، عظمتوں والا ہے۔“
حضرت ابو حمید ساعدی رضی اللہ تعالیٰ عنہ سے روایت ہے کہ صحابہ کرام رضی اللہ تعالیٰ عنہم نے پوچھا، اے اللہ کے رسول صلی اللہ علیہ وسلم ! ہم آپصلی اللہ علیہ وسلم پر صلٰوة کیسے بھیجیں؟ آپصلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ”یوں کہو: اے اللہ رحمت و عنایت فرما محمد صلی اللہ علیہ وسلم آپصلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں اور آپصلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد پر جیسے کہ تو نے رحمت و عنایت فرمائی، ابراہیم علیہ السّلام کے گھرانے پر اور برکتیں نازل فرما، محمد صلی اللہ علیہ وسلم پر اور آپصلی اللہ علیہ وسلم کی بیویوں اور آپصلی اللہ علیہ وسلم کی اولاد پر جیسے کہ تو نے برکتیں نازل فرمائی ہیں، ابراہیم علیہ السّلام کے گھر والوں پر، بے شک تو حمد کے لائق اور بزرگ ہے۔“