باب اور حدیث میں مناسبت:
امام بخاری رحمہ اللہ نے ترجمۃ الباب میں یہ ارشاد فرمایا کہ کون سی مسجد زمین پر پہلے بنائی گئی، تحت الباب میں جس حدیث کا ذکر فرمایا ہے اس میں مطلق طور پر بھی کسی مسجد کا ذکر نہیں، بلکہ وہاں تو احد پہاڑ کا ذکر موجود ہے، لہٰذا ترجمۃ الباب سے حدیث کی مناسبت ظاہر نہیں ہوتی، لیکن اسی باب کے تحت جو حدیث سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے، اس میں بآسانی مناسبت کا پہلو موجود ہے۔۔۔۔ مگر انس رضی اللہ عنہ والی حدیث میں مناسبت مشکل ہے۔
لیکن اگر غور کیا جائے تو حدیث کا تعلق باب سے دو جگہوں پر ہوتا ہے۔
الف: ترجمۃ الباب میں ہے کہ کون سی مسجد پہلے زمین پر تعمیر کی گئی؟
تو دلیل کے طور پر مسجد حرام اور مسجد اقصیٰ کے بارے میں حدیث پیش فرمائی، یعنی یہاں پر مناسبت یہ ہے کہ ترجمۃ الباب سوالیہ کے طور پر تھا، لہٰذا حدیث اس کا جواب مہیا کرتی ہے کہ وہ مسجد مکہ میں ہے، یعنی مسجد حرام، لہٰذا یہاں سے سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ کی حدیث باب سے مطابقت رکھتی ہے۔
ب: سیدنا انس رضی اللہ عنہ کی جو حدیث ہے کہ احد پہاڑ ہم سے محبت رکھتا ہے اور ہم بھی اس سے محبت کرتے ہیں، یہاں پر مناسبت یہ ہے کہ جس جگہ مسجد حرام ہے، یعنی مکہ کی سرزمین پر تو احد پہاڑ بھی مکے کی سرزمین پر ہی واقع ہے، لہٰذا یہاں پر ایک باریک مناسبت قائم ہوتی ہے۔
سیدنا انس رضی اللہ عنہ والی حدیث کا تعلق ایک اور طریقے سے بھی ہے، وہ یہ ہے کہ بعض لوگوں کا یہ خیال ہے کہ بیت اللہ کی سب سے پہلی تعمیر سیدنا ابرہیم علیہ السلام نے فرمائی اور مسجد اقصیٰ کی تعمیر سیدنا سلیمان علیہ السلام نے فرمائی، لیکن امام بخاری رحمہ اللہ بڑی ہی باریک بینی سے یہاں یہ رد فرما رہے ہیں کہ ایسا نہیں ہے، بلکہ اول تعمیر ان سے پہلے ہو چکی تھی، اسی لئے سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ والی حدیث پیش فرمائی تاکہ یہ اشکال ذہنوں سے دور ہو جائے، ترجمۃ الباب کے ذریعے امام بخاری رحمہ اللہ یہ واضح کرنا چاہتے ہیں کہ اول تعمیر مسجد حرام کی سیدنا ابراہیم علیہ السلام نے نہیں فرمائی اور احد پہاڑ والی حدیث کی مناسبت بھی یہی ہے کہ اس میں ابراہیم علیہ السلام کا نام نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے لیا ہے۔
علامہ عینی رحمہ اللہ لکھتے ہیں:
«مطابقة للترجمة فى قوله: ان ابراهيم»
”یعنی ترجمۃ الباب کی مطابقت حدیث کے اس لفظ سے ہے، بےشک ابراہیم۔۔۔
“
لہٰذا یہیں سے ترجمۃ الباب اور حدیث میں مناسبت قائم ہوتی ہے۔
ایک اشکال اور اس کا جواب
موجودہ دور کے منکرین حدیث سرسری مطالعے کے پیش نظر صحیح بخاری کی اس حدیث پر اشکالات وضع کرتے ہیں اور احادیث سے مسلمانوں کو بدظن کرنے میں مصروف العمل ہیں یہاں پر یہ شبہ ظاہر کیا گیا ہے کہ کعبہ کی تعمیر تو ابراہیم علیہ السلام نے فرمائی تھی اور مسجد اقصیٰ کی تعمیر سلیمان علیہ السلام نے تو پھر ان دونوں کے درمیان چالس سال کا وقفہ کس طرح مستند ہو گا؟ حالانکہ ان دونوں نبیوں کے مابین ہزار سال سے زیادہ کا وقفہ ہے، لہٰذا یہ حدیث درست نہیں ہے۔
الجواب: یاد رکھا جائے، مذکورہ بالا حدیث جو سیدنا ابوذر رضی اللہ عنہ سے مروی ہے اس میں اول تعمیر کا ذکر ہے اور یہ تعمیر آدم علیہ السلام ہی کے دور میں ہوئی تھی،
چنانچہ شارحین لکھتے ہیں:
«ويرتفع الاشكال بأن يقال الاية والحديث لا يدلان على بناء ابراهيم وسليمان لما بنيا ابتداء وضعهما لهما بل ذاك تجديد لما كان اسسه غيرهما وبدأه وقد روي ان اول من بنى البيت آدم وعلى هذا فيجوز ان يكون عنده من ولده وضع بيت المقدس من بعده باربعين . انتهي . . . . .»
”یعنی آیت اور حدیث پر اعراض اس طرح سے دور کیا جا سکتا ہے کہ ہر دو
(آیت اور حدیث) اس امر پر دلالت نہیں کرتی ہیں کہ ان ہر دو کی
(بیت اللہ اور بیت المقدس) کی ابتدائی بنیاد ابراہیم علیہ السلام اور سلیمان علیہ السلام نے رکھیں، بلکہ حقیقت یوں ہے کہ ان دونوں مسجدوں کی بنیاد ان دونوں کے علاوہ رکھی گئی ہے اور یہ دونوں ابراہیم علیہ السلام اور سلیمان علیہ السلام ان ہر دو مقامات کی تجدید کرنے والے ہیں اور یہ مروی ہے کہ ابتداء میں بیت اللہ کو سیدنا آدم علیہ السلام نے اس کی بنیاد رکھی تھی۔
“
امام بیہقی رحمہ اللہ اپنی مشہور کتاب
”الدلائل
“ میں سیدنا عبداللہ بن عمرو رضی اللہ عنہ سے مرفوعاً حدیث نقل فرماتے ہیں کہ:
«بعث الله جبريل الي آدم فأمره ببناء البيت، فبناه آدم، ثم اثره بالطواف به، وقيل له انت اول الناس، وهذا اول بيت وضع للناس .»
”یعنی اللہ تعالیٰ نے جبریل علیہ السلام کو آدم علیہ السلام ک طرف بھیجا، اور آپ کو مسجد کی تعمیر کا حکم دیا، پھر آدم علیہ السلام نے اس کی تعمیر فرمائی، پھر آپ کو اس کے طواف کا حکم ملا اور کہا گیا کہ آپ پہلے لوگوں میں سے ہیں جس نے عبادت کی غرض سے لوگوں کے لئے گھر بنایا۔
“
اس حدیث سے یہ اشکال دور ہوتا ہے کہ سب سے پہلے بیت اللہ جس نے تعمیر کی، وہ آدم علیہ السلام تھے نہ کہ ابراہیم علیہ السلام، کیوں کہ حدیث میں تجدید تعمیر کا ذکر نہیں ہے بلکہ تاسیس تعمیر کا ذکر ہے۔
حافظ ابن حجر رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«اول البناء ووضع أساس المسجد و ليس ابراهيم أول من بني الكعبة و لا سليمان أول من بني بيت المقدس فقد روينا ان اول من بني الكعبة آدم ثم انتشر ولده فى الارض .»
”سب سے پہلی بنیاد مسجد کی رکھنے والے ابراہیم علیہ السلام نہیں ہیں اور نہ ہی مسجد اقصیٰ کی پہلی بنیاد رکھنے والے سلیمان علیہ السلام ہیں، بلکہ روایت کے مطابق مسجد حرام کی سب سے پہلی بنیاد آدم علیہ السلام نے رکھی، پھر اس کے بعد ولد آدم علیہ السلام زمین میں پھیلی۔
“
امام القرطبی رحمہ اللہ فرماتے ہیں:
«ان الحديث لا يدل على أن ابرهيم وسليمان لما بنيا المسجدين ابتدا وضعتهما لهما، بل ذالك تحدير لما كان اسسه غيرهما .»
”یقیناً حدیث اس بات پر دلالت نہیں کرتی کہ مسجد حرام اور مسجد اقصیٰ کی اولین بنیاد ابراہیم علیہ السلام اور سلیمان علیہ السلام نے رکھی، بلکہ
(حدیث اس پر دال ہے کہ) انہوں نے مسجدوں کی تجدید کی تھی جو ان سے پہلے بنائی گئی تھیں۔
“
امام عبدالرزاق رحمہ اللہ فرماتے ہیں کہ:
”عطاء، سعید بن مسیب، عمرو بن دینار اور امام معمر رحمها اللہ فرماتے ہیں کہ کعبہ کو سب سے پہلے آدم علیہ السلام نے بنایا تھا۔
“
لہٰذا حدیث زیر بحث میں جن عمارتوں کا ذکر ملتا ہے، وہ آدم علیہ السلام کی تعمیر کردہ ہیں، جو کہ چالیس سال کے وقفے میں رکھی گئیں، نہ کہ یہ عمارتیں ابراہیم علیہ السلام اور سلیمان علیہ السلام کی ہیں۔
لہٰذا حدیث پر اعتراض فضول ہے۔